۴ فروری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے چوہنگ میں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے لاہور بار ایوسی ایشن کے ممبر ایڈووکیٹ میاں نوید کو قتل کر دیا۔ وہ صبح کے وقت اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر واپس آ رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔

مقتول کے والد میاں محمد جمیل کی مدعیت میں واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق میاں نوید جب اپنے گھر کے گیٹ پر پہنچے تو دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پیچھے سے آ کر ان پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ گلی کے کونے پر ایک سفید رنگ کی گاڑی بھی موجود تھی جو حملہ آوروں کی مدد کے لیے وہاں کھڑی تھی۔ فائرنگ کے بعد یہ گاڑی بھی فوری طور پر موقع سے فرار ہوگئی۔

پولیس نے قتل کے واقعہ پر میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں حملہ آوروں کی تصاویر دیکھی جا سکتی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد رائیونڈ روڈ کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے قتل کے پیچھے ممکنہ طور پر ان کی سابقہ بیوی کے ساتھ رنجش ہو سکتی ہے، تاہم تمام پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

قتل کے واقعے پر لاہور بار ایسوسی ایشن اور پنجاب بار کونسل کی جانب سے شدید مذمتی بیانات جاری کیے گئے۔ وکلاء تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وکلاء کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بار کونسلز کے مطابق وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ باعث تشویش ہے اور حکومت کو اس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں لاہور بار ایسوسی ایشن کی لائف ممبر ایڈووکیٹ سائرہ اشفاق کی لاش حافظ آباد کی نہر سے برآمد ہوئی تھی۔ مقتولہ 26 دسمبر سے لاپتہ تھیں اور واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔ وکلاء تنظیموں کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے تسلسل نے وکلاء برادری میں عدم تحفظ کی فضا پیدا کر دی ہے اور حکومت کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here