۲۰ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

پیر کے روز سپریم کورٹ نے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے اسٹوڈنٹس یونین بحالی کیس کی سماعت کی۔

اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی کے معاملے پر اہم سماعت کرتے ہوئے بنچ نے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے قائداعظم یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس یونین الیکشن کے شیڈول کا ذکر کرتے ہوئے اسے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر دیکھنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یونیورسٹیوں میں اسٹوڈنٹس یونین کے کردار اور اثرات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ “کیا اسٹوڈنٹس یونین پر پابندی ہے؟” اور “یہ پابندی کب اور کیوں لگائی گئی؟” انہوں نے وضاحت کی کہ اسٹوڈنٹس یونین کا مقصد صرف طلبہ کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے، نہ کہ سیاست۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے تعلیمی اداروں میں اپنے ونگز بنا لیے ہیں، جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کراچی یونیورسٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں اسٹوڈنٹس یونینز کے باعث تشدد کے واقعات سامنے آئے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ تشدد کے واقعات کی وجہ سے کراچی یونیورسٹی میں گزشتہ 35 سال سے رینجرز تعینات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ایک سابق وزیرِاعظم کو اغوا کیا گیا تھا، جسے بعد میں طلبہ سے چھڑایا گیا۔

جسٹس امین الدین خان نے اسٹوڈنٹس یونین کو “نرسری” قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ افراد ہیں جو مستقبل میں ملک کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے بھی تیار کیا جانا چاہیے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے مشورہ دیا کہ “اچھے طلبہ کے ساتھ بیٹھ کر مسئلے حل کریں لیکن بھتہ خوروں کو ان کے ساتھ نہ بٹھائیں۔”

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ہمارے ملک میں سیاست جارحانہ ہو چکی ہے، اور طلبہ کو تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “بچوں کو پڑھنے دیں، انہیں سیاست میں کیوں ڈال رہے ہیں؟”

عدالت نے اس معاملے پر آئندہ سماعت تک تمام فریقین کو اپنے جوابات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے سال طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں اسلامی جمعیت طلبہ اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ایک طلبہ رہنما حمزہ خواجہ نے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی کے ذریعے دائر کی تھیں۔

درخواست گزاروں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ 1993 کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے، جس میں طلبہ سیاست پر کیمپس میں تشدد کے خدشات کی بنیاد پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ طلبہ سے لیا جانے والا حلف نامہ، جو انہیں سیاست میں حصہ لینے سے روکتا ہے، غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست گزاروں کا درخواست میں کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت طلبہ کو تنظیم بنانے کا حق حاصل ہے، اور یہ پابندی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے حوالہ دیا کہ 1993 کے فیصلے کے بعد آئینی ترامیم کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی عمر 21 سے 18 سال کر دی گئی ہے، لہٰذا قانونی طور پر ووٹ ڈالنے کے اہل طلبہ کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنا غیر منطقی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here