۲۲ جنوری ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
جوڈیشل مجسٹریٹ ون گوادر کی عدالت نے بلوچستان کتاب کاروان میلے میں ’انتشار پھیلانے‘ والی کتب کا اسٹال لگانے کے الزام میں گرفتار چار طلبا کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے طلبا کو فی کس 40 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد رہائی کا حکم دیا۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے نئے سال کے آغاز پر بلوچستان بھر میں ‘بلوچستان کتاب کاروان’ میلے کا انعقاد کیا تھا، جس کے تحت منگل کے روز گوادر میں ڈھوریہ اسکول کے باہر کتابوں کا میلہ لگایا گیا۔ پولیس نے چھاپہ مار کر کتابیں ضبط کرلیں اور اسٹال پر موجود چار طلبا کو حراست میں لے لیا۔ گودار پولیس کے مطابق طلبا ’ انتشار پھیلانے‘ والی کتب فروحت کر رہے تھے۔
گرفتار طلبا کے خلاف پولیس کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 158 بی (طلبا کو تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر اکسانا)، 188 (سرکاری احکامات کی خلاف ورزی)، 147 (ہنگامہ آرائی) اور 149 (غیر قانونی اجتماع) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کے مدعی تھانہ گودار سٹی کے پولیس آفیسر عظمت اللہ سے وائس پی کے نے رابطہ کیا اور ان مبینہ ’انتشار پھیلانے ‘ والی کتابوں کا نام جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے ان کتابوں کے ناموں کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا البتہ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کے چار طلبا کو کتابوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔
پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ’ڈھوریہ اسکول کے سامنے شارع عام پر ایک بہت بڑا مجمع کھڑا تھا جس کی وجہ سے شارع عام مکمل طور پر بند ہو چکی تھی اور عام عوام کو آمد ورفت کیلئے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ڈھوریہ اسکول کے سامنے روڈ پر بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے طلباء ایک اسٹال لگا کر انتشار پھیلانے والی کتابیں فروخت کر رہے ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے طلبا پابندی کے باوجود غیر قانونی طور پر بک اسٹال لگا کر لوگوں میں انتشار پھیلانے والی کتاہیں سرعام فروخت کر کے طالب علموں کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے، امن و امان میں خلل ڈالنے اور علاقہ میں انتشار پھیلانے کی فضاء پروان چھڑا رہے تھے۔ ‘
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں واقع کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ’’ گوادر کتب میلے سے غیر قانونی طور پر گرفتار بلوچ نوجوانوں سمیت کتابوں کو قید کرنا بلوچ دشمن اور علم دشمن عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گودار کی طرح بلوچستان کے دوسرے علاقے ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، جھل مگسی، جعفر آباد، سبی، بارکھان ،تونسہ، حب چوکی سمیت دیگر کچھ کتب میلوں پر پولیس اور سول وردی افراد نے دھاوا بول کر ہراساں کیا اور کچھ سٹالز کو بلاجواز بند کیا۔ ‘
دوسری جانب بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے تربت یونیورسٹی میں طلبا کی گرفتاری اور کتب کو ضبط کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔