۴ فروری ۲۰۲۵
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
منگل کے روز سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ اس اہم مقدمے کی سماعت کر رہا ہے۔سزا یافتہ ملزم ارزم جنید کے وکیل، سلمان اکرم راجہ نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے۔
سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی علی کیس 1962 کے آئین کے مطابق طے پایا تھا اور اس کیس میں بھی یہی اصول طے ہوا کہ سویلینز کے ٹرائل کے لیے بنیادی حقوق کی مکمل پاسداری ضروری ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے سوال اٹھایا کہ ایف بی علی خود بھی سویلین تھے، اس کے باوجود ان کا کورٹ مارشل کیسے ممکن ہوا؟
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ آرمی ایکٹ کے تحت فوجی عدالتوں کے کیا اختیارات ہیں؟ کیا کوئی ایسا شخص، جو فوج کا حصہ نہ ہو، محض جرم کی بنیاد پر فوجی عدالت کے دائرہ کار میں آ سکتا ہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ آرمی ایکٹ کی بعض شقیں ایسے حالات پیدا کرتی ہیں جن میں سویلین کو فوجی عدالت کے تابع کیاجاسکتا ہے، جو کہ بنیادی حقوق کے منافی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 175(3) آزاد ٹرائل کو یقینی بناتا ہے، جبکہ آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ون اور ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ اگر ان شقوں کو ختم کر دیا جائے تو ملک دشمن عناصر کے لیے کام کرنے والوں کا بھی ملٹری ٹرائل ممکن نہیں رہےگا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا دنیا کے کسی اور ملک میں آرمی ایکٹ میں ایسی کوئی شق موجود ہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ انہوں نے ریسرچ کی ہے اور ایسی کوئی شق دنیا میں کہیں نہیں پائی جاتی۔
سلمان اکرم راجہ نے بھارتی آرمی ایکٹ اور پاکستانی آرمی ایکٹ کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ملٹری ٹرائل کے خلاف اپیل ٹربیونل میں جاتی ہے، جہاں ضمانت کا حق بھی دیا جاتا ہے اور شفاف ٹرائل یقینی بنایا جاتا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ اگر بھارت میں ایسی شقیں موجود ہی نہیں تو تقابلی جائزہ کیسے ممکن ہے؟ جس پر جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ دونوں ممالک کے قوانین مختلف ہیں، اس لیے براہ راست موازنہ مناسب نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل میں ماضی کے عدالتی فیصلوں اور تاریخی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ بریگیڈیئر (ر) ایف بی علی کو ضیاء الحق نے بطور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل فوجی عدالت سے عمر قید کی سزا دی، لیکن بعد میں جب ضیاء الحق آرمی چیف بنے تو انہوں نے خود ہی سزا ختم کر دی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، “ہو سکتا ہے ضیاء الحق نے بعد میں سوچا ہو کہ وہ پہلے غلط تھا۔”
جسٹس مسرت ہلالی نے مزید کہا، “کہیں ایسا تو نہیں کہ ضیاء الحق نے بعد میں ایف بی علی سے معافی مانگی ہو؟” ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا 1962 کا آئین درست تھا؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب میں کہا کہ 1962 کا آئین شروع ہی اس بات سے ہوتا ہے کہ میں فیلڈ مارشل ایوب خان خود کو اختیارات سونپ رہا ہوں۔ اس زمانے میں ایسے فتوے دیے گئے جس میں یہ کہا گیا کہ اسلام میں بنیادی حقوق کا تصور ہی موجود نہیں ہے۔ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ “فتوے دینے والے وہیں رہتے ہیں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔”
سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ کہا جاتا ہے کہ آرمی ایکٹ میں سویلین سے متعلق دفعات دہشت گردوں کے لیے ہیں، لیکن حقیقت میں حکومت انہیں اپنے مخالفین پر لاگو کر رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان پر بھی ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں انہیں 26 نومبر کو تین رینجرز اہلکاروں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دھمکایا جا رہا ہے کہ اگر وہ عدالتوں میں اور ٹی وی پر بولنا بند نہ کریں تو انہیں بھی فوجی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں 7 فروری کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
عدالت میں تفصیلی بحث کے بعد فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ سلمان اکرم راجہ پیر کے روز بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
ایف بی علی کون تھے؟
بریگیڈیئر ایف بی علی نے دو بڑے واقعات میں اہم کردار ادا کیا۔ دسمبر 1971 میں یحییٰ خان کے خلاف بغاوت اور 1973 میں ذولفقار علی بھٹو کے خلاف ایک منصوبہ بندی، جس کو اٹک سازش کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اس کیس میں انہیں اس وقت کے فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میجر جنرل ضیاء الحق نے عمر قید کی سزا سنائی تھی، جس کو انہوں نے آرمی چیف بننے کے بعد خود ہی ختم کر دیا تھا