۱٨ جنوری ۲۰۲۵
رپورٹ: شوکت کورائی
اسلام آباد
کراچی میں دیہی علاقوں کی رہائشی خواتین کی جانب سے بنائی گئی دستکاری کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں خواتین نے اپنی دستکاری کی اشیاء پیش کیں، جو ان کی مہارت اور ثقافت کی عکاسی کرتی ہیں۔ خیرپور کے نواحی گاؤں آغا علی جتوئی کی رہائشی فہمیدہ دستکاری سے اپنے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی چھوٹی بہن کی یونیورسٹی کے اخراجات بھی پورے کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ان کی آمدن ہے، اس پر ان کا حق ہے۔ وہ خود بھی پڑھ رہی ہیں اور اپنی چھوٹی بہن کو بھی پڑھا رہی ہیں۔ کاروبار سے وہ اس قابل ہیں کہ آمدن سے گھر کے مردوں کی بھی مدد کرتی ہیں۔ فہمیدہ کپڑوں پر کڑھائی، ہینڈ بیگز، کی چین اور دیگر اشیاء تیار کرتی ہیں۔ وہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے اپنی مصنوعات کو کامیابی سے فروخت کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا کام انہیں خود مختار بناتا ہے۔
ایک اور متاثر کن کہانی قرت العین پروین کی ہے، جو لاڑکانہ کے نزدیک ایک گاؤں کی رہائشی ہیں۔ اپنے کاروبار کے ذریعے اپنے اخراجات پورے کرنے کے علاوہ، قرت العین اپنے گاؤں کی ضرورت مند خواتین کو بغیر سود کے قرض بھی فراہم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں کی مدد کرتی ہیں، اس طرح کے تعاون سے وہ ایک دوسرے کو مضبوط کرتی ہیں۔
خواتین کو خود مختار بنانا اور ان کی معاونت ایک غیر سرکاری تنظیم، سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کی مدد سے ہو رہی ہے، جو ان خواتین کو تربیت اور بغیر سود کے قرض فراہم کرتی ہے۔ یہ تعاون خواتین کو اپنے ہنر کو نکھارنے اور اپنے کاروبار کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ نمائش کی آرگنائزر حاجانی مہر کا کہنا ہے کہ کئی ایسی خواتین ہیں جو اب خود کما رہی ہیں اور اپنے خاندان سمیت اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی پورے کر رہی ہیں۔
نمائش میں شریک افراد نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے چھوٹے کاروبار خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنا رہے ہیں۔ یہ کاروبار صرف پیسے کمانے کے بارے میں نہیں ہیں؛ یہ خواتین کو گھر سے باہر کی دنیا کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ سکھر سے پونم نے بھی نمائش میں بنائی گئی اشیاء پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں ان کے گھر والے انہیں اجازت نہیں دے رہے تھے، لیکن اب خاندان میں ان کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔ اس آمدن سے وہ اپنے بچوں کو پڑھا رہی ہیں۔
نمائش میں شریک خواتین کے مطابق کاروبار سے وہ مالی طور پر مضبوط ہو رہی ہیں۔ اس سے خواتین میں اعتماد پیدا ہوگا اور ان کی صلاحیتیں بھی سامنے آئیں گی۔ یہ کام انہیں گھر سے باہر نکلنے اور دنیا کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے ان میں خود اعتمادی اور اختیار کا احساس بڑھتا ہے۔
نمائش نے نہ صرف ان کی دستکاری کو پیش کرنے کا موقع فراہم کیا بلکہ پاکستان میں خواتین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی بھی پیدا کی۔ ملک کی آبادی کا تقریباً 50 فیصد خواتین پر مشتمل ہے، اس لیے قومی ترقی میں ان کی شمولیت بے حد ضروری ہے۔ نمائش میں شریک خواتین نے زور دیا کہ ترقی کے مقاصد کا حصول ممکن نہیں ہے جب تک کہ خواتین کا فعال کردار نہ ہو۔
دستکاری کی اشیاء میں کڑھائی شدہ کپڑے، فیشن ایبل بیگ، اجرک، موہن جو دڑو کے ادوار سے مماثلت رکھنے والے برتن اور دیگر چیزیں شامل تھیں، جن میں ہر ایک کی ایک منفرد اہمیت ہے۔ شرکا کے مطابق ان خواتین کی عزم اور مہارت نہ صرف سندھ کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے بھی راستہ ہموار کرتی ہے۔