۱۰ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
جمعہ کے روز سپریم کورٹ کے سات رکنی آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کیا۔
جبکہ عدالت کے ججز نے مختلف قانونی اور آئینی نکات پر سوالات اٹھائے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آرمی ایکٹ اور دیگر قوانین میں واضح فرق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین تمام بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور قانون میں معقول وضاحت دی گئی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کورٹ مارشل کا ایک واضح طریقہ کار موجود ہے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ انہوں نے خود بلوچستان میں کئی کورٹ مارشل کیے ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ جو افسر ٹرائل چلاتا ہے، وہ فیصلہ کیسے سناتا ہے جب اس نے خود سماعت نہیں کی؟ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کیا فوجی افسران میں اتنا تجربہ اور عبور ہوتا ہے کہ وہ موت کی سزا تک کا تعین کرسکیں؟
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے طریقہ کار اور مراحل واضح کیے جائیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ملٹری کورٹس کے ٹرائل کی مثال پیش کریں، اور پوچھا کہ کیا یہ سویلین عدالتوں جیسا ہوتا ہے؟
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں مرضی کے وکیل کی سہولت دی جاتی ہے، اور ملزم کے ساتھ ایک افسر بطور دوست بھی مقرر کیا جاتا ہے۔
خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ آرمی ایکٹ ایک خصوصی قانون ہے اور اس کے تحت ٹرائل کا طریقہ کار عام عدالتوں سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں واضح طریقہ کار بتایا گیا ہے اور دنیا بھر میں کورٹ مارشل میں آفیسر کے ساتھ ایڈوکیٹ جنرل موجود ہوتا ہے، ہائی جیکنگ آرمی ایکٹ کا حصہ نہیں ہے، لیکن اگر کوئی فوجی لڑاکا طیارہ ہائی جیک ہو تو آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی کے واقعات میں کل ملزمان کی تعداد پانچ ہزار کے قریب تھی۔ ان میں سے 105 ملزمان کو فوجی عدالتوں میں لے جایا گیا کیونکہ ان کی جائے وقوعہ پر موجودگی کے ٹھوس شواہد تھے۔جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ نو مئی کی ایف آئی آرز میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل تھیں، پھر فوجی عدالتوں نے ان پر کارروائی کیسے کی؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ملٹری کورٹس نے صرف ان ملزمان کو لیا جن کی جائے وقوعہ پر موجودگی ثابت تھی۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلے کی اپیل میں صرف بدنیتی اور دائرہ اختیار دیکھا جا سکتا ہے، میرٹس زیر بحث نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں جن کے خلاف فیصلہ آئے، انہیں دیگر عدالتوں میں اپیل کا حق ہونا چاہیے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔