۳ فروری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم ، رانا مالہی


لاہور

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز کے دوسرے صوبوں سے تبادلے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار،اسلام آباد بار کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، جبکہ اسلام آباد بار کونسل کے زیر اہتمام آل پاکستان لائیرز کنونشن میں دس فروری کو اسلام آباد کے شاہراہِ دستور پر ان تبادلوں کیخلاف احتجاج کا اعلان بھی ہوا۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 200 کی ذیلی شق (1) کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو، اور بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کر دیا ہے۔بائیکاٹ کی وجہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 80 فیصد سے زائد کیسز میں وکلا پیش نہیں ہوئے۔

ملک بھر سے وکلا کی بڑی تعداد نےاسلام آباد میں ہونے والے وکلا کنونشن میں شرکت کی، جہاں مختلف بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ بار کونسلز نے مطالبہ کیا کہ ججز کے تبادلوں کا نوٹیفیکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد نے خطاب میں کہا پہلے 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی اور اب پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔

صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نعیم علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز کا تبادلہ بدنیتی پر مبنی ہے اور اس سے عدالتی سنیارٹی کا نظام متاثر ہوگا۔

دوسری طرف سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اشتیاق احمد خان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 26 آئینی ترمیم کیس کو فل کورٹ میں لگایا جائے اور جب تک فل کورٹ کا فیصلہ نہ آجائے تب تک ججز کے تبادلے نہیں ہونا چاہیے ۔

لاہور بار ایسویسی ایشن کے صدر مبشر رحمان کا وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ججز کا تبادلہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہے اور اپنی مرضی کا چیف جسٹس لانے لیے یہ ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ جب تک اس فیصلے کو واپس نہیں لایا جاتا وکلا برادری احتجاج جاری رکھے گی۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار نے بھی ججوں کے اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر پر ہڑتال کی اور ‏وکلا ارجنٹ کیسز کے بعد عدالتوں میں پیش نہیں ہوے۔جبکہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ججز کی ٹرانسفر کو آئین کے تحت اچھا اقدام قرار دیا۔انکے بقول وفاق پورے ملک کا ہے اور مزید ججز بھی دیگر صوبوں سے آنے چاہئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here