۲۷ فروری ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی رپورٹ ’انڈر سیج: فریڈم آف ریلیجن اور بلیِف 2023-24‘ میں مذہبی اقلیتوں کے گھروں اور عبادت گاہوں پر ہجوم کے حملوں، احمدیوں کی قبروں کی مسلسل بے حرمتی اور کمیونٹی کے افراد کی غیر قانونی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ ہندو اور مسیحی خواتین اور بچیوں کو لاحق جبری تبدیلی مذہب کے خطرے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2024 تک 750 سے زائد افراد توہینِ مذہب کے الزامات کے تحت قید تھے۔ عقیدے کی بنیاد پر کم از کم چار قتل کے واقعات کی تصدیق کی گئی، جن میں سے تین میں احمدیہ کمیونٹی کے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
مذہبی اقلیتوں پر حملے :
رپورٹ کے مطابق، جولائی 2023 سے جون 2024 تک کے عرصے میں متعدد مذہبی اقلیتوں کو سنگین حملوں اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ مسیحی برادری، احمدی برادری، ہندو برادری، اور شیعہ کمیونٹی کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
جڑانوالہ واقعہ:
16 اگست 2023 کو پنجاب کے علاقے جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے گھروں اور چرچوں پر مشتعل ہجوم نے حملہ کر دیا۔ یہ حملہ دو مسیحی بھائیوں پر جھوٹے الزامات کے تحت کیا گیا، جنہیں بعد میں عدالت نے بے قصور قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق، حملے میں 1200 کے قریب افراد شامل تھے، جنہوں نے 80 سے زائد گھروں اور 24 چرچوں کو نقصان پہنچایا۔ پولیس کی جانب سے کارروائی میں تاخیر کی گئی، جس سے حملہ آوروں کو کھلی چھوٹ ملی۔
جھوٹے توہین مذہب کے مقدمات:
رپورٹ کے مطابق توہینِ مذہب کے قوانین کا غلط استعمال بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2023 میں 329 افراد پر توہین مذہب کے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2024 میں اب تک 225 افراد ان الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر پنجاب میں ان مقدمات میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں 566 افراد توہینِ مذہب کے الزامات میں زیرِ حراست ہیں۔
احمدی برادری کے مسائل :
احمدی برادری کو سب سے زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2024 کے عیدالاضحی کے موقع پر، 36 احمدیوں کو محض قربانی کرنے کی کوشش پر گرفتار کر لیا گیا۔ مزید برآں، مختلف شہروں میں احمدیوں کی عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی بے حرمتی کے درجنوں واقعات پیش آئے۔
شیعہ کمیونٹی کو درپیش خطرات:
پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم اور گلگت بلتستان میں شیعہ کمیونٹی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرقہ وارانہ تشدد کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔
ہندو برادری کے مسائل:
سندھ میں ہندو برادری خاص طور پر مشکلات کا شکار ہے۔ ہندو لڑکیوں کے جبری مذہب تبدیل کرنے اور زبردستی شادیوں کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے بھی اس سنگین مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومتِ پاکستان سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں۔ پولیس زیادہ تر مواقع پر انتہا پسند عناصر کو روکنے میں ناکام رہی اور بعض کیسز میں خود بھی امتیازی سلوک میں ملوث پائی گئی۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی انتہا پسندی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ توہین مذہب کے جھوٹے مقدمات کے خلاف قانونی اصلاحات کی جائیں۔ احمدیوں، ہندوؤں، مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں کو عبادت اور زندگی گزارنے کا مساوی حق دیا جائے۔