۹ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

بے سہارا اور یتیم بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے قائم غیر سرکاری فلاحی ادارہ ایس او ایس ولیج پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر لاہور میں گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سماجی، تعلیمی اور شوبز شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں حکومت پاکستان کی جانب سے 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ اور خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔

گولڈن جوبلی تقریب میں بچوں اور مہمانوں کی موجودگی میں کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ایس او ایس ولیج پاکستان کے صدر الیکٹ شاہد حامد نے تنظیم کی کامیابیوں اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 50 سال قبل ایس او ایس ولیج پاکستان کا ایک ہی ادارہ تھا، جبکہ آج یہ تنظیم 18 شہروں میں 64 ادارے چلا رہی ہے، جو یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کفالت بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 12 ہزار سے زائد بچے ایس او ایس تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔
تقریب میں ٹی وی اداکار عماد عرفانی بھی شریک ہوئے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔

تقریب کے دوران ایس او ایس ولیج پاکستان کی مینجنگ ڈائریکٹر صبا فیصل نے ادارے کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 1975 میں پاکستان میں ایس او ایس ولیج کی بنیاد رکھی گئی تھی، جو ایس او ایس چلڈرنز ولیجز انٹرنیشنل کا حصہ ہے۔ اس بین الاقوامی تنظیم کو 75 سال ہو چکے ہیں اور یہ دنیا بھر میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایس او ایس ولیج 50 سال سے فعال ہے اور آزاد جموں و کشمیر سمیت مختلف شہروں میں 64 فلاحی منصوبے چلا رہا ہے۔

تقریب میں بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن میں تقاریر، ٹیبلو پرفارمنس، ملی نغمے نمائش شامل تھیں۔ شرکاء نے بچوں کی محنت اور صلاحیتوں کو سراہا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے 50 روپے کا یادگاری سکہ اور خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیے جانے پر ایس او ایس ولیج کے منتظمین نے اس اقدام کو تنظیم کی 50 سالہ خدمات کا اعتراف قرار دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایس او ایس ولیج پاکستان یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے ایک مثالی ادارہ ہے، جو انہیں بہتر زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ایس او ایس ولیج پاکستان کے مشن کو مزید وسعت دینے اور اسے مزید وسائل فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کو ممکن بنایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here