تحریر: عصمت اللہ نیازی
لاہور
میں دسمبر 1999 کی ایک سرد رات پی ٹی وی لاہور کے نیوز روم میں خبرنامہ کے ختم ہونے کے ساتھ ہی قریبا ساڑھے نو بجے ٹیلی فون کی گھنٹی بجی تو دوسری طرف سے بتایا گیا کہ وہ روزنامہ جنگ کے دفتر سے بول رہے ہیں اور ایک ایسے کہانی بیان کی جس پر یقین کرنا ممکن نہ تھا- فون کرنے والے شخص نے بتایا کہ روزنامہ جنگ کے دفتر جو قریب ہی ڈیوس روڈ پر تھا، ایک شخص آیا ہے اور دعوه کررہا ہے کہ اس نے جنسی تشدد کر کے 100 بچوں کا قتل کیا ہے۔
ہم نے فوری طور پر کیمرہ مین اور رپورٹرجنگ کے دفتر بھیج کر اسکا بیان جو اس نے میڈیا کی موجودگی میں دیا ریکارڈ کر لیا اور دوسرے دن راوی روڈ پر ایک تنگ گلی میں چھوٹے سے ایک مکان میں جہاں اسکا دعوہ تھا کہ وہ گھروں سے بھاگے، آوارہ کم عمر بچوں کو روزگار دینے کے بہانے لاکر جنسی تشدد کے بعد قتل کر دیتا تھا، اور انکی لاش کے ٹکرے کر کے تیزاب کے ڈرم میں ڈال کر گلا دیا کرتا تھا- گھر میں داخل ہوے تو بچوں کے جوتوں ، انکے کپڑوں سے بھری بوریاں اور ایک سٹور سے تیزاب سے بھرے ڈرم اور انکے اندر انسانی جسم کی ہڈیاں بھی بر آمد ہوئیں۔
جاوید اقبال کی جو ڈائری بھی مرتب کیا کرتا تھا اس کے مطابق بچوں کے قتل کے سلسلے کا آغاز 20 جون 1999 کو ہوا اور 26 جولائی کو اس کی والدہ کے انتقال کے بعد اس میں تیزی آتی گئی۔ اس کی ڈائری کے مطابق آخری قتل 13 نومبر کو کیا، یعنی صرف پانچ ماہ کے عرصے میں 100 بچے نہ صرف جنسی تشدد کا نشانہ بنے بلکہ قتل بھی کر دئیے گئے۔
جاوید نے ان تمام بچوں کی تصاویر بھی جمع کر رکھی تھیں جو اس نے میڈیا کو بھی دیں- خیر قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران جاوید اقبال نے جرم سے انکار بھی کیا لیکن اسے اور ساجد کو قصاص کے تحت سزا سنائی گئی جس میں حکم دیا گیا کہ مینار پاکستان کے سامنے متاثرہ والدین کی موجودگی میں ان کے جسم کے 100 ٹکڑے کر کے تیزاب میں ڈال کر محلول بنا دیے جائیں۔ اپیل کا مقدمہ وفاقی شریعی عدالت میں ابھی چل رہا تھا کہ ایک دن جاوید اقبال اور ساجد ایک ہی جیل میں اور ایک ہی وقت میں اپنے اپنے سیل کے اندر مردہ پائے گئے۔ میری پیشہ ورانہ زندگی کا یہ ایک ایسا واقعہ تھا جو انتہائی خطرناک اور دل ہلا دینے والا تھا اور طویل عرصہ تک اسکے اثرات ہماری پوری ٹیم پر رہے۔
اس ہولناک سیریل کلنگ کا ذکر کرنے مقصد یہ تھا کہ ہمارے ملک میں جہاں غربت عروج پر رہی ، چاہے دیہات ہوں یہ پھر شہر اس غربت کا بدترین شکار بچے رہے ہیں، کیوں کہ والدین بچے پیدا تو کر بیٹھتے ہیں لیکن کم آمدن کی وجہ سے انکی کفالت کرنا انکے بس کی بات نہیں رہتی جس وجہ سے ، کم عمری میں ہی بچے یا تو ورکشاپوں کارخانوں اور بازاروں میں مزدوری کے لئے بھیج دے جاتے ہیں یا پھر بھیک مانگ کر گزارا کرتے ہیں یا پیشاورانہ بھیک منوانے والے ٹھیکے داروں کے ہاتھ چڑھ کر نہ صرف جسمانی تشدد کا شکار ہوتے ہیں بلکہ جنسی تشدد کا سامنا بھی کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ کم سن بچیاں جنھیں والدین پیسے لیکر امرا اور افسران کے گھروں میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کاموں کے لئے بھیج دیتے ہیں وہ بھی تشدد کا سامنہ کرتی ہیں، اس وقت بھی بچوں پر بیہمانہ تشدد کے کئی مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
بچوں کے حقوق کے لیے پاکستان میں حالیہ برسوں میں قانون سازی تو ہوئی مگر ان قوانین پر موثر عملدرآمد اور نچلی سطح تک اس سے آگاہی نہ ہونے کے باعث ان سے وہ مقاصد پورے نہیں ہورہے جس کے لیے یہ قوانین بنائے گئے تھے۔ معاشرے کی نچلی سطح پر آگاہی بہت کم ہے۔ لوگوں کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے بنیادی حقوق کیا ہیں۔ اگر بچہ جنسی زیادتی کا شکار ہوتا ہے تووالدین کو معلوم نہیں ہوتاکہ انہیں کیا کرنا چاہیے۔ منفی سماجی رویوں کی بدولت وہ خاموش رہنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں اور ان کی یہی خاموشی مجرموں کو تقویت دینے کا سبب بنتی ہے۔ پاکستان میں اکثر لوگ بچوں سے جنسی تشدد کے واقعات اس لیے منظر عام پر نہیں لاتے کہ لوگ کیا کہیں گے، بدنامی کا خوف اور اداروں پر عدم اعتمادخاموش رہنے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، یکساں تعلیم کی عدم فراہمی اور صنفی عدم مساوات جیسے اہم مسائل کو اُجاگر کرکے بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے قومی رہنماؤں، فیصلہ سازوں اور معاشرے کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ورنہ پاکستان بھر میں بچوں کے حقوق کی یقینی بنانے میں شدید مشکلات کا سامنہ کرنا پڑے گا۔ پاکستان میں بچوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے خطرے سے سب سے زیادہ دوچار ہیں، اور انہیں سیلاب، خشک سالی اور سخت گرمی کی لہروں سمیت تباہ کن موسمی واقعات کا بھی سامنا رہتا ہے۔
پاکستان میں 2کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جس کی وجہ سے وہ سیکھنے، کمانے اور ترقی کرنے کے اہم مواقع سے محروم ہیں۔ غذائی قلت اور غربت کی بلند شرح بچوں کی بقاء اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ ہیں۔ معذور بچے سب سے زیادہ کمزور اور پسماندہ گروہوں میں سے ایک ہیں۔
پاکستان بچوں کے حقوق کے کنونشن (سی آر سی) پر 1990 میں دستخط کئے اور وہ اس معاہدے پر دستخط کرنے والا دنیا کا چھٹا ملک بنا- اس معاہدے پر دستخط کرنے کے چونتیس سال بعد بھی پاکستان میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے بہت سے مسائل حل ہونا باقی ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی شرحِ اموات دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہونا ہے اور اب بھی ایک ہزار بچوں میں سے 51 پیدا ہوتے ہی مر جاتے ہیں کیوں کہ پاکستان میں خوراک کے عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک کی 66 فیصد آبادی کو غذائیت سے بھرپور خوراک مہیا ہی نہیں ۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں چالیس فیصد سے زائد غذائی قلت کا شکار ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سکول جانے والے بچوں میں 80 سے 85 فیصد بچوں کو تعلیم کے دوران جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان حال ہی میں کولمبیا کے شہر بوگوٹا میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق عالمی وزارتی کانفرنس میں 2027 تک بچوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کا عہد کر چکا ہے۔
انہی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوے اور انکے حل کے لئے پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے خواتین ارکان اسمبلی پر مشتمل خواتین کی پہلی کاکس تشکیل دی ہے، جو بچوں کے حقوق کی نشان دہی سے لیکر انکے حل کی نگرانی اور انکے پیش آنے والی مشکلات کو دور کرے گی. کاکس ، بچوں کے حقوق سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے پنجاب اسمبلی میں پیش کرے گی ، تاکہ بچوں کے حقوق سے متعلق موثر قانون سازی کی جا سکے۔
بچوں کے حقوق کی صورتحال صرف پنجاب میں ہی توجہ طلب نہیں بلکہ خیبر پختون خواہ ، بلوچستان اور سندھ میں بھی شاید صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہو – صرف سندھ میں سکول نہ جانے والے لاکھوں بچے، غذائی قلت کی بلند شرح اور لاکھوں افراد کی صاف پانی تک عدم رسائی سے متاثر ہیں۔ بلوچستان میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں 65 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ خیبر پختون خواہ جہاں تعلیم کا معیار بہتر سمجھا جاتا ہے لیکن وہاں بھی 30 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
بچوں کے حقوق سے متعلق نہ صرف صوبوں میں اقدامات کی ضرورت ہے ، بلکہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین ارکان پر مشتمل کمیٹیاں اور کاکس تشکیل دیکر موثر قانون سازی کی جا سکتی ہے۔ صحت مند اور تعلیم سے آراستہ بچے ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔