۲۲ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
بدھ کے روز سپریم کورٹ میں بینچز کے اختیار سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالتی معاونین مقرر کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو عدالتی معاونین مقرر کیے گئے ہیں، وہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست گزاروں کے وکلاء ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ توہین عدالت کیس میں بطور پراسیکیوٹر پیش ہو سکتے ہیں اور قانونی سوال پر عدالت کی معاونت آرٹیکل 27 اے کے تحت کر سکتے ہیں، لیکن ان کی پوزیشن بطور اٹارنی جنرل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کے کیس میں عدالتی معاون مقرر ہونا پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔
جس پر عدالت نے مزید دو عدالتی معاونین، خواجہ حارث اور احسن بھون مقرر کر دیے۔
سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس سے استفسار کیا کہ ریگولر بینچ سماعت کر رہا تھا تو کیا کمیٹی اسے شفٹ کر سکتی ہے؟ آپ نے کاز لسٹ سے کیس کو کیوں ہٹایا تھا؟
عدالت نے انہیں ہدایت دی کہ وہ آج ہی اپنا تحریری جواب جمع کرائیں۔
سماعت کے دوران وکیل شاہد جمیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں بھی اسی طرح بینچ تبدیل ہوا تھا، اور اس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک نوٹ لکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک کیس کی سماعت شروع ہونے کے بعد بینچ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا، اگر سوال اٹھے گا تو کیس لیا بھی جا سکتا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالتی معاون منیر اے ملک نے فل کورٹ بنانے کی تجویز پیش کی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا عدالت توہینِ عدالت کیس سنتے ہوئے فل کورٹ بنانے کا حکم دے سکتی ہے؟
جس پر منیر اے ملک نے کہا کہ کمیٹی کے فیصلے کو بطور دفاع پیش کیا گیا ہے اور یہ عدالت مکمل اختیار رکھتی ہے کہ فل کورٹ کا حکم دے۔
منیر اے ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آئینی بنچ اس عدالت کا ایک سیکشن ہے اور آنے والے کیسز پہلے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو دیکھنے چاہئیں۔ تین رکنی کمیٹی کو طے کرنا ہوگا کہ کون سے کیسز آئینی بنچ کو بھیجنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری رائے میں کمیٹی جوڈیشل آرڈر کو انتظامی آرڈر سے ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کل جاری ہونے والی پریس ریلیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کہا گیا کہ پہلا کیس غلطی سے ریگولر بنچ میں لگا تھا۔ لیکن اگر یہ غلطی تھی، تب بھی اس پر جوڈیشل آرڈر ہو چکا ہے اور اب اس جوڈیشل آرڈر کو تبدیل کرنے کے لیے دوسرا جوڈیشل آرڈر درکار ہوگا۔
منیر اے ملک نے کہا کہ یہ معاملہ عدلیہ کی آزادی سے جڑا ہوا ہے اور اسے ہمیشہ کے لیے حل کرنے کا واحد راستہ فل کورٹ ہے۔
عدالتی معاون حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی تشکیل آرٹیکل 175 کے تحت کی گئی ہے، جس میں ایک چیف جسٹس اور دیگر ججز شامل ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ کیا ان دیگر ججز میں ہم بھی آتے ہیں؟
جس پر جسٹس عقیل عباسی نے مسکراتے ہوئے کہا، ہم تو اب دیگر ہی ہوگئے ہیں۔
عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی اور کہا کہ احسن بھون اور خواجہ حارث کے دلائل کل سنے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کل سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) کو کوتاہی کے باعث عہدے سے ہٹا دیا تھا، سپریم کورٹ کی جاری کردہ پریس رلیز میں کہا گیا تھا کہ ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) کو سنگین کوتاہی کے باعث عہدے سے ہٹا دیا ہے اور رجسٹرار کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ معاملہ مقدمات کی سماعت کے لیے مقرر کرنے میں بدانتظامی سے متعلق ہے۔
جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ CPLA نمبر 836-K سے 887-K، 951-K، 1056-K برائے 2020 اور 741-K سے 743-K برائے 2021 اور 165-K برائے 2022 ایسے مقدمات کا مجموعہ ہیں جن میں کسٹمز ایکٹ 1969 کو چیلنج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمات آئینی بینچ کے سامنے پیش کیے جانے تھے لیکن غلطی سے سپریم کورٹ کے ایک ریگولر بینچ کے سامنے مقرر کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں ادارے اور فریقین کے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا۔
سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) کی برطرفی کا حکم جاری کیا۔ جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ہدایت دی کہ زیر التوا مقدمات کی جانچ جلد مکمل کرنے کے لیے مزید وسائل مختص کیے جائیں تاکہ فریقین اور قانونی برادری کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔