۲٧ جنوری ۲۰۲۴
تحریر :مصطفیٰ خان
پاراچنار
ضلع کرم میں چار ماہ سے جاری راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق امن معاہدے کے تحت راستے کھولنے اور بنکرز کی مسماری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، لیکن عوام کی زندگی تاحال معمول پر نہیں آ سکی۔
پاراچنار، ضلع کرم کا صدر مقام، فیول کی قلت کے باعث سنسان پڑا ہے۔ شہری میلوں کا سفر پیدل کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مریض اسپتال نہ پہنچنے کے باعث جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ گاڑیوں اور ایمبولینس کی عدم دستیابی کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو چکے ہیں۔ حالیہ واقعات میں قبائلی افراد نے پاراچنار اسپتال سے اپنے سربراہ کا جنازہ 15 کلومیٹر پیدل سفر کر کے اپنے آبائی علاقے پہنچایا۔
اپر کرم اور لوئر کرم کے چار سے پانچ لاکھ افراد راستوں کی بندش کے باعث اپنے علاقوں میں محصور ہو چکے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے تحت اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کنوائی کے ذریعے پہنچائی جا رہی ہیں، لیکن مہنگائی کے سبب یہ اشیاء غریب عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔
21 نومبر کو لوئر کرم کے علاقے اوچت مندوری میں مسافر گاڑیوں پر حملے میں 50 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس سانحے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے کارروائی کی اور تحصیل چیئرمین آغا مزمل کو گرفتار کر لیا، جس پر قبائل نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کے مطابق بگن جھڑپوں اور آپریشن کے باعث سو سے زائد خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ متاثرین کو ٹی ڈی پیز کیمپ میں بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی حکومت نے امن کے قیام کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ منعقد کیا، جہاں عمائدین نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے امن معاہدے کے تحت عملی اقدامات اٹھانے کا اعادہ کیا۔
شہری اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ اگر امن معاہدے پر عمل درآمد کیا گیا تو ضلع کرم میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہوگا۔ امن جرگہ کے ممبران نے کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد معاہدہ تحریر کیا گیا ہے اور اب عوام اور فریقین پر لازم ہے کہ وہ معاہدے پر عمل کرتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔