۱۰ فروری ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاپتہ یوٹیوبر زعیم لغاری کی بازیابی کے لیے لاہور پریس کلب کے باہر اُن کے اہل خانہ، صحافیوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے زعیم لغاری کی فوری بازیابی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
زعیم لغاری کے اہل خانہ کے مطابق، انہیں 4 فروری کی رات نامعلوم افراد نے اُن کے فلیٹ سے جبری طور پر اغواء کیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زعیم لغاری نے لاہور کے فیروز پور روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے بنائی گئی گرین لائن پر ایک تنقیدی ویڈیو بنائی تھی جس کے بعد اُنہیں نشانہ بنایا گیا۔ اغواء کے بعد سے زعیم لغاری کی کوئی خبر نہیں اور اہل خانہ اُن کی زندگی کے حوالے سے شدید تشویش کا شکار ہیں۔
احتجاج میں شریک زعیم لغاری کے چچا عبدالرشید نے کہا کہ’’ زعیم لغاری نے ایم بی اے کیا ہوا وہ ایک پڑھا لکھا نوجوان ہے اسے صحافت کا شوق تھا وہ صحافت کر رہا تھا وہ ہر سیاسی جماعت کی کوریج کرتا تھا ہر غلط کام کے خلاف آواز بلند کرتا تھا۔ چار فروری کی رات کو اس کے گھر کے دروانے کو توڑ کر کہ اس کو اٹھا لیا گیا۔ میرے بھتیجے کو تنقیدی رائے دینے کی سزا دی جا رہی ہے اور اب تک اُن کے اغواء میں ملوث افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔‘‘
زعیم لغاری کی بازیابی کے لیے اہل خانہ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔ بازیابی درخواست کے وکیل یوسف وائیں کے مطابق جسٹس فاروق حیدر نے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا ہے کہ زعیم لغاری کو جمعرات تک بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ وکیل کے مطابق عدالت نے حکام کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مظاہرے میں شریک صحافی برادری کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے پر قدغن کسی صورت قبول نہیں، اور اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ زعیم لغاری کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور صحافیوں کو آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دینے دیا جائے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر زعیم لغاری کی بازیابی کے مطالبات درج تھے۔ احتجاج پرامن رہا اور مظاہرین نے حکام سے فوری کارروائی کی اپیل کی۔
واضح رہے ویڈیو جس کے بارے میں اہل خانہ کے مطابق زعیم لغاری کو جبری لاپتہ کیا گیا یکم فروری کو زعیم لغاری نے اپنے یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس پر اپلوڈ کی جس کا ٹائٹل ’’ مریم نواز کی غضب کرپشن کی غضب کہانیاں ، ۱۰ کلومیٹر روڈ رنگ کرنے پر ۱۵ کروڑ لگا دیا ‘‘ ۔ اس ویڈیو میں زعیم لغاری کی پنجاب حکومت کی طرف سے فیروزپور روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کے لئے بنائی گئی نئی گرین لائن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دعوہ کیا کہ اس لائن کو رنگ کرنے کے لئے پندرہ کروڑ روپے لگائے گئے ہیں۔