۱٧ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی۔

سات رکنی آئینی بینچ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سماعت کر رہا ہے۔

سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے تفصیلی دلائل پیش کیئے۔

خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ اور اس کے رولز میں فیئر ٹرائل کا مکمل پروسیجر فراہم کیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ جسٹس عائشہ ملک، جسٹس منیب اختر، اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے فیصلوں سے کسی حد تک مختلف رائے رکھتے ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک نے آرمی ایکٹ کی شق 2(1)(d)(1) کو فیئر ٹرائل کے اصولوں کے منافی قرار دیا تھا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے آرمی ایکٹ کی شقوں پر تفصیلی رائے نہیں دی لیکن کہا کہ وہ قانونی معاملات میں لارجر بینچ کے فیصلوں کے پابند ہیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ 21 ویں آئینی ترمیم کے فیصلے میں بھی اکثریتی ججز نے ایف بی علی کیس کو تسلیم کیا تھا، لیکن کسی جج نے اس فیصلے پر جوڈیشل نظر ثانی کی بات نہیں کی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت نے ان ملزمان کو ملٹری ٹرائل میں سزا دی لیکن اپیل کے حق سے کیوں محروم رکھا؟

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ 9 مئی کو ریاستی املاک، جیسے کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ، عسکری دفاتر، اور پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے کیے گئے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں احتجاج گورنر ہاؤس یا دیگر عوامی مقامات تک محدود تھا، لیکن پہلی بار مختلف شہروں میں ایک ہی وقت میں حملے کیے گئے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ریاستی املاک پر حملے کو کسی بھی صورت سیاسی سرگرمی نہیں کہا جا سکتا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سوال صرف جرم کا نہیں بلکہ یہ ہے کہ ان جرائم کا ٹرائل کہاں ہوگا؟ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پارلیمنٹ پر حملے کے وقت ملٹری ٹرائل کیوں نہیں ہوا؟

خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 21 ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ نو ججز نے دیا تھا، جس میں ایف بی علی کیس کو بنیاد بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اکثریتی ججز نے ترمیم کو تسلیم کیا تھا اور ہر جج نے اپنے انداز میں فیصلے کی حمایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ترمیم کے بغیر دہشت گردوں کے خلاف ملٹری ٹرائل ممکن نہیں تھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ بینچ نے پہلے آرمی ایکٹ کی شقوں پر بات کرنے سے روکا، لیکن بعد میں انہی شقوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے اعتراض کیا کہ آرمی ایکٹ کی شق 2(1)(d)(1) اور دیگر شقوں کو کالعدم قرار دینے سے پہلے اٹارنی جنرل کو شنوائی کا مکمل حق نہیں دیا گیا۔

فیصل صدیقی نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے آرمی ایکٹ کی شقوں کو چیلنج کرنے کے بجائے کیس کو آئین کے تحت دیکھا جائے کا مؤقف اپنایا تھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کی تصویری شواہد عدالت میں پیش کی گئی ہیں، جن میں ریاستی املاک کو نقصان پہنچنے کے شواہد موجود ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ آیا ان حملوں کے دوران کوئی دفاعی اہلکار زخمی ہوا یا جان سے ہاتھ دھو بیٹھا؟ خواجہ حارث نے جواب دیا کہ مسلح حملہ آوروں کے ہاتھوں لوگ زخمی بھی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

عدالت نے اعلان کیا کہ پیر سے کیس کی سماعت فل ڈے ہوگی۔ تاہم، خواجہ حارث نے ذاتی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے مسترد کر دیا گیا۔ جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ تمام مقدمات ڈی لسٹ ہو چکے ہیں، اور کیس کے جلد فیصلے کی توقع ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here