26 فروری 2025
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بیرسٹر ضمیر گھمرو نے کہا ہے کہ اگر مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ آنے سے پہلے وفاقی حکومت نے چولستان کینال پروجیکٹ پر کام شروع کیا تو پھر پیپلز پارٹی اتحادی حکومت میں رہنے پر نظر ثانی کرے گی۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر ضمیر گھمرو کا کہنا تھا کہ کیونکہ سسٹم میں اضافی پانی موجود ہی نہیں ہے اس لئے پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے اس منصوبے پر عمل نہیں ہونا چاہیے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے جو درخواست مشترکہ مفادات کونسل میں جمع کروا رکھی ہے، اس پر فوری طور پر فیصلہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ دریائے سندھ سے چھ نہریں نکال کر پنجاب کے چولستان کے ریگستانی علاقے کو آباد کرنے کے وفاقی حکومت کے منصوبے کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج پچھلے کئی مہینوں سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے چولستان کی صحرائی زمین کو آباد کرنے کے لئے ساڑھے چار لاکھ ایکڑ فٹ پانی مزید چاہیے ہوگا۔ سندھ کو خدشہ ہے کہ یہ اضافی پانی سندھ کے حصے سے پنجاب کو دیا جائے گا کیوں کہ پنجاب کو پہلے ہی آبپاشی کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
اور پنجاب کئی دفعہ اپنے حصے کے پانی میں اضافے کی درخواست کر چکا ہے۔
تاہم سندھ کی حکومت اور عوامی احتجاج کے باوجود ارسا، جو کہ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کا ادارہ ہے، نے چولستان کنال پروجیکٹ کے لئے پانی مہیا کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی براۓ آبی وسائل کے رکن خلیل طاہر سندھو کا موقف تھا کہ چولستان کنال پروجیکٹ سے پینتیس لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوگی اور اب اس معاملے پر سیاست بھی ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آبائی وسائل سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیپلز پارٹی کو یقین دلایا تھا کہ چھ نہروں کے لئے سندھ کا ایک بوند پانی بھی استعمال نہیں ہوگا۔
نہریں نکال کر چولستان کی صحرائی زمین کو آباد کرنے کا منصوبہ کیوں قابل عمل نہیں؟
پروگرام میں شریک آبی وسائل کے ماہر ڈاکٹر حسن عباس کا کہنا تھا کہ اگر آپ اکیسویں صدی میں بھی نہر نکل کر زمین کو آباد کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو دوبارہ سوچنا چاہیے کیونکہ نہریں ہموار زمین پر بنتی ہیں اور ریگستان میں ٹیلے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے نہروں کا منصوبہ زیادہ کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہر سرمایہ کار زمین آباد کرنے کے لئے جدید اریگیشن سسٹم لگائے گا جس میں ڈرپ اور سپرنٹر سسٹم شامل ہوتے ہیں اور یہ سارے سسٹمز پمپز کے ساتھ چلتے ہیں اور نہری پانی میں ریت شامل ہوتی ہے اس لئے جب نہری پانی ان جدید سسٹمز میں جاے گا تو وہ مشینوں کو جام کر دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نہری پانی زمین میں جذب ہوتا ہے جس سے کچھ عرصے بعد اس علاقے میں کھارے پانی کا مسئلہ شروع ہو جاتا ہے۔
انہوں نے انڈیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کے بعد تین دریا موڑ کر راجستھان لے کر گیا ہے لیکن وہاں ابھی تک صحرا آباد نہیں ہو سکا۔