۲۷ فروری ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
سیکورٹی تجزیہ کار عامر رانا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے درمیان اختلافات موجود ہیں اور اس کی بنیادی وجہ خواتین کے خلاف سخت گیر اقدامات ہیں۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عامر رانا کا کہنا تھا کہ طالبان کے امیر ملا ہیبت الله اخوند زاد کے قدامت پسند نظریات کی وجہ سے طالبان کا منفی تاثر دنیا میں جا رہا ہے اور دنیا یہ سمجھتی ہے کہ طالبان کا موجودہ دور ملا عمر کے دور حکمرانی سے بھی سخت ہے۔
حال ہی میں افغان طالبان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ایک طرف قندھار میں طالبان کے سخت گیر سپریم لیڈر ہیبت الله اخوند زاد ہیں دوسری طرف ایسے طالبان رہنما ہیں جو عورتوں پر پابندیوں کے حق میں نہیں اور دنیا کے ساتھ رابطے بحال کرنا چاہتے ہیں۔
ہیبت الله اخوند زاد نے عورتوں کے لئے ایسا ظالمانہ نظام بچھایا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے چیف پراسیکیوٹر نے ہیبت الله اخوند زاد اور افغانستان کے چیف جسٹس کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست دے دی ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اقدامات انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔
ہیبت الله اخوند زاد نے چھٹی جماعت سے آگے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے وہ ساری عالمی این جی اوز بند کر دی ہیں جو خواتین کو نوکریاں دیتی تھیں۔ خواتین کے سیلون اور جم جانے پر پابندی لگا رکھی ہے یہاں تک کہ یہ بھی حکم دیا ہے کہ گھروں کے اندر وہ ساری کھڑکیاں بھی بند کر دی جائیں جہاں سے خواتین نظر آسکتی ہیں۔
اسی وجہ سے پچھلے ماہ طالبان کے نائب وزیر خارجہ محمد عباس ستانکزئی نے کہا کہ ہم دو کروڑ خواتین پر ظلم کررہے ہیں جس کے بعد ہیبت الله اخوند زاد نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے اور ستانکزئی کو افغانستان چھوڑنا پڑ گیا۔
عامر رانا کا کہنا تھا کہ ہیبت الله کے خلاف بغاوت کرنا مشکل ہوگا کیونکہ تمام طالبان نے ان کے ہاتھ پر بیعت کی ہوئی ہے اور بیعت کو توڑنے پر شرعی طور پر سخت سزا ملتی ہے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی صورتحال میں غیر جانبدار نہیں رہے گا۔ لیکن فی الحال ہیبت الله اخوندزاد کے خلاف بغاوت کرنا مشکل ہوگا کیوں کہ انہوں نے حقانیوں کے علاقے میں اپنے وفادار قندھاری گروپ کے لوگوں کو تعینات کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ حقانیوں کو پاکستان سے مدد نہ مل سکے۔
عامر رانا کا مزید کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کی ساری گڑ بڑ خیبرپختونخوا کے اندر ہے لیکن بلوچستان اور جہاں جہاں قندھاری گروپ ہے وہاں پر ان کا کردار کم رہا۔ پاکستان نے بہت کوشش کی کہ مولانا فضل الرحمن کے ذریعے ہیبت الله سے رابطے بحال کرنے کی کوشش کی جائے لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔
اس سوال کے جواب میں کہ اگر افغانستان غیر مستحکم ہوا تو پاکستان کیسے متاثر ہوگا عامر رانا کا کہنا تھا کہ اس دفعہ اگر افغانستان سے لوگوں کا انخلا ہوا تو وہ پر امن نہیں ہوگا۔ لوگ اگر بارڈر پر آئیں گے تو پاکستان ان کو روکنے کی کوشش کرے گا جس کے نتیجے میں خونی تصادم کا خدشہ ہے۔