۲۳ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور کی ایک سرکاری یونیورسٹی کی طالبہ کو تین ملزمان نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بنائی۔ واقعہ میں ملوث حسیب افضل نامی مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ باقی دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں، جن کی شناخت طلحہ خان اور حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعہ کی ایف آئی آر ویمن پولیس سٹیشن ریس کورس میں درج کی گئی ۔ایف آئی آر میں 375 اے (اجتماعی زیادتی ) کی دفعہ لگائی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق حسیب افضل نے سوشل میڈیا کے ذریعے متاثرہ لڑکی سے دوستی کی جو ایم فل کی طالبہ ہے اور اس سے شادی کا وعدہ کیا اور دس جنوری کو متاثرہ لڑکی کو مسلم ٹاؤن ایک جگہ ناشتہ کرنے کے لئے بلایا۔ جب متاثرہ لڑکی مسلم ٹاؤن کے مقام پر پہنچی تو ملزم اسے بھروسہ دلا کر اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں لے گیا، جہاں اس نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی فلم بندی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے طالبہ کے ہینڈبیگ سے اس کی بہن کی چیک بک سے دو چیک بھی لئے اور ملزمان نے دھمکی دی کہ اگر اس نے واقعے کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیں گے اور اس کی بہن پر بوگس چیک دینے کا پرچہ کروا دیں گے۔ متاثرہ لڑکی اس ڈر کے باعث خاموش رہی۔
کیس کی تفتیشی آفسر نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں ملوث حسیب افضل نامی مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور باقی دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف جگہوں پر چھاپے مار جارہے ہیں اور جلد ان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے، اور حقائق کی تصدیق کے لیے رپورٹ کا انتظار ہے۔
پنجاب پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 1 جنوری 2024 سے30 نومبر 2024 کے دوران صوبے میں رپورٹ ہونے والے زیادتی کے کیسز کی تفصیلات:

پولیس کے ریکارڈ کے مطابق، اس مدت کے دوران زیادتی کے کل 3977 کیسز درج کیے گئے۔ ان میں سے 2,513 کیسز کو چالان کے ساتھ عدالتوں میں بھیج دیا گیا، جب کہ521 کیسز تاحال زیر تفتیش ہیں۔
پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 932 کیسز کو منسوخ کر دیا گیا، جبکہ 11 کیسز کو ناقابل سراغ قرار دیا گیا ہے۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگرچہ ہزاروں کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، لیکن تاحال بہت سے مقدمات حل طلب ہیں اور ان کی تحقیقات جاری ہیں۔