تحریر: عصمت اللہ نیازی
لاہور
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جولائی 2023 میں ایک بیان کے ذریعے اُس وقت دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا جب اُس سال جولائی کا مہینہ تاریخ کا گرم ترین مہینہ رہا۔ خاص کر یورپ میں گرم ترین مہینہ ہونے کا ریکارڈ قائم کر گیا، جس سے سے لاکھوں لوگ متاثر ہوے بلکہ جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ نے کینیڈا اور جنوبی یورپ کے کچھ حصوں کو جھُلسا کر رکھ دیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے موحولیاتی تبدیلی اور موسم کی اس شدت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی خوفناک ہو گئی ہے اور یہ ابھی صرف آغاز ہے۔ اب گلوبل وارمنگ کا دور ختم ہو چکا، کیونکہ زمین عالمی سطح پر ابلنے کے عہد میں داخل ہو چکی ہے۔
اور وہی ہوا کہ 2023 اور 2024 دونوں موسمیاتی تبدیلیوں کے لئے انتہائی تباہ کُن سال ثابت ہوے کیوں ان دو سالوں میں نہ صرف گرمی کی حدت میں اضافہ ہوا بلکہ ، شدید موسمیاتی تبدیلیوں نے گرمی کے موسم کو طویل تر کر دیا اور موسم سرما مسلسل سکڑنے کا شکار ہوگیا ہے
پاکستان اور بھارت بدترین اسموگ کے چُنگل میں پھنسے ہیں تو امریکا اور ایشیاء سمندری طوفانوں کی زد میں ہیں، یورپ اور بعض امریکی علاقے شدید برفباری کی لپیٹ میں بھی ہیں، کہیں سمندر بپھر رہے ہیں تو کہیں جنگلات آتشزدگی کا شکار ہیں- امریکہ کی سب سے امیر ریاست کیلیفورنیا کی بڑی آبادی تاریخ کی بدترین آگ میں اس وقت بھی لپٹی ہے اور آگ بجھانے کی جدید مشنیری اور تجربہ کار عملہ اس بد ترین آگ پر اب تک قابو پانے کے لئے کئی دنوں سے کوشاں ہے۔
پاکستان دنیا کے اُن ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کا بد ترین شکار ہے۔ 2024 کا سال جہاں دنیا کے لئے گرم ترین سال ثابت ہوا وہاں پاکستان میں بھی گرمی اپنی عروج پر رہی، اور کئی ریکارڈ قائم ہوے۔ عالمی موسمیاتی اداروں اور ماہرین کی پیش گویوں کے مطابق 2025 کا سال بھی پاکستان جیسے ملک کے لئے اتنا کوئی آسان سال نہ ہو گا، کیوں کے زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہونے کے باوجود امیر صنعتی ملکوں کی وجہ سے یہاں موسمیاتی تبدیلیاں شدید ہیں ، جسکی وجہ سے پہاڑوں پر گلیشئرتیزی سے پگل رہے ہیں، سیلاب اربن فلڈنگ اور آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ان وجوہات کی بنا پر گرمی کی شدت میں اضافہ اور زہریلی اسموگ کا دورانیہ ہر سال دس فیصد کی شرح سے بڑھتا جا رہا ہے۔ آندھی طوفا ن کے علاوہ سیلاب کے نہ صرف خدشات رہتے ہیں بلکہ ہر ایک دو سال بعد سیلاب سے تباہی ملک کی معیشت کو پیچھے دھکیل دیتی ہے۔
پاکستان میں 2022 کے سیلاب سے 15 ارب ڈالر کے نقصانات ہوے. 1700 افراد کی ہلاکت کے علاوہ ساڑھے تین کروڑ کے قریب افراد سیلاب سے متاثر ہوے اور 80 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے جبکہ سندھ کا 70 فیصد رقبہ پانی میں ڈوب گیا، دوسرے نمبر پر بالترتیب بلوچستان، خیبر پختون خواہ اور پنجاب متاثر رہے. متاثرہ علاقوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گیں، سڑکوں شاہراہوں اور دوسرے اہم بنیادی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ ورلڈ میٹریالوجیکل آرگنائزیشن نے پاکستان میں گرمی کی شرح عالمی اوسط کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے، اگر مؤثر اقدامات نہ کے گئے تو موسمیاتی ماہرین نے پاکستان میں 2090 کی دہائی تک درجہ حرارت 1.3 سینٹی گریڈ سے 4.9 کی شرح سے بڑھنے کی پیش گوئی ہے۔ گرم ترین اور سرد ترین دنوں کی شرح بتدریج بڑھتی چلی جائے گی جس سے پاکستان اور خطے میں انسانی زندگی شدید مشکلات کا نشانہ بنے اور نقل مکانی میں اضافہ ہوگا
عالمی موسمیات اداروں کی رپورٹ کے مطابق ، پاکستان میں 2030 تک 19 کروڑ افراد ہر سال کم سے کم ایک ماہ تک گرم ترین موسم کا سامنا کریں گے کیوں کہ ملک میں جنگلات اور ہریالی میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے ، آبادی کی شرح میں خاطر خواہ کمی نہ ہونے اور شہری اور دیہی علاقوں میں خالی اور زرعی زمینوں کی ہاوسنگ سوسائٹیوں میں تبدیلی اور کنکریٹ کے جنگل میں تیزی سے اضافے نے صورتحال کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے . اسکے علاوہ زہریلی صنعتی گیسوں اور گاڑیوں موٹر سائیکلوں میں کم درجے کوالٹی کا پیٹرول اورڈیزل کا استعمال نہ صرف موسموں کی شدت کا بنیادی سبب ہے بلکہ انسانی جانوں کا گلے، سانس اور کینسر جیسے موذی بیماریوں میں اضافے کی بھی وجہ ہے۔
عالمی بنک سے وابستہ ماہر موسمیات ، ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق ، مئی کے مہینے سے 30 جون تک موسم گرما کے دوران ہر سال پاکستان میں گرمی کی دو سے تین دن پر مبنی ،2 سے 3 لہریں معمول کی بات ہے تاہم ماحولیاتی تبدیلیوں اور درجہ حرارت میں شدت کی وجہ سے اب یہ دورانیہ 5 سے 7 دن تک بڑھ گیا ہے جو پریشان کن صورتحال ہے- اسکی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ کیوں پاکستان میں اب موسم گرما کا دورانیہ 150 دن سے بڑھ کر 180 دن تک چلا گیا ہے جس سے گرمی کی لہروں کی تعداد اور ہر لہر کے دورانیہ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
جیسے کہ میں پہلے لکھ چکا ہوں کہ پاکستان عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں صرف ایک فیصد کا حصہ دار ہے لیکن جہاں تک اسکے متاثر ہونے کا تعلق ہے تو پاکستان ان پانچ ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بری طرح متاثر ہے سویڈن سے تعلق رکھنے والی سرگرم ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عالمی سطح پر جانی پہچانی جاتی ہیں، نے اقوام متحدہ کی حالیہ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ امیر ملکوں کو زہریلی گیسوں کے اخراج کو زیرو کرنے کے لئے اپنا حصہ ڈالنا ہوگا کیوں کہ یہی ماحولیاتی انصاف کا تقاضہ ہے . امیر ملکوں کو غریب اور کم وسائل والے ملکوں کی بھی مدد کرنا ہوگی تاکہ وہاں کے لوگ زہریلی گیسوں کے اخراج اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچ کر معیار زندگی بہتر کر سکیں۔
پاکستان کو آئندہ سال برازیل میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس سی او پی30 میں شرکت سے پہلے اور اپنا کیس موثر طور پر پیش کرنے کے لئے ابھی سے تیاری کر کے اور قابل اعتبار اعداد شمار پر مبنی ایک جامع رپورٹ کانفرنس میں پیش کر کے اپنا مقدمہ لڑنا ہو گا. ورنہ صورتحال بد سے بد تر ہوتی چلی جائے گی۔
ڈاکٹر محمد حنیف کی عالمی بنک کے لئے اپنی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق 2025 کا سال بھی پاکستان کے لئے مشکل ہوگا کیوں کہ موسم بہار تو معمول کے مطابق گزر جائے گا ، لیکن موسم گرما میں درجہ حرارت کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ انکے مطابق مئی سے جون کے مہینوں کے دوران گرمی کی لہروں کی تعداد میں اضافہ اور اسکی شدت اور دورانیہ میں بھی اضافے کا امکان موجود ہے . اسکے اثرات پانی کی دستیابی ، بجلی کی پیدوار، زراعت اور صحت کے شعبوں پر بہت منفی ہونگے . خاص کر چھوٹا کسان اور عام روز مرہ کی دیہاڑی والے مزدور روزگار اور خوراک کی کمی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہونگے۔
عالمی اداروں اور ماہرین کی رپورٹس کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے پاکستان میں اچانک سیلاب، اربن فلڈنگ ، اور فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ جبکہ لاہور اور اسکے باسیوں کے لئے موسمیاتی شدت اور اسموگ اور دھند کی وجہ سے ایک اور مشکل ترین سال ہو گا۔
عالمی بنک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بڑھتی ہوئی آلودگی اور موسموں کی شدت کی وجہ سے اسکے ترقی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوے 20 سے 22 ارب ڈالر کے نقصانات کا سامنہ ہے- اس مشکل صورتحال کا مقابلہ وفاق اور صوبائی حکومتیں عمومی اور سطحی اقدامات کے بجائے صرف بہتر اور موثر عملی حکمت عملی سے ہی کر سکتی ہیں۔