۲۰ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

منگل کے روز سپریم کورٹ میں بنچز کے اختیارات اور مقدمات کی منتقلی سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور وضاحت دی کہ عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ مقرر نہ ہونے کی وجہ ایک انتظامی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس آئینی بنچ کے لیے مقرر ہونا تھا لیکن غلطی سے ریگولر بنچ میں لگ گیا۔

جسٹس عقیل عباسی نے استفسار کیا، “اگر یہ غلطی تھی تو پہلے کیوں نہیں پکڑی گئی؟ اب اچانک اس کا ادراک کیسے ہوا؟”

رجسٹرار نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ غلطی مقدمے کو غلط بنچ میں لگانے سے متعلق تھی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے سوال اٹھایا کہ “پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اس معاملے پر اجلاس کیوں ہوا؟ کیا کمیٹی نے خود اجلاس بلایا یا آپ نے درخواست کی؟” رجسٹرار نے بتایا کہ انہوں نے کمیٹی کو نوٹ لکھا تھا۔

جسٹس منصور نے نوٹ کے حوالے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا، “ہمارے آرڈر میں واضح طور پر لکھا تھا کہ کیس کس بنچ میں لگنا ہے، تو آپ نے کمیٹی کو نوٹ کیوں لکھا؟”

جبکہ رجسٹرار نے کمیٹی کو لکھا گیا نوٹ عدالت کے سامنے پیش کیا۔

نوٹ کا جائزہ لینے کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ نوٹ میں عدالتی حکم کے مطابق کوئی وضاحت شامل نہیں تھی اور یہ کمیٹی کے فیصلے کا دفاع کرنے کے لیے لکھا گیا تھا۔

رجسٹرار نے وضاحت دی کہ کمیٹی نے کیس آئینی بنچ کی کمیٹی کو بھیج دیا تھا، اور آئینی بنچ نے 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلقہ مقدمات 27 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کیے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا، “پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا کام صرف مقدمات کو پہلی بار مقرر کرنے تک محدود ہے۔ اگر کیس بنچ میں مقرر ہو چکا ہو تو کمیٹی کا کام ختم ہو جاتا ہے۔”

سپریم کورٹ نے اس معاملے پر سینئر وکلا منیر اے ملک اور حامد خان کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔ اٹارنی جنرل کو بھی طلب کر لیا گیا تاکہ وہ عدالت کی معاونت کر سکیں۔ عدالت نے کہا کہ “ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ججز کمیٹی کسی بینچ سے زیر سماعت مقدمہ واپس لینے کا اختیار رکھتی ہے یا نہیں۔”

سماعت کے دوران بیرسٹر صلاح الدین نے عدالت کو بتایا کہ “کمیٹی یا ریسرچ افسر صرف یہ سفارش کر سکتے ہیں کہ مقدمہ کس بینچ کے سامنے پیش ہونا چاہیے، لیکن یہ فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ایسے فیصلے ہو چکے ہیں جن میں جوڈیشل آرڈر کے ذریعے مقدمات فل کورٹ کو بھجوائے گئے، جیسا کہ قاضی فائز عیسیٰ کیس اور افتخار چوہدری کیس میں ہوا۔

جسٹس عقیل عباسی نے کہا، “ایسا کیوں ہوتا ہے کہ مقدمے سننے سے پہلے ہی بینچ تبدیل کر دیا جاتا ہے؟ کیا یہ عدالت کی آزادی کو متاثر نہیں کرتا؟”

عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ وہ اس نکتے پر عدالت کی معاونت کریں کہ کیا توہین عدالت کے کیس میں کمیٹی کے فیصلوں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار نے کمیٹی کے فیصلے کو اپنے دفاع میں پیش کیا ہے، اور عدالت اس کا جائزہ لے سکتی ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ مزید کارروائی میں عدالت یہ طے کرے گی کہ ججز کمیٹی کو زیر سماعت مقدمات واپس لینے کا اختیار حاصل ہے یا نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here