۲٤ جنوری ۲۰۲۴
رپورٹ :عمر باچا
بٹگرام
بٹگرام میں زمین کے تنازع پر 33 سالہ مہرانساء کو مبینہ طور پر اُس کے والد اور شوہر کے چچاذاد بھائی نے قتل کر دیا۔ واقعہ 8 جنوری کی رات پیش آیا، جب مقتولہ اپنے گھر میں مال مویشیوں کو چارہ ڈالنے کے بعد چارپائی پر لیٹنے گئی۔ پولیس کے مطابق، دو ملزمان میں سے ایک نے مقتولہ کو پکڑا، جبکہ دوسرے نے اُس کے سر پر چار گولیاں مار دیں۔
قتل کے اگلے دن معصوم بچے صبح ماں کے انتظار میں دروازے کے باہر کھڑے رہے اور اندر جاکر اُسے جگانے کی کوشش کرتے رہے۔ پڑوسی کے پوچھنے پر بچوں نے بتایا کہ اُن کی ماں صبح سے اُٹھ نہیں رہی اور اُس کے منہ سے خون بہہ رہا ہے۔
ڈی پی او آیاز خان کے مطابق، مقتولہ مہرانساء کے سسر اور ساس کو بھی اکتوبر 2022 میں زمین پر قبضے کے تنازع پر قتل کیا گیا تھا۔ مہرانساء کی نانی کی طرف سے ملنے والی زمین کے حصول کے لیے یہ تیسرا قتل ہے۔
مقتولہ مہرانساء اپنی زندگی اپنے دو بچوں کے ساتھ انتہائی مشکل حالات میں گزار رہی تھی۔ اب اُس کے گھر کی چوکیداری اُس کا وفادار کتا کر رہا ہے، جو نہ کسی کو قریب آنے دیتا ہے اور نہ ہی اندر داخل ہونے دیتا ہے۔
پولیس کی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ مہرانساء کا باپ راج ولی، جو اُس کے شوہر ممتاز کا سگا چچا بھی ہے، زمین حاصل کرنے کے لیے قتل کی سازش میں شامل تھا۔ ابتدا میں شوہر ممتاز پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی، تاہم تحقیقات کے بعد اصل ملزمان کا پتہ چلا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق، مہرانساء سات ماہ کی حاملہ تھی، جس پر ملزمان کے خلاف دہرے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈی پی او آیاز خان نے مزید کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے اور انصاف کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ خواتین کے قتل کے اکثر مقدمات میں راضی نامے کیے جاتے ہیں، جو جرائم پیشہ افراد کو مزید حوصلہ دیتے ہیں۔ غلام سرور، مقامی نمبردار، نے کہا کہ ایسے جرائم کو روکنے کے لیے سخت سزا ضروری ہے۔
ضلع بٹگرام پولیس کے مطابق، سال 2024 کے دوران ضلع میں کل 24 قتل کے واقعات ہوئے، جن میں 8 خواتین شامل تھیں۔ تاہم، سزا کی شرح نہایت کم ہے، جو انصاف کے نظام کی خامیوں کو ظاہر کرتی ہے۔
حکومت اور پولیس پر زور دیا جا رہا ہے کہ اس واقعہ کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مظلوم کو انصاف مل سکے۔