١١ جنوری ۲۰۲۴

رپورٹ :رانا مالہی


اسلام آباد

اسلام آباد پولیس کے ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق، سال 2024 میں وفاقی دارالحکومت میں 900 سے زائد افراد کو اغوا کیا گیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 152 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیسز درج کیے گئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق، 891 اغوا کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 483 لڑکیاں، 306 مرد اور لڑکے، اور 150 خواتین متاثر ہوئیں۔

ان نتائج میں خواتین پر ہونے والے تشدد کی تعداد زیادہ ہے۔ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد ایک بڑا مسئلہ ہے جو مسلسل میڈیا پر رپورٹ ہو رہا ہے۔ سول سوسائٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی کوششوں کے باوجود، خواتین اب بھی تشدد کا شکار ہیں، اور بیشتر مجرم سزاؤں سے بچ جاتے ہیں۔

خواتین کے تحفظ کے لئے موجود قوانین

خواتین کو تحفظ دینے کے حوالے سے حکومت پاکستان نے مختلف قانونی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ان میں سے ایک 2020 کا گھریلو تشدد سے تحفظ کا قانون ہے، جو گھریلو تشدد کو جسمانی اور جذباتی اذیت سمیت مختلف قسم کے نقصانات کے طور پر شناخت کرتا ہے۔ یہ قانون خواتین کو گھریلو تشدد سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات فراہم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے ہر صوبے نے صنفی بنیاد پر تشدد کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے الگ الگ قانون بنائے ہیں۔ سندھ اسمبلی نے 2013 میں گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ منظور کیا، جو خواتین کو مختلف قسم کے تشدد اور صنفی امتیاز سے بچانے کے لیے ایک اہم قدم تھا۔

صوبہ بلوچستان میں گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ فروری 2014 میں منظور کیا گیا، جو بلوچستان کے تمام علاقوں پر لاگو ہوتا ہے سوائے قبائلی علاقوں کے۔

حکومت پنجاب نے 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف تحفظ ایکٹ منظور کیا، اور خیبر پختونخواہ میں بھی پہلی بار 2021 میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ منظور کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں، مگر ان کے مؤثر نفاذ میں کئی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان قوانین کے باوجود، خواتین ابھی بھی انصاف حاصل کرنے اور تشدد سے بچاؤ میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ میں ان قوانین کے بارے میں آگاہی کی کمی ہے۔ پاکستان کی پولیس فورس میں خواتین کی تعداد 2 فیصد سے بھی کم ہے، جو ایک بڑی رکاوٹ ہے، جبکہ پاکستان کی ثقافتی اور سماجی روایات بھی اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بناتی ہیں۔

تیزاب گردی سے متعلق واقعات اور قانون سازی

اس کے علاوہ، پچھلے سال 2024 میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین ایسڈ کے حملے میں جھلس گئی تھیں۔

تیزاب گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے، گزشتہ سال ستمبر میں پنجاب اسمبلی میں پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2024 پیش کیا گیا۔ اس بل کا مقصد خواتین پر حملوں کو روکنے کے لیے ایسڈ کی خرید و فروخت کو سختی سے کنٹرول کرنا ہے۔

حکومت پاکستان نے پہلی بار 2011 میں ایسڈ حملوں کو جرم قرار دیا تھا جب قومی اسمبلی نے ایسڈ اینڈ برن کرائم بل منظور کیا تھا، جس کے تحت ایسڈ حملہ کرنے والوں کو 14 سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جاتی ہے۔

2012 میں ایک اور اہم قانون سازی کی گئی، جس کے تحت ایسڈ حملوں کے کیسز کو دہشت گردی کی عدالتوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here