١٣ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی۔ آئینی بینچ نے دیگر تمام مقدمات کی سماعت موخر کرتے ہوئے صرف فوجی عدالتوں کے مقدمے کی سماعت جاری رکھی۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آج صرف فوجی عدالتوں والا مقدمہ ہی سنا جائے گا۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ کی جن دفعات کو کالعدم قرار دیا گیا، وہ آئین کے مطابق ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا، “کیا آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے ہر شخص کو اس کے دائرے میں لایا جا سکتا ہے؟” ساتھ ہی جسٹس محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ عدالتی فیصلے میں دفعات کالعدم کرنے کی وجوہات کیا ہیں؟
خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ عمومی طور پر کالعدم ہونے سے پہلے متعلقہ دفعات پر ہونے والے فیصلوں کو تحفظ دیا جاتا ہے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اگر ایسا کیا جائے تو یہ ان ملزمان کے ساتھ تعصب ہوگا جن کے مقدمات زیر غور ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں تمام ضروری تفصیلات آج صبح ہی موصول ہوئیں جو باضابطہ طور پر متفرق درخواست کی صورت میں جمع کرائی جائیں گی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ فوجی ملازمین کے قواعد و ضوابط کے لیے بنایا گیا تھا اور فوجی عدالتوں میں بنیادی حقوق کا اطلاق نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں کے دائرہ کار کو سمجھنے کی ضرورت ہے، جبکہ خواجہ حارث نے کہا کہ بنیادی حقوق جرم کے ارتکاب پر ہی ختم ہوتے ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا، “فی الحال تو ہمارے سامنے معاملہ صرف کور کمانڈر ہاؤس کا ہے۔” عدالت نے مزید کہا کہ اگر کیس کو صرف کور کمانڈر ہاؤس تک محدود رکھنا ہے تو اس کی وضاحت کی جائے۔
سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو 85 ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ فیصلے سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمے کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ہائی کورٹس میں اپیلوں کا حق انٹرا کورٹ اپیل کے فیصلے تک معطل رہے گا، اور اپیل کی مدت حتمی فیصلے کے بعد شروع ہوگی۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا مقدمہ جنوری میں مکمل ہونے کی امید ہے، اور اس کے بعد چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں جنوری کے دوسرے ہفتے میں سننے کا عندیہ دیا۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ جن ملزمان کو سزاؤں میں رعایت مل سکتی ہے انہیں رہا کیا جائے، جبکہ جنہیں رہا نہیں کیا جا سکتا انہیں سزا کے بعد جیل منتقل کیا جائے۔ سماعت کو موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ کے آج کے اس فیصلے پر کراچی سے سینئر قانون دان معیز جعفری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس بینچ نے پہلے سویلینز کے ٹرائل کو غیرقانونی قرار دیا تھا اس سے بھی آج کے اس فیصلے پر یقینی تنقید کا سامنا ہوگا جبکہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف فیصلوں میں تاخیر ہے بلکہ بینچ بھی تاخیر سے بن رہے ہیں۔ معیز جعفری کے مطابق آج کا یہ فیصلہ کسی پریشر کا نتیجہ لگ رہا ہے۔ اس سے قبل عدالت کا ایک فیصلہ ملزمان کے حق میں آ چکا ہے، لہٰذا سپریم کورٹ آج کے اس فیصلے سے پہلے ان تمام افراد کو ضمانت بھی دے سکتی تھی لیکن اس کے بجائے عدالت نے ملٹری اتھارٹی کو تقویت دینا مناسب سمجھا۔
پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل دانش آفریدی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سویلینز کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونا قانون، آئین اور عدلیہ کے لئے اچھی نشاندہی نہیں گوکہ 9 مئی کا واقعہ ہونا بھی کوئی اچھی بات نہیں تھی۔ اگر ان ملزمان کی ایف آئی آر میں سیون اے ٹی اے لگا ہوا ہے تو ان کے مقدمات انسداد دہشتگردی عدالت میں چلنےچاہئیں۔
انہوں نے اسی کیس سے جڑے ادریس خٹک کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوا تھا، پھر اس کو بھی ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کا اگر آج 9 مئی والوں کا ملٹری عدالت میں ٹرائل ہوتا ہے تو کل کو عمران خان سمیت کسی بھی سیاستدان یا پھر عام سویلین کا ٹرائل بھی فوجی عدالتوں میں ہوسکتا ہے۔ ملٹری عدالت میں ملٹری کا ٹرائل ہونا چاہیے، سویلینز کے ٹرائل کےلیےپہلے سے عدالتیں موجود ہیں۔