٣١ جنوری ۲۰۲۵

تحریر : رانا ملہی اور اعتزاز ابراہیم


اسلام آباد/لاہور

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر ملک بھر میں صحافیوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف یوم سیاہ منایا اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

ملک بھر کے پریس کلبوں اور یونین دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے گئے، جبکہ صحافیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات کی کوریج جاری رکھی۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر منعقد ہونے والے احتجاج میں مظاہرینٍ نے پیکا ایکٹ کے کالے قانون کے خلاف سخت نعرے لگائے۔ مظاہرین کا استدلال تھا کہ یہ ایکٹ آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے کی کوشش ہے، جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے واضح کیا کہ حکومت یہ مت سمجھے کہ صحافی برادری میں تقسیم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی تاریخ میں جب بھی پی ایف یو جے نے آزادی رائے کے لیے تحریک چلائی، وہ کامیاب ہوئی۔

سینئر صحافی مطیع اللہ جان کا موقف تھا کہ اس کالے قانون کے پیچھے ڈیپ اسٹیٹ کے مفادات ہیں۔ انہوں نے صدر آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قانون پر دستخط روکنے میں چودہ دن تک کامیاب ہو سکتے تھے۔

لاہور پریس کلب میں منعقد ہونے والے یوم سیاہ کی قیادت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کی۔ اس موقع پر سی پی این ای، ایمنڈ، پی بی اے، اے پی این ایس، پی یوجے، لاہور پریس کلب، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی، میڈیا ورکر آرگنائزیشن، ایپنک، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور کیمرہ مین ایسوسی ایشن سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ارشد انصاری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیکا ایک کالا قانون ہے جو حکومتی ظلم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر پاکستان نے اس پر دستخط کیے، اس دن بھٹو اور بی بی شہید کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی۔
سینئر صحافی زاہد عابد نے کہا کہ حکومتی ناعاقبت اندیشی کی وجہ سے یہ ایکٹ منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی کسی کی پگڑی اچھالنے یا فیک نیوز کے حق میں نہیں ہیں۔

سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف نے جمہوریت کی تاریخ میں میڈیا کی جدوجہد کو یاد کرایا اور کہا کہ ہر سیاسی جماعت صحافیوں کو استعمال کرتی ہے۔

پنجاب بھر کے مختلف ضلعی پریس کلبوں میں بھی پیکا ایکٹ کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ بہاولنگر، اوکاڑہ، ننکانہ، سرگودھا، خانیوال، خوشاب، شیخوپورہ، جھنگ، قصور، وہاڑی، مظفرگڑھ، چینیوٹ، میانوالی، سیالکوٹ، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت متعدد شہروں کے پریس کلبوں نے اس دن احتجاج کیا۔

ارشد انصاری نے اعلان کیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ جب تک کالا قانون ختم نہیں ہوگا، نہ خود چین سے بیٹھیں گے اور نہ بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں میں بائیکاٹ ہوں گے اور اسلام آباد سے سینیٹ و قومی اسمبلی تک ایک بڑا مارچ نکالا جائے گا۔

ارشد انصاری نے اعلان کیا کہ یہ تحریک آزادی صحافت کا آغاز ہے، جس کے تحت صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کارکنوں اور سول سوسائٹی کو متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے پی ایف یو جے عدالت میں پیکا ایکٹ کو چیلنج کرے گی۔
کراچی میں مختلف صحافتی تنظیموں کی جانب سے پیکا ترمیمی قانون کیخلاف مارچ اور احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں صحافیوں سیاہ جھنڈے بینرز اور پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے جن پر پیکا قانون نامنظور نعرے درج تھے۔احتنجاج میں سینءر صحافی مظہر عباس سمیت، خورشید عباسی، امتیاز خان فاران اور دیگر شریک تھے

کراچی پریس پر احتجاجن سیادہ جھنڈا لہرایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوءے صحافیوں کا کہنا تھا کہ وہ پیکا قانون کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی صحافیوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف یوم سیاہ منایا۔ ارشد انصاری کے مطابق، ملک بھر میں 93 پریس کلبوں میں مظاہرے ہوئے اور ہزاروں صحافیوں نے احتجاج میں حصہ لیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here