۶ جنوری ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لودھراں تھانہ صدر کے علاقے بستی لونی والا میں مبینہ طور پر باپ نے اپنی پولیوکی بیماری میں مبتلا بیٹی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور بیٹے کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق، 47 سالہ محمد اسماعیل نے اپنی 23 سالہ بیٹی مسرت اور 25 سالہ بیٹے خالد کے گلے تیز دھار چاقو سے کاٹ دیے۔ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ بیٹا زخمی ہو گیا۔ بعد ازاں، ملزم نے خودکشی کی کوشش کی، تاہم وہ زندہ بچ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ زخمی بیٹے اور ملزم کو طبی امداد کے لیے بہاول وکٹوریہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ مسرت پیدائشی طور پر پولیو سے متاثرہ تھی، جبکہ اس کا بھائی خالد صحت مند تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، محمد اسماعیل گھریلو اور مالی مسائل کا شکار تھا۔ پڑوسیوں کے مطابق، وہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ میں نظر آ رہا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ہوش میں آنے کے بعد قتل، اقدام قتل اور خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا جائے گا۔

مزید تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا نفسیاتی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ اس کی ذہنی حالت کا تعین کیا جا سکے۔

پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے اعداد و شمار :

ساحل تنظیم کی رپورٹ کے مطابق، 2024 میں جنوری سے نومبر کے دوران پاکستان میں 4,558 خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

ان واقعات میں مختلف جرائم شامل تھے، جن میں 1,273 قتل کے کیسز، 799 اغوا، 533 زیادتی، 579 تشدد، 380 خودکشی، 112 غیرت کے نام پر قتل اور 882 دیگر جرائم جیسے تیزاب حملے اور غیر اخلاقی ویڈیوز کا استعمال شامل ہیں۔

جغرافیائی لحاظ سے 73 فیصد کیسز صرف پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جو کہ خواتین کے خلاف سب سے زیادہ پرتشدد صوبہ ثابت ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ان کیسز میں سے 88 فیصد واقعات کی ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ کچھ کیسز میں پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here