۱٤ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
منگل کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت سات رکنی لارجر آئینی بینچ نے کی، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔
سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل پیش کیے۔
خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں سپریم کورٹ کے معروف لیاقت حسین کیس کا حوالہ دیا، جس میں سول جرائم کے لیے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کا ذکر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں بنیادی سوال یہ تھا کہ کن حالات میں اور کن سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آرمی آفیسر کے ساتھ تعلق اور آرمی کے خلاف جرم دو مختلف چیزیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی جرم میں ملزم اور جرم کے درمیان تعلق کا تعین ضروری ہے۔ خواجہ حارث نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “تعلق” سے مراد کسی شخص کا ادارے یا واقعے سے براہ راست تعلق ہے، نہ کہ محض کسی فرد یا پراپرٹی سے وابستگی۔
جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ اگر ایک عام شہری چوری اپنے فائدے کے لیے کرتا ہے، تو کیا اسے فوجی عدالت میں پیش کیا جائے گا؟
جسٹس محمد علی مظہر نے وضاحت کی کہ غیر ملکی جاسوس کو پکڑنے جیسے واقعات آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت آتے ہیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ایف بی علی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے میں الزام ادارے کے اندر کچھ لوگوں سے ملی بھگت کا تھا اور ایسے مقدمات میں ادارے کے افراد کے تعلق کا تعین ضروری ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ایف بی علی کیس کو مارشل لاء کے دور کا مقدمہ قرار دیا، جب ذوالفقار علی بھٹو سول مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ذوالفقار علی بھٹو کو ہٹانے کی کوشش میں بنایا گیا تھا۔ جسٹس رضوی نے وضاحت کی کہ مارشل لاء ختم ہونے کے بعد آئین نافذ ہوا، لیکن خواجہ حارث نے نشاندہی کی کہ عدالتی فیصلے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا ذکر موجود نہیں ہے۔
نو مئی کے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے عدالت نے سوال کیا کہ ان مظاہرین میں سے کئی کو معلوم نہیں تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال اٹھایا کہ نو مئی کو مظاہرین بغیر کسی ہتھیار کے کورکمانڈر ہاؤس تک کیسے پہنچے؟ انہوں نے اس واقعے کو سکیورٹی کی ناکامی قرار دیا۔ خواجہ حارث نے جواب میں کہا کہ مظاہرین پر الزام املاک کو نقصان پہنچانے کا ہے اور اس واقعے میں کسی فوجی افسر کا ٹرائل نہیں ہوا۔
خواجہ حارث نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت جرم تب بنتا ہے جب کوئی فوجی اہلکار شکایت کرے یا ملوث ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1967 سے قانون موجود ہے اور سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل اچانک شروع نہیں ہوا۔
سماعت کے اختتام پر وزارت دفاع کے وکیل نے کہا کہ وہ نو مئی کے مظاہرین کی تفصیلات پیش کریں گے۔
دلائل کل بھی جاری رہیں گے۔ عدالت نے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔