۱٦ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کے مقدمے پر سماعت سات رکنی آئینی بینچ نے کی، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔

وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملٹری ٹرائل کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ عدالت نے ملٹری ٹرائل کیسز کا ریکارڈ طلب کیا تھا تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ فیصلے شہادتوں کی بنیاد پر کیے گئے یا نہیں۔ تاہم، عدالت کو یہ ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا، جس پر جسٹس رضوی نے کہا کہ حکومتی وکیل کو ایسا جواب نہیں دینا چاہیے تھا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ عدالت کا مقصد صرف یہ دیکھنا ہے کہ کیا ملٹری کورٹ میں فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے کیے گئے۔ جسٹس رضوی نے مزید کہا کہ نیچرل جسٹس کے تحت کسی کو بغیر سماعت کے سزا نہیں دی جا سکتی۔

وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے کہ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میرٹس کا جائزہ نہیں لے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آرٹیکل 8(3) اور 8(5) کے تحت بنیادی حقوق محدود ہوں تو درخواستیں ناقابل سماعت ہو جائیں گی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا آرٹیکل 8(3) کے تحت بنیادی حقوق ختم کیے جا سکتے ہیں؟ انہوں نے مزید پوچھا کہ سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے قانون میں ترمیم ممکن ہے یا نہیں۔ خواجہ حارث نے جواب دیا کہ 1962 اور 1973 کے آئین میں بنیادی حقوق مختلف تھے، لیکن زندگی کے حق اور فیئر ٹرائل کا تصور شروع سے موجود رہا ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترمیم اگست 2023 میں کی گئی تھی، لیکن اس کا اطلاق 9 مئی کے واقعات پر نہیں ہو سکتا۔ خواجہ حارث نے کہا کہ ملزمان کو تفتیشی سطح پر ہی فوج کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے مزید کہا کہ ایف آئی آر میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی دفعات بعد میں شامل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملٹری ٹرائل میں سویلینز کو شامل کرنے کا قانونی طریقہ کیا تھا؟

جسٹس جمال مندوخیل نے آرمی ایکٹ کے مقصد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آیا یہ قانون مسلح افواج کے ڈسپلن کے لیے بنایا گیا تھا یا مجرمانہ سرگرمیوں کو چیک کرنے کے لیے؟

خواجہ حارث نے جواب دیا کہ آرمی ایکٹ کا مقصد مسلح افواج کی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کو روکنا ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ اگر آرمی ایکٹ کی متعلقہ سیکشنز بحال نہ ہوئیں تو ریٹائرڈ فوجی افسران کا ٹرائل ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازوں نے یا تو جان بوجھ کر ابہام پیدا کیا یا یہ غلطی سے ہوا۔

سپریم کورٹ نے وزارت دفاع سے سویلینز کے ملٹری ٹرائلز کی تفصیلات طلب کی ہیں، جن میں کلبھوشن یادیو کے علاوہ دیگر کیسز شامل ہیں۔

سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی، اور خواجہ حارث اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here