۲۹ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
بدھ کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔ سات رکنی آئینی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں، کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کے دوران وزارتِ دفاع کے خواجہ حارث نے اپنے دلائل جاری رکھے۔
سماعت کے آغاز میں جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ آیا تفتیش چارج سے پہلے ہوتی ہے یا بعد میں؟ جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے وضاحت کی کہ پہلے تفتیش ہوتی ہے اور پھر چارج فریم کیا جاتا ہے۔ خواجہ حارث نے اس موقع پر رول 19 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون میں واضح طور پر ٹرائل اور فئیر ٹرائل کے درمیان فرق موجود ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے دریافت کیا کہ اگر کوئی فیصلہ ہو تو کیا آرڈر کے خلاف کوئی سد باب موجود ہے؟ جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ چارج فریم ہونے کے بعد ہی ملزم کو شاملِ تفتیش کیا جاتا ہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی ملزم جرم کا اعتراف نہ کرے تو ٹرائل کا کیا طریقہ کار ہوگا؟ اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ اعتراف نہ کرنے کے باوجود کیس معمول کے مطابق آگے بڑھایا جاتا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔
خواجہ حارث نے آرمی ایکٹ کے تحت ملٹری ٹرائل کے قانونی نکات پر تفصیلی دلائل دیے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری ٹرائل میں جج ایڈووکیٹ جنرل غیر جانبداری کا حلف اٹھاتا ہے۔ تاہم، جسٹس جمال خان مندوخیل نے پوچھا کہ ملٹری ٹرائل کن بنیادوں پر چیلنج ہو سکتا ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے جواب دیا کہ اگر کوئی مجاز عدالت نہ ہو، بدنیتی پر کارروائی ہو یا اختیار سماعت سے تجاوز کیا جائے، تو ملٹری ٹرائل کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے مزید سوال کیا کہ اگر کوئی ملزم اقبال جرم کر لے تو کیا اسے اسلامی قوانین کے تحت رعایت دی جاتی ہے؟ جس پر وکیل وزارت دفاع نے وضاحت کی کہ اسلامک لاء میں اعتراف جرم مجسٹریٹ کے سامنے کیا جاتا ہے، اور وہ معاملہ الگ حیثیت رکھتا ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ایک اور اہم نکتہ اٹھایا کہ اگر کسی ملزم کے پاس وکیل کرنے کی مالی استطاعت نہ ہو، تو کیا سرکاری خرچ پر وکیل فراہم کیا جاتا ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ ملزم کو سرکاری خرچ پر وکیل فراہم کیا جاتا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عام طور پر سویلین عدالتوں میں ملزم کو فیورٹ چائلڈ تصور کیا جاتا ہے، لیکن کیا یہی اصول ملٹری کورٹس میں بھی لاگو ہوتا ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت ملزم کو مکمل تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے اپنے سابقہ عدالتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بطور چیف جسٹس بلوچستان، انہوں نے کئی ملٹری کورٹ فیصلوں کے خلاف اپیلیں سنی ہیں، اور ایسا نہیں ہوتا کہ ملٹری کورٹس کے فیصلے میں محض ایک سادہ کاغذ پر لکھ دیا جائے کہ ملزم قصور وار ہے یا بے قصور۔ بلکہ، جی ایچ کیو مکمل عدالتی ریکارڈ ہائیکورٹس کو فراہم کرتا ہے، جس میں شواہد سمیت پورا طریقہ کار درج ہوتا ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال اٹھایا کہ کیا غیر ملکی جاسوسوں کے علاوہ کسی عام شہری کے ملٹری ٹرائل میں صحافیوں اور ملزم کے رشتہ داروں کو رسائی دی جاتی ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے کہا کہ قانون میں اس کا ذکر موجود ہے، لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عام طور پر رسائی نہیں دی جاتی۔ خواجہ حارث نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بیانیے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “سوشل میڈیا پر جو کچھ بھی چل رہا ہے، اس میں فیکٹ چیکنگ کی کمی ہے، اور لوگ حقیقت پر کم توجہ دیتے ہیں۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ہمیں ایک بے لگام معاشرے کا سامنا ہے، جہاں عدالتی فیصلوں کے اثرات عام شہریوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے پوچھا کہ کیا ملٹری کورٹس کے ججز کا تجربہ ہوتا ہے یا پہلی بار ہی انہیں تعینات کر دیا جاتا ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں ججز ایڈووکیٹ جج کے ساتھ بیٹھتے ہیں اور عدالتی کارروائی کے تمام تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے ملٹری ٹرائل کے مکمل ریکارڈ کو عدالت میں پیش کیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ یہ ریکارڈ تو اپیل میں دیکھا جانا چاہیے، اس مرحلے پر اس کا جائزہ لینا مناسب نہیں ہوگا۔
خواجہ حارث نے آرٹیکل 14 اور آرٹیکل 175 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملٹری کورٹس بھی آزاد عدالتوں کے زمرے میں آتی ہیں، اور شفاف ٹرائل کے تمام تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ انصاف صرف ہونا نہیں چاہیے، بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آنا چاہیے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نےکہا کہ آپ کی جانب سے دیے گئے ریکارڈ کاجائزہ لیاگیا، نو مئی کے واقعات میں بظاہر سیکیورٹی آف اسٹیٹ کا معاملہ نہیں لگتا۔ نو مئی واقعات کے ملزمان کےخلاف تفصیلی ملٹری ٹرائل چلایا گیا، تو کیا یہ ممکن نہیں کہ یہ تمام ریکارڈ پبلک کر دیا جائے تاکہ عوام ان واقعات کے بارے میں خود آگاہ ہو سکے؟ خواجہ حارث نے جواب دیا کہ یہ اتھارٹیز کا اختیار ہے کہ وہ ریکارڈ کو پبلک کریں یا نہیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے پوچھا کہ کیا آرٹیکل 175 کے تحت ملٹری کورٹس کے قیام کی کوئی گنجائش ہے؟ وکیل وزارت دفاع نے جواب دیا کہ اگر عدالت اس طرف جائے گی تو ملٹری کورٹس کے قیام سے متعلق تمام سابقہ عدالتی فیصلوں پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔
سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی، جہاں وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث اپنے دلائل جاری رکھیں گے