۲۹ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے بیدیاں رہائشی شاہد علی کی مدعیت میں تھانہ ہئیر میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے مطابق مدعی شاہد علی نے 2012 میں چونگی امرسدھو کی رہائشی صوفیہ سے پسند کی شادی کی تھی۔شادی کے ایک ماہ بعد مبینہ طور پر صوفیہ کے والدین نے صلح کے بہانے اپنی بیٹی کو گھر بلایا اور قتل کر کے لاش نہر میں بہا دی تھی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاہد علی نے 2012 میں صوفیہ سے پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے ایک ماہ بعد صوفیہ کے والدین نے صلح کا بہانہ بنا کر اسے اپنے گھر بلا لیا۔ شاہد علی کے مطابق، صوفیہ کے والدین نے اسے یقین دلایا کہ چند دنوں بعد وہ اپنی بیوی کو واپس لے جا سکتا ہے۔ تاہم، جب چار دن بعد اس نے صوفیہ کو واپس لے جانے کا مطالبہ کیا تو اس کے والد عارف اور چچا شوکت نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

مدعی کے مطابق، ان دھمکیوں کے باعث وہ لاہور چھوڑ کر ساہیوال منتقل ہو گیا اور دوسری شادی کر لی۔ اس دوران اس کے والدین نے کئی بار صوفیہ کے خاندان سے رابطہ کیا، لیکن کوئی جواب نہ ملا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا حال ہی میں اسے باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ صوفیہ کو اس کے والد، چچا اور دو نامعلوم افراد نے غیرت کے نام پر قتل کر کے لاش نہر میں بہا دی تھی۔ اس انکشاف کے بعد شاہد علی نے پولیس سے رابطہ کیا اور مقدمہ درج کروا دیا۔

پولیس کے مطابق، مقدمہ درج کرتے ہوئے قتل اور سازش کی دفعات 302 اور 34 کو شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے مدعی شاہد علی نے ایف آئی آر کے اندراج میں 14 سالہ تاخیر کی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں لاہور چھوڑنے کے بعد اس کی اور اس کے خاندان کی صوفیہ کے والدین سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ تاہم، حالیہ دنوں میں صوفیہ کے خاندان کے ایک فرد کو ایک دیگر کیس میں گرفتار کیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش اس قتل کا انکشاف کیا۔اس انکشاف کے بعد اس نے پولیس سے رابطہ کیا اور اپنی پہلی بیوی کے قتل کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

پاکستان میں 2024 کے دوران غیرت کے نام پر قتل کا مسئلہ بدستور سنگین رہا، خصوصاً سندھ اور پنجاب میں یہ واقعات نمایاں طور پر رپورٹ ہوئے۔ انسانی حقوق کی کمیشن پاکستان کے مطابق، جنوری سے نومبر 2024 تک ملک بھر میں غیرت کے نام پر قتل کے 346 واقعات سامنے آئے۔ ان میں مرد و خواتین دونوں متاثر ہوئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here