۶ فروری ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور 

لاہور کے علاقے رائیونڈ میں ایک پولیس اہلکار سمیت آٹھ افراد نے دو کمسن بچیوں کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی، اور تشدد کر کہ برہنہ ویڈیو بناتے رہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ پولیس اہلکار سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ پولیس کانسٹیبل ارسلان، اینٹی رائٹ فورس میں تعینات ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ رائیونڈ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک پولیس اہلکار ارسلان اپنے ساتھیوں عاطف، ابوبکر اور دیگر پانچ نامعلوم افراد کے ہمراہ ایک بیوہ خاتون کے گھر میں داخل ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ایک گونگے اور ایک نامعلوم شخص کو پکڑ رکھا تھا اور اس پر تشدد کر رہے تھے۔ انہوں نے بیوہ خاتون پر جسم فروشی کا الزام لگایا جس پر خاتون نے صفائی دی کہ وہ گھروں میں کام کاج کرکے گزر بسر کرتی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے خاتون کی 14 سالہ بیٹی اور بھانجی کو زبردستی ایک کمرے میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان کی ویڈیوز بنائیں۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں گن پوائنٹ پر باہر بٹھایا گیا اور دھمکی دی گئی کہ اگر کسی کو اطلاع دی تو ویڈیو وائرل کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ملزمان نے گھر سے 37,000 روپے بھی لوٹ لیے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا کو جاری بیان میں بتایا کہ واقعہ میں ملوث تین ملزمان ابوبکر ولد خالد، سہیل ولد یوسف، اور ثقلین ولد صادق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملوث پولیس کانسٹیبل ارسلان، جو اینٹی رائٹ فورس میں تعینات ہے، کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

فیصل کامران کے مطابق تمام ملزمان مقامی ہیں اور مکو والی گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس اہلکار ارسلان ذاتی حیثیت میں جائے وقوعہ پر موجود تھا۔ ابتدائی رپورٹ کے برعکس پولیس نے نہ تو چھاپہ مارا اور نہ ہی یہ واقعہ کسی چھاپے کے دوران پیش آیا۔ ابتدائی رپورٹ میں دو پولیس اہلکاروں کا ذکر کیا گیا تھا لیکن مقدمے کی درخواست میں صرف ایک اہلکار نامزد ہے۔

تھانہ رائیونڈ سٹی کے چوکی انچارج کو بھی واقعہ کی فوری اطلاع اعلیٰ افسران کو نہ دینے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہری ہوں یا پولیس اہلکار، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ 2 فروری کو پیش آیا تھا، لیکن پولیس اہلکار کے ملوث ہونے کے باعث پولیس نے ابتدائی طور پر اسے دبانے کی کوشش کی۔ تاہم، سوشل میڈیا اور میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد 5 فروری کو ایف آئی آر درج کی گئی اور اعلیٰ حکام حرکت میں آئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here