۱٣ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

پیر کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کیا۔

جبکہ عدالت نے خواجہ حارث کو ہدایت کی کہ وہ کل تک اپنے دلائل مکمل کریں۔

جسٹس امین الدین خان نے ہدایت دی کہ مقدمات کے فوجی عدالتوں کو منتقل ہونے کی وجوہات مختصر طور پر بیان کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ججز کے سوالات پر بعد میں غور کیا جائے گا۔

خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی سیکشن 59(4) کو کالعدم قرار دیا ہے۔ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے نشاندہی کی کہ آرمی ایکٹ میں مختلف جرائم کا ذکر موجود ہے، جو زیادہ تر فوجی افسران پر لاگو ہوتے ہیں۔ خواجہ حارث نے وضاحت کی کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی دفعات 2D(1) اور 2D(2) کے تحت آرمی ایکٹ کا اطلاق دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سویلینز کا ٹرائل آرمی ایکٹ کی سیکشن 31D کے تحت کیا جاتا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ سیکشن 31D تو فوجی افسران کو فرائض سے روکنے کے حوالے سے ہے، کیا سویلینز کا ٹرائل بھی اس میں شامل ہوگا؟

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ آئین ٹربیونلز کی بھی توثیق کرتا ہے، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کون سے کیسز کہاں اور کیسے سنے جا سکتے ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین میں ملٹری کورٹس کی اجازت ہے، لیکن اس کا اطلاق کیسے ہوتا ہے، یہ اہم ہے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6 میں آئین کو معطل کرنے کی سزا دی گئی ہے، جو ہر قانون پر فوقیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی ایکٹ میں حلف کی خلاف ورزی پر سزا کا ذکر ہے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ آرمی ایکٹ میں آئین معطل کرنے کی سزا کیوں نہیں ہے؟

پرویز مشرف کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سنگین غداری کے ٹرائل میں ججز کے نام بھی شامل کیے گئے تھے، لیکن بعد میں نکال دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ثبوت کی جانچ نہ ہو، یہ کہنا ممکن نہیں کہ آیا آرمی ایکٹ لاگو ہوگا یا نہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے نشاندہی کی کہ آرمی ایکٹ کی کچھ دفعات میں اگست 2023 میں ترمیم کی گئی، جب کہ موجودہ کیس کے واقعات مئی 2023 میں پیش آئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بعد میں کی گئی ترامیم کو مئی کے واقعات پر لاگو کیا جا سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان کا ٹرائل آرمی ایکٹ میں ترمیم کے تحت کیا گیا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جرم کی نوعیت اہم ہے اور یہ دیکھا جانا چاہیے کہ آیا یہ آرمی ایکٹ کے دائرے میں آتا ہے یا نہیں۔

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ وزراتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث کل بھی دلائل جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here