۲۰ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پیر کے روز سپریم کورٹ میں 3 رکنی بینچ کے سامنے آئینی اور ریگولر بینچز کے اختیارات سے متعلق کیس ٹرانسفر ہونے پر جسٹس منصور علی شاہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس کو طلب کیا، تاہم عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ایڈیشنل رجسٹرار کی طبیعت ناساز ہے اور وہ چھٹی پر ہیں۔ اس صورتحال میں ڈپٹی رجسٹرار ذوالفقار احمد عدالت میں پیش ہوئے اور وضاحت دینے کی کوشش کی، لیکن عدالت کے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔
جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں مقدمے کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین پیش ہوئے اور شکایت کی کہ وہ کراچی سے صرف اسی کیس کے لیے آئے ہیں، لیکن مقدمہ کاز لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ بیرسٹر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ عدالت نے آج کے لیے مقدمہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا، مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار کو فوری طلب کرنے کا حکم دیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کیس مقرر کیوں نہیں ہوا۔
ڈپٹی رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ ججز کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ ترمیم سے متعلق کیس 27 جنوری کو آئینی بنچ میں لگایا جائے گا۔ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ججز کمیٹی کے رکن ہیں لیکن انہیں اس فیصلے کی کوئی خبر نہیں۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ جوڈیشل آرڈر کو انتظامی کمیٹی کیسے نظرانداز کر سکتی ہے؟ کیا عدالتی حکم ججز کمیٹی کے سامنے رکھا گیا تھا؟ ڈپٹی رجسٹرار نے جواب دیا کہ عدالتی حکم کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
جسٹس عائشہ ملک نے مزید استفسار کیا کہ ہفتے بھر کی کاز لسٹ کیوں تبدیل کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ٹیکس کے مقدمات مقرر کر رکھے تھے لیکن انہیں بھی تبدیل کر دیا گیا۔ عدالت نے ججز کمیٹی کا پاس کردہ آرڈر، میٹنگ منٹس، اور کاز لسٹ میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی تحریری ہدایت موجود ہو تو وہ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
جبکہ ڈپٹی رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ ایک ریسرچ افسر کے نوٹ کے مطابق قانونی سوالات پر مبنی کیسز آئینی بنچ کو سننے چاہئیں۔ اس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا، کیا اب ریسرچ افسر عدالتی احکامات کا جائزہ لے گا کہ درست ہیں یا نہیں؟ میرے عدالتی کیریئر میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی مقدمہ ایسے غائب ہو گیا ہو۔
جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ عدالتی حکم کے چیف جسٹس سمیت تمام لوگ پابند ہوتے ہیں اور یہ بات ناقابل قبول ہے کہ کسی مقدمے کو بغیر وضاحت آئینی بنچ میں منتقل کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ سندھ ہائی کورٹ میں تھے تو وہاں بھی ایسی کوشش کی گئی تھی، لیکن چیف جسٹس کو مجبور ہو کر مقدمہ ان کے سامنے مقرر کرنا پڑا۔
سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی کہ آئینی اور ریگولر بینچز کے اختیارات سے متعلق کیس آج سماعت کے لیے کیوں مقرر نہیں ہوا۔ ایڈیشنل رجسٹرار کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔