۲٨ دسمبر ۲۰۲۵
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد
صحافی منیزے جہانگیر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی میٹنگ میں دیگر میڈیا نمائندگان کے ساتھ موجود تھیں جب کمیٹی نے صرف چند منٹوں کی کارروائی میں پیکا ترمیمی بل کی منظوری دی. منیزے جہانگیر کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس اچانک بلایا گیا اور کمیٹی رکن سینیٹر عرفان صدیقی نےمیڈیا نمائندگان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تاکہ وہ کمیٹی کو پیکا ترمیمی بل سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاه کر سکیں. منیزے جہانگیر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوۓ کہا کہ اجلاس میں شریک اپوزیشن اور حکومتی ارکان تیزی میں لگ رہے تھے.
“جب میری پی پی پی کے ارکان سینیٹرز شہادت اعوان اور پلوشہ خان سے بات ہوئی تو وہ کہنے لگے ہمیں جلدی جانا ہے اور پھر کمیٹی میں انہوں نے جو چند کلمات کہے تو ظاہر ہوا کہ وہ بل کی حمایت کر رہے تھے”. منیزے جہانگیر کے بقول کمیٹی ارکان نے انہیں بتایا کہ ‘اس بل میں کوئی ترمیم نہیں ہوگی اور اسے اسی شکل میں آج منظور کیا جائیگا جس صورت میں یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا’. اگر کمیٹی بل میں ترمیم کرتی ہے اور سینیٹ اس ترمیم کے ساتھ بل پاس کرتی ہے تو پارلیمانی قوانین کے تحت ترمیم شدہ بل کی دوبارہ قومی اسمبلی سے منظوری لازمی ہے۔ ایسی صورت میں پیکا ترمیمی بل کو قانون بننے میں مزید وقت لگ جاتا۔
منیزے جہانگیر نے بتایا کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی کمیٹی میں گفتگو اور رویے سے لگ رہا تھا ‘جیسے ان سب کو اوپر سے آرڈر آیا ہے کہ ترمیمی پیکا بل کو آج کے آج منظور کرنا ہے’۔ منیزے نے مزید کہا ‘پی پی پی، اے این پی اور پی ٹی ائی ارکان اجلاس سے پہلے صحافیوں سے یہ کہہ رہے تھے کہ وہ بل کی مخالفت کرینگے لیکن اجلاس میں پہنچ کر انکا موقف تبدیل ہو گیا تھا’۔ پی ٹی آئی سینیٹر فیصل رحمان جو قائمہ کمیٹی کے چیئرمین تھے انہوں نے بھی یہ کہا کہ وہ بل کی مخالفت کرینگے لیکن میٹنگ میں انہوں نے بل کی حمایت کرتے ہوۓ سب ارکان کے ساتھ بل کی منظوری دی اور وہاں سے روانہ ہوگئے۔ اسی طرح اے این پی کے سینیٹر عمر فاروق نے بھی ترمیمی بل کو فیک نیوز کے خلاف واٹر ٹائٹ قانون قرار دیتے ہوۓ حمایت میں ووٹ دیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیکا ترمیمی بل منظور کر لیا اور مخالفت کرنے والے واحد سینیٹر کامران مرتضیٰ تھے جو کمیٹی کے رکن نہیں تھے اور انہیں میٹنگ میں اپنی ترمیم پیش کرنے کے لیے خصوصی دعوت دی گئی تھی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے میٹنگ میں بل کی حمایت کی لیکن اعلان کیا کہ اگر قانون کا رخ صحافیوں کی طرف آئے گا تو وہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔