۲٣ جنوری ۲۰۲۵
تحریر: شوکت کورائی
کراچی
سندھ میں یونیورسٹی ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کے خلاف صوبے بھر کی یونیورسٹیز میں اساتذہ کا احتجاج جاری ہے۔ اساتذہ نے کلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔ حکومت سندھ نے وائیس چانسلر کی تقرری سے متعلق ترمیمی مسودہ اسمبلی میں پیش کردیا ہے جبکہ اسپیکر نے اس مسودے پر مزید بحث کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔ اب اسٹینڈنگ کمیٹی میں یہ ڈرافٹ زیر بحث آئے گا۔
دوسری جانب، یونیورسٹیز کے اساتذہ نے اس ترمیمی ڈرافٹ کو مسترد کردیا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہم قانون سازی کے خلاف نہیں لیکن قانون بہتری کے لئے ہونا چاہیے، ایسا قانون جو ترقی کے بجائے پستی کی طرف لے جائے اس کی مزاحمت کی جائے گی۔
ترمیم کے مطابق سندھ میں اب ریٹائرڈ بیوروکریٹ کسی بھی یونیورسٹی کا وائس چانسلر بن سکتا ہے لیکن اساتذہ کو اعتراض ہے کہ یہ سیاسی مداخلت ہے۔ اب تک یونیورسٹی کے وائیس چانلسر پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز ہی بنتے رہے ہیں اس ترمیم کے بعد یہ شرط ختم کردی گئی ہے یعنی وائیس چانسلر کا ریسرچ کے شعبے سے تعلق ہونا ضروری نہیں ہوگا۔
بدھ کے روز کراچی یونیورسٹی سمیت این ای ڈی یونیورسٹی اور دیگر جامعات میں اساتذہ نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین سے خطاب میں اساتذہ کا کہنا تھا کہ وائیس چانسلر کوئی انتظامی عہدہ نہیں بلکہ اس ذمہ داری کا تعلق علمی نوعیت کے امور سے ہوتا ہے، جو کوئی بیروکریٹ نہیں سمجھ سکتا۔ اس کا اثر جامعات کے تعلیمی معیار پر ہوگا۔
جامعات کی اساتذہ تنظیم، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے سیکریٹری ڈاکٹر معروف بن روف کا کہنا ہے کہ ان کے دو مسائل تھے جن پر سیکریٹری یونیورسٹیز سے بات چیت چل رہی تھی لیکن ان کے مطالبات حل کرنے کے بجائے تیسرا معاملہ کھڑا کر دیا گیا ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ، “حکومت سندھ تمام جامعات میں کانٹریکٹ پر اساتذہ بھرتی کرنا چاہتی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ دوسرا ہم کسی بھی کانفرنس یا ریسرچ کے سلسلے میں بیرون ملک جانا چاہیں تو چھٹی کی منظوری اب سیکریٹری یونیورسٹیز اور بورڈ کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ اختیار وائیس چانسلر کے پاس تھا کیونکہ وائیس چانسلر کو ریسرچ کی اہمیت کا پتا ہوتا ہے۔ جب تک سیکریٹری ہماری چھٹی منظور کرے گا تب تک تو ایونٹ ہی ختم ہوجائے گا، لیکن وہ مسائل حل کرنے کے بجائے یہ ترمیم پیش کردی ہے، ہمیں یہ ترمیم کسی صورت قبول نہیں ہے۔
اگر حکومت بات چیت کرنا چاہتی ہے تو ضرور بات ہوگی لیکن ابھی تک رابطہ نہیں ہوا۔ اساتذہ اور بچے سب ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں”۔
جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر ندا علی کا کہنا ہے کہ بیوروکریٹ یونیورسٹی چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے، ایک استاد ہی یونیورسٹی چلا سکتا ہے۔ ایسی قانون سازی کریں جو جامعات کے معیار اور تعلیم میں بہتری کا باعث ہو۔
دوسری جانب حکومت سندھ کی ترجمان اور رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید کا موقف ہے کہ اساتذہ سے بات ہوگی اور ان کے تحفظات بھی سنے جائیں گے۔ ہر دور کے تقاضوں کے مطابق قانون سازی ہوتی رہتی ہے۔ اگر اساتذہ کو اعتراضات ہیں تو ان سے بات بھی ہوگی اور ان کے تحفظات بھی ختم کیے جائیں گے۔ حکومت نہیں چاہے گی کہ اساتذہ کو تکلیف پہنچے، ان کے تمام مسائل پر بات چیت ہوگی۔
سابق پروفیسر اردو یونیورسٹی ڈاکٹر توصیف احمد کا کہنا ہے یونیورسٹی اکیڈیمک آزادی اور تحقیق کا مرکز ہوتی ہے۔ بیوروکریٹ کا اکیڈمکس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بیوروکریٹ نوجوانوں کی نفسیات نہیں جانتے۔ اساتذہ ہی طلبا کو سمجھ سکتے ہیں۔ جس نے ریسرچ نہیں کی وہ اکیڈیمک اور تحقیقی معاملات کو کیسے سنبھال سکیں گے؟ اس ترمیم سے یونیورسٹیز، اسکول اور کالج بن جائیں گی۔ حکومت سندھ کافی عرصے سے منصوبہ بنا رہی ہے کہ یونیورسٹیز کا کنٹرول سنبھالے۔ پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا ہے۔
ڈاکٹر توصیف احمد کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر ترمیم کا ڈرافٹ واپس لے۔ یونیورسٹیز میں درس و تدریس کا عمل رکا ہوا ہے۔