۲۴ فروری ۲۰۲۵
تحریر : عصمت اللہ نیازی
کراچی میں گزشتہ کئی ہفتوں تک نوجوان عامر مصطفیٰ کا بیہمانہ قتل ایک معمہ بنا ہوا ہے جسے مبینہ طور پر اسکے ایک دوست نے بیدردی سے تشدد کر کے گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر کراچی کے قریب بلوچستان کے علاقے حب لیجا کر گاڑی سمیت جلا ڈالا ۔
عامر مصطفی کے قتل کے الزام میں گرفتار مقتول کے دوست ارمغان نے گذشتہ ہفتے سنسنی خیز انکشاف کئے اور پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم ارمغان نے دوران تفتیش نوجوان عامر مصطفی کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے فولڈنگ راڈ سے پہلے مصطفیٰ کو ہاتھوں اور پیروں پر مار کر زخمی کیا، اس کے بعد اپنی رائفل اٹھا کر مصطفیٰ کی جانب تین فائر بھی کیے لیکن فائر مصطفیٰ کو نہیں لگے کیونکہ فائر وارننگ دینے کے لیے کیے تھے- بعد میں اسے گاڑی سمیت جلا دیا۔
ایک دوست کے دوسرے دوست کو بیدردی سے قتل کرنےکے محرکات کیا تھے اور عامر مصطفیٰ کو کن وجوہات اور کن حالات میں قتل کیا گیا یہ معاملہ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے لیکن اصل کہانی اس کراچی شہر کی ہے جہاں مصطفی جیسے کئی لوگ اس سے قبل بھی لقمہ اجل بنے اور ماضی کی ایک کہانی بن کر رہ گئے ۔
کراچی جو دنیا کا بارہواں بڑا شہر ہے 1947 میں تقسیم کے وقت اسکی کل آبادی صرف ساڑھے 4 لاکھ تھی جو 1951 میں بھارت سے آنے والے مہاجرین کی وجہ سے صرف تین سال میں دس لاکھ سے بھی ذائد ہو گئی۔ کراچی کی آبادی میں اب تک 60 گناہ اضافہ ہو چکا ہے، جو 2 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور اس میں 2.4 فیصد کی شرح سے مسلسل اضافہ جاری ہے- کراچی میں قتل کی وارداتوں ، بھتہ خوری منشیات کی فروخت، موبائل فون ، زیورات، اور نقدی کے چھیننے کے واقعات کے علاوہ ، شہر ڈاکہ زنی، دہشت گردی اور خود کش حملوں کا بھی اب شکار ہے .
آج کی صورتحال مجھے 60 کی دہائی میں لیجاتی ہے جب کراچی امن کا گہوارہ تھا ، جرائم کی شرح آبادی کے لحاظ سے اتنی نہ تھی کہ کراچی کو دنیا کے خطرناک شہروں میں شامل کیا جائے، جیسا کہ آج کیا جاتا ہے۔ چاہے مہاجر ہو یا سندھی، میمن بوہری پارسی اور پنجابی یا بلوچ یا پھر پختون یا کشمیری سب مل جل کر رہتے تھے۔ یہ سلسلہ 80 کی دہائی کے وسط تک جاری رہا۔ سوائے 1965 کے جنرل ایوب دور کے نسلی فساد اور 1972 کے لسانی ہنگاموں کے قابل ذکر واقعہ نہیں
کراچی نہ صرف ابتدا میں ملک کا دارلخلافہ تھا بلکہ آغاز سے آج تک ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ جنرل ضیاء الحق کی آمرانہ دور اور اسکی معاشرے کو تقسیم کر کے حکمرانی کی پالیسیوں اور ملک بھر سے روزگار کی تلاش میں آبادی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ، برمی ، ایرانی ، چینی، کُرد پناہ گزینوں کے علاوہ ، افغان مہاجرین کے لئے بھی پناہ گاہ ثابت ہوا. افغانستان سے آنے والے مہاجرین نے کراچی کے امن میں آخری کیل ٹھونک دی۔
اپریل 1985 میں کراچی کے مرکزی ضلع کے سرسید کالج کی طالبہ بشریٰ زیدی کے ایک منی بس کے نیچے آکر کچل کر ہلاک ہو جانے کے بعد پورا کراچی تاریخ کے بد ترین ہنگاموں کا شکار ہو گیا اور یہ حادثہ ابتدا میں اردو اور پشتو بولنے والوں کے درمیان شدید تناؤ کا باعث بنا کیونکہ کراچی کی بیشتر پبلک ٹرانسپورٹ پر خیبر پختون خواہ سے آئے لوگ حاوی تھے۔ اس ایک حادثے نے پورے کراچی کی سماجی اور معاشرتی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں. پر امن شہر میں لسانی بنیادوں پر نہ صرف مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) جو اب متحدہ قومی موومنٹ ہے بنی بلکہ پنچابی پختون اتحاد (پی پی آئی ) بنا کر لسانیت کی جڑوں کو گہرا کیا گیا۔ جس سے کراچی آج تک سنبھل نہ سکا۔
شہر بھر میں بھتہ ، قتل غارت گری ، لوٹ مار، منشیات کے اڈوں کی بھرمار ، اور دوسرے سنگین جرائم بڑھتے چلے گئے۔ یہاں تک کہ آج شائد ہی کوئی گھر ایسا ہو جس میں ایک سے زائد فرد سے قیمتی موبائل فون یا شادی بیاہ میں شرکت کے لئے جاتے ہوے زیورات نقدی نہ لوٹی گئی ہو . الزام بحرحال ایم کیو ایم کے کارکنوں پر لگتا تھا کہ یہ جماعت مبینہ طور پر اپنے سیکٹر کمانڈروں کے زیر نگرانی جرائم میں ملوث گروپس چلاتی ہے۔
1992 میں نواز شریف کے وزارت عظمی کے پہلے دور میں فوجی آپریشن نے کراچی کے امن کو سہارا دینے کے بجائے مزید بگاڑ دیا۔ شہر کے مصروف علاقے لائنز ایریا، لانڈھی کورنگی، سعید آباد، لیاقت آباد اور بہت سے گنجان آبادیاں نو گو ایریا بن گئیں۔ آپریشن کلین اپ فوجی کی نگرانی میں اور رینجرز، پولیس اور دوسری ایجنسیوں کی شراکت سے 1996 تک جاری رہا۔ اس دور کو کراچی کے خونریزی سے بھرپور دور کے طور پر جانا جاتا ہے۔
تصادم میں سیکڑوں نوجوان مارے گئے، درجنوں آج بھی گمشدہ ہیں، الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کی ٹاپ لیڈرشپ نے یا تو ملک چھوڑ دیا یا پھر عظیم احمد طارق سمیت کئی قتل کر دئیے گئے۔ شہر میں ایم کیو ایم کی کال پر آئے دن ہڑتال اور کاروبار بند اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ معطل اور جابجا ہنگامے رہتے تھے اور بار بار شہر کے حساس علاقوں میں کرفیو لگانا پڑتا تھا۔
لیکن چاہے ایم کیو ایم ، پی پی آئی کے درمیان علاقوں پر قبضے یا تسلط کی جنگ ہو یا پھر لیاری کا گینگ وار یا پھر آج کا بڑھتا ہوا تاریخ کا بدترین سٹریٹ کرائم ، جو شہر میں پولیس کے علاوہ کئی دہائیوں سے موجود رینجرز ، اور دوسرے سیکورٹی اداروں کی موجودگی میں قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا ان ادراوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ معاملہ اب تو اغوا برائے تاوان کی وارداتوں تک جا پہنچا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے.
سٹیزن پولیس لائزان کمیٹی (سی پی ایل سی) کے دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے اعداد شمار دیکھیں تو بھیانک صورتحال نظر آتی ہے۔ سی پی ایل سی کے مطابق صرف ایک ماہ میں پولیس کو اغوا برائے تاوان کی تین، رقم کے چھینے کی 11، اور قتل اقدام قتل کی 54 شکایات موصول ہوئیں۔ اسی طرح عروس البلاد کراچی میں 1585 موبائل فون جبکہ 151 کاریں اور 3413 موٹر سائکل چھینے گئے . واضع رہے کہ کراچی میں جرائم کی یہ صرف ایک ماہ کی داستان ہے۔
کراچی جو کہ ملک کی جی ڈی پی کا 25 فیصد اور کل آمدن کا پچاس فیصد کاحصہ دار ہے، لیکن یہ شہر آخر کیوں نظر انداز کیا جاتا ہے اور حکمرانوں کی بے اعتنائی کا شکار ہے؟ اسکا جواب تلاش کرنا اتنا آسان تو نہیں لیکن اگر دیکھا جائے تو اتنا مشکل بھی نہیں .
کسی بھی میگا سٹی جیسا کہ کراچی ہے ، اسکے نظام کو چلانے میں یہاں کی منتخب لیڈرشپ کا نمایاں ہاتھ ہوتا ہے اور صوبہ ہو یا وفاقی حکومت جب مقامی لیکن حقیقی لیڈر شپ کو فیصلہ سازی میں شریک نہیں کرے گی اور فیصلہ سازی شہر کی بہتری کے بجائے عصبیت لسانیت اور گروہ بندی کا شکار رہے گی تو شہر کا حال ایسا ہی ہوتا ہے جیسا کے کراچی کا کئی دہائیوں سے ہو رہا ہے. اس میں مقامی لیڈر شپ کی بھی کمزوریاں نمایاں ہیں جو منقسم در منقسم ہوتی چلی جا رہی ہے .
اسکے علاوہ شہر کی بے قابو آبادی لوگوں کی مالی حالت، غربت بیروزگاری ، روزگار کے کم مواقع ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اتنے بڑے شہر میں لوگوں کا اپنی بقا کے لئے ہر وقت کوشاں رہنا ، کراچی میں جرائم کی بڑھنے کی بڑی اور اہم وجوہات ہیں .کراچی پولیس میں مقامی نمائندگی کم ہونے اور پولیس میں سیاسی بھرتیاں ہونا بھی کراچی میں جرائم میں اضافہ کا بڑا سبب ہے. جبکہ کراچی جیسے بڑے شہر کو جرائم سے پاک رکھنے کے لئے پولیس کی مناسب تربیت، اور اسکے پاس جدید اسلحہ اور کارآمد گاڑیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور اگر ہیں بھی تو انکی بڑی تعداد وی آئ پی ڈیوٹیوں پر معمور رہتی ہے، جس وجہ سے جرائم پیشہ افراد کو جرائم کی کھلی چھٹی ملی رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کا دارومدار کراچی سے جرائم کے خاتمے میں ہے۔ جس کے لئے شہریوں کی فلاح کے لئے اقدام بنیادی ڈھانچے اور شاہراہواں کی بہتری اور ترقی کے علاوہ امن امان کے قیام کے لئے طریقہ کار اور قوانین میں تبدیلی لانا ہونگی. فوجی آپریشن ہوچکے، جرائم کی بیج کنی کے لئے پیرا ملٹری اور پولیس پر مبنی کئی کاروائیاں ہوئیں ہر چند سال بھی رینجرز کی کراچی میں موجودگی کی مدت کو بڑھانے کا معاملہ اٹھتا ہے اگر اس میں دیر ہوجائے تو جرائم میں تیزی سے اضافہ شروع ہوجاتا ہے۔ جو اس بات کی علامت ہے کہ کراچی کا اصل معاملہ کچھ اور ہے اور اگر حکمران کراچی میں امن امان کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے حقائق پر مبنی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔
ملک کے خزانے میں ہر سال اربوں روپے کا حصہ ڈالنے والا شہر کراچی سیاسی لیڈر شپ اور طاقتور حلقوں کی طرف سے شہرپر طاقت کے ذریعے اثر بڑھانے کے لئے ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کا شکار ہے جو کے ایک خطرناک رویہ ہے۔ یہ سلسلہ اگر جاری رہا تو کراچی کا شمار بھی جنوبی امریکہ اور افریقہ کے خطرناک ترین شہروں میں ہوگا اور عامر مصطفی جیسے نوجوان جرائم پیشہ افراد کے نشانہ بنتے رہیں گے۔