۱۱ جنوری ۲۰۲۵

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد

پاکستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی یاسین آزاد نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن جن ججوں اور ممبرز نے سپریم کورٹ کی تعیناتیوں کی مخالفت کی اور اجلاس کا بائیکاٹ کیا انہوں نے ہائی کورٹس کے ججز کی تعیناتی کے وقت بائیکات کیوں نہیں کیا تھا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں ہائی کورٹس کے سات ججز کی سپریم کورٹ تعیناتی پر بات کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عابد زبیری کا کہنا تھا کیونکہ چھبیسویں ترمیم کا کیس ابھی زیر سماعت ہے اور کچھ درخواست گزار یہ سمجھتے ہیں کہ فل کورٹ کو اس معاملے کو سننا چاہیے اس لئے اس کیس کا فیصلہ ہونے تک ججز سپریم کورٹ میں نہ لگائے جائیں۔

جوڈیشل کمیشن نے کل کے اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

اس کے علاوہ کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین اور پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو بھی سپریم کورٹ کاجج بنانے کی منظوری دی۔جبکہ کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا ایکٹنگ جج بھی مقرر کر دیا۔

عابد زبیری کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کورٹس میں ججز کو عارضی طور پر ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات کیا جاتا ہے اس لئے ان کی تعیناتی پر اعتراض نہیں کیا گیا تھا۔عابد زبیری کی اطلاعات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس مندوخیل اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین نے چیف جسٹس عامر فاروق کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی مخالفت کی کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی سنیارٹی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک اسلام آباد ہائی کورٹ سے کسی بھی جج کو سپریم کورٹ میں نہ لایا جائے۔

واضح رہے کہ وکلاء کے ایک دھڑے نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتیوں اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے ٹرانسفر کے خلاف سوموار کے روز اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا۔تاہم وکلاء کی سب سے بڑی منتخب تنظیم پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار سمیت پانچ وکلاء تنظیموں نے آج کے وکلاء احتجاج کو مسترد کر دیا اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

‘حامد خان کو وکلاء کے گروپ کی قیادت نہیں کرنی چاہیے’

عابد زبیری نے شکوہ کیا کہ وہ خود بھی پاکستان بار کونسل کے منتخب کونسل ممبر ہیں لیکن انہیں تو پتا بھی نہیں ہے کہ پاکستان بار کونسل نے ہڑتال مخالف اعلامیے کی کب اور کس سے منظوری لی۔

پاکستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی یاسین آزاد نے عابد زبیری کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ خود مان رہے ہیں کہ سینئر ترین ججز کو ہی سپریم کورٹ لایا گیا ہے تو پھر شاہراہ دستور پر احتجاج کرنے کا کیا مقصد تھا؟

انہوں نے کہا کہ زندگی میں پہلی دفعہ انہوں نے یہ دیکھا کہ کچھ نوجوان وکلاء نے بار روم میں آ کر سیاسی نعرے بازی کی ہو۔ کیا ایسا کر کے بار ایسوسی ایشنز کو کسی سیاسی جماعت کا آلہ کار بنانا چاہتے ہیں؟

یاسین آزاد نے مشورہ دیا کہ حامد خان ایک سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں اور ان کے سینیٹر بھی ہیں اس لئے ان کو چاہیے کہ وہ وکلاء کے گروپ کی سربراہی نہ کریں۔

اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے عابد زبیری کا کہنا تھا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ (عاصمہ جہانگیر گروپ) کی سربراہی تو وفاقی وزیر قانون کرتے ہیں۔

جس پر یاسین آزاد نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات کے بعد گروپ کی سربراہی لطیف آفریدی کو سونپی گئی تھی اور ان کے قتل کے بعد پانچ لوگ عاصمہ جہانگیر گروپ کے معاملات دیکھتے ہیں۔

جب عابد زبیری سے سوال پوچھا گیا کہ کیا نئے تعینات ہونے والے ججز کو بھی فل کورٹ میں بیٹھ کر چھبیسویں ترمیم کا کیس سننا چاہیے تو ان کا کہنا تھا ہم سولہ ججز کی فل کورٹ کی بات کرتے ہیں، نئے تعینات ہونے والے ججز کو چھبسویں ترمیم کا کیس نہیں سننا چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here