تحریر: عصمت اللہ نیازی


لاہور

ایک زمانہ  تھا کہ ریاست کا ہر فرد  وطن کی محبت  سے سرشار، ملک  میں رہ  کر ہی اپنی زندگی  کے حسین خواب پورے کرنے کی جستجو میں  لگا رہتا تھا۔ تاہم 80 کی دھائی سے لیکر اب تک  ملک سے ہجرت کرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے. ان میں قانونی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ اب وقت کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طریقوں سے ہجرت کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کیوں کہ ملک میں کاروبار  اور ملازمتوں کے مواقوں میں نہ صرف کمی آرہی ہے  بلکہ غربت کا بسیرا وسیع سے وسیع تر ہوتا چلا جا رہا ہے۔

کاروباری حالات، روزگار کے سکڑتے مواقعوں، دہشت گردی، امن امان، جنگوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ترقی پذیر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، جس سے خاص کر نوجوان شدید دباؤ کا شکار ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ بے روزگاری اور وسائل نہ ہونے کہ وجہ سے یہ انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں .

پچھلے سال مئی میں ا قوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق تارکین وطن کی اسمگلنگ تیزی سے ایک بڑا مجرمانہ کاروبار بنتا جا رہا ہے جس پر قابو پانے کی کوششوں کو اس جرم کی بین الاقوامی نوعیت اور بہت سے ممالک میں موزوں قوانین کے فقدان کے سبب مسائل کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تارکین وطن کی اسمگلنگ کا دھندہ 5.5 تا 7 ارب  امریکی ڈالر سالانہ ہے – 2022  سے 2023 تک سمگلروں نے 223,000 تارکین وطن کو بحیرہ روم کے پار منتقل کیا جو کہ شمالی افریقہ سے اٹلی تک پھیلا سمگلنگ کا ایک سب سے بڑا اور خطرناک ترین راستہ ہے۔

میڈیا رہورٹ کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے انسانی اسمگلروں کی جانب سے لوگوں کو  آذربائیجان سمیت ایران، عراق اور سعودی عرب بلا کر وہاں سے یورپ اور مغربی ممالک بھیجے جانےکا انکشاف ہوا ہے اور اب اسکا گڑھ آذبائجان بتایا جاتا ہے کیونکہ اسکا ویزہ آن لائن صرف 26ڈالر میں دستیاب ہے. آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پاکستانی اور مقامی ٹریول ایجنٹس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جو انسانی اسمگلنگ کے تانے بُنتے ہیں اور یہ ایجنٹ یورپ یا دیگر ملکوں میں جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو باآسانی آذربائیجان کا وزٹ ویزہ دلوادیتے ہیں۔

سن 2023 کا سال انسانی اسمگلروں کے ہاتھ لگ جانے والے  تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے اب تک کا خطرناک ترین سال رہا جب دنیا بھر میں آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ  منزل مقصود تک پہنچے بغیر  راستوں  میں ہی  مارے گئے۔ یہ تعداد 2022 کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ تھی۔

 ان میں پاکستان سے غیر قانونی طور پر جانے والے  300 افراد  گزشتہ برس بحیرہ روم میں  کشتی کو پیش آنے والے خوفناک حادثے کے نتیجے میں  ہلاک ہو گئے تھے . جس نے کسی حد تک پاکستانی حکام  کو جگایا وہ بھی چند مہینوں کے لئے ، کیوں اقوام متحدہ  کے منشیات اور جرائم کے ادارے  یو این او ڈی سی نے تربیت فراہم کی تاکہ تارکین وطن کی اسمگلنگ کے خلاف اطلاعاتی بنیاد پر تحقیقات پر مبنی کاروائیاں کر کے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی ترسیل کی روک تھام کر سکے . لیکن پچھلے ہفتے  30 مزید افراد انسانی سمگلروں کے ہاتھوں چڑھ کر  اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور یوں عالمی ادارے کی تربیت بھی کام نہ آئی۔

جب حادثے ہر طرف شور مچا، تنقید ہوئی تو اعلی  حکام نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے ) کے   35 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کر دیا اور انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 13 کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا . یہ اقدام اس بات کی نشاندھی کرتا ہے کہ جنکا کام انسانی اسمگلنگ کو روکنا ہے وہی اس گھناونے دھندے میں ملوث ہیں .

  دلچسپ امر یہ ہے کہ معطل کے جانے والے اہلکاروں میں  4 انسپکٹر ، 10 سب انسپکٹر ، اور 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے علاوہ 10سپاہیوں کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے، یہاں یہ بھی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا انسانی اسمگلنگ کے اس گھناونے دھندے میں صرف انسپکٹر سے لیکر سپاہی تک ہی ملوث ہیں ، اعلی حکام کا اس سے کوئی تعلق نہیں ؟

ایف ائی ے کے اہلکاروں  کی تعیناتی گجرانوالہ گجرات اور سیالکوٹ میں تھی اور یہی وہ اضلاع ہیں جہاں انسانی اسمگلنگ عروج  پر ہے، اسکے علاوہ  منڈی بہاؤ الدین ، جہلم،  اور  راولپنڈی  کے بیروزگار افراد بھی اسمگل ہو جاتے ہیں .

میں نے منڈی بہاؤ الدین سے تعلق کہنے والے  بابر وڑائچ سے رابطہ کیا جو گزشتہ کی دھائیوں سے فرانس  اور اسپین میں رہائش پذیر ہیں اور اب قانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی معاونت بھی کرتے ہیں اور ان سے  انسانی اسمگلنگ سے متاثرہ علاقوں سے غیر قانونی  نقل مکانی والے اضلاع  سے بھاری معاوضوں کے عوض  اپنی جان  کو خطرے میں ڈال کر پرتعیش زندگی کے خواب سجانے نکل پڑتی ہیں.  بابر کا کہنا تھا کہ ، گجرات، گجرانوالہ ، سیالکوٹ ، نارووال ، منڈی بہاؤ الدین،  جہلم  راولپنڈی بنیادی طور پر وہ اضلاع ہیں جہاں بیشتر آبادی کا دارومدار زراعت  سے رہا ہے ، لیکن جوں جوں آبادی میں اضافہ ہوتا گیا ،  اور زمین جائیدادوں کی تقسیم در تقسیم نے لینڈ ہولڈنگ کو ایکڑوں سے کم کر کے اب کنالوں تک محدود کر دیا ہے .

بابر وڑائچ کے مطابق ان اضلاع میں اب ایک  خاندان کے پاس ڈیڑھ سے دو ایکڑ سے ذیادہ اراضی نہیں ، جس سے  سالانہ آمدن بمشکل ڈیڑھ دو لاکھ سے ذائد نہیں ہوپاتی۔ ایک خاندان کا  گزارا اس آمدن میں ناممکن ہے۔  اسی وجہ سے  گھر میں ایک بچہ جوانی کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسے ملک سے  قانونی یا غیر قانونی طور پر بھیجنے کے لئے ذہنی طور پر تیار کرنا شروع کر دیا جاتا ہے۔

اسکے علاوہ اب کیوں کہ ان اضلاع کی بڑی آبادی کے ایک ایک گھر کے کئی کئی افراد یورپ امریکہ منتقل ہو چکے ہیں تو پیچھے رہ جانے والے خاندانوں میں ان گھرانوں سے مقابلہ بھی شروع ہو جاتا ہے کہ اگر انکا بچہ یورپ جا سکتا ہے تو ہمارا کیوں نہیں ؟ جن کے کئی کئی افراد  باہر ہیں اور ڈالر اور یورو بھیج رہے ہوتے ہیں اور انکے رہائش کا معیار بھی بلند ہوتا ہے . اس وجہ سے خاندان اپنی جمع پونجی اکھٹی کر کے زیور جائیداد بیچ کر بچہ یورپ بھیج دیتے ہیں، اور بیشتر   انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں لگ جاتے ہیں اور اگر منزل پر پہنچ گئے تو وارے نیارے ورنہ جیلوں میں سڑ گئے یا پھر  زندگی گنوا بیٹھتے ہیں .

ان علاقوں میں نوجوان خواتین اور نوبیہاتا لڑکیوں کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے۔ یورپ امریکہ جانے والے نوجوانوں کی انکی روانگی سے  پہلے خاندان کی ہی یا علاقے کی کم عمر بچیوں سے شادیاں کرا دی جاتی ہیں، اور یہ لڑکیاں کئی کئی سال تک اپنے شوہر کی راہ تکتے تکتے بوڑھی ہو جاتی ہی۔ جس وجہ یورپ میں انکا قیام غیر قانونی ہوتا ہے اور قانونی دستاویزات مکمل ہوتے ہوتے کئی کئی سال لگ جاتے ہیں اور وہ پاکستان واپس نہیں آپاتے۔

تعلیم نہ ہو نے  اور خاندانی دباؤ کی وجہ سے یہ لڑکیاں گھر کی چار دیواری میں ہی زندہ درگور ہو جاتی ہیں۔ یہ انسانی حقوق کی پامالی کا بدترین پہلو ہے جس پر شاید انسانی حقوق کے علمبرداروں کی نظر بھی ابھی نہیں پڑی۔

 اس صورتحال میں اب یہ کہنا کہ “ریاست ماں  جیسے ہوتی ہے” ایک بے معنی جملے سے زیادہ کچھ نہیں کیوں کہ ملک میں نوجوان کے لئے روزگار نہیں، اور اگر کاوربار کے لئے رقم ہے تومختلف اداروں کے اہلکاروں کی رشوت ستانی اور بار بار مداخلت کی وجہ سے  کاروبار نہیں اور اعلی تعلیم اور ڈگری ہے یا کوئی ہُنر ہے تو بنا سفارش ملازمت نہیں. نہ جانے ریاست  کب جاگے گی؟

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here