٤ فروری ٢٠٢٥

اسٹاف رپورٹ


اسلام آباد

مسلم لیگ ن کے رہنما اور مشیر وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ ججز کا ان کی مرضی سے دوسری ہائی کورٹس میں ٹرانسفر کرنا صدر کا آئینی اختیار ہے اور اس کے لئے چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر ہائی کورٹس کے چیف جسٹس سے مشاورت کی گئی تھی اور وفاق کی خوبصورتی ہی اس بات میں ہے کہ سب صوبے مل کر چلیں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہونی چاہیے۔

جب میزبان منیزے جہانگیر نے ان سے سوال کیا کہ آخر ہائی کورٹ کے پندرہویں نمبر کے جج کو اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفرکرنے کی کیا وجہ ہے تو مشیر وزارت قانون نے جواب دیا کہ ان جج صاحب کا وسیع تجربہ ہے اوران کی دیانت داری اور مقدمات نمٹانے کی صلاحیت کی وجہ سے ان کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں لایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی دو سے تین نشستیں اسی لئے خالی چھوڑی گئی تھیں تاکہ تجربہ کار ججز کو تعینات کیا جا سکے۔

پروگرام میں شامل عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ججز کو ٹرانسفر کیا گیا ہے یہ کورٹ پیکنگ ہی ہے اور ایسا کر کے حکومت کچھ مخصوص کیسز میں مرضی کے فیصلے لینا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھبیسویں ترمیم کے بعد عدلیہ پر حملہ کیا گیا لیکن اس کو وکلاء کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس سرفراز ڈوگر کو لاہور ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ اس لئے لایا گیا ہے تاکہ ان کو جسٹس عامر فاروق کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ بنایا جا سکے۔

تاہم عقیل ملک نے اس بات کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ حکومت یا کسی شخص نے نہیں بلکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی ہائی کورٹ سے تین ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے جس پر وکلاء تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں اور وہ حکومت پر کورٹ پیکنگ یعنی من پسند ججز بھرتی کرنے کا الزام لگا رہی ہیں۔

بلاسفمی بزنس کی تحقیقات کے لئے کمیشن اگلے ہفتے تک بن جائے گا: بیرسٹر عقیل ملک

پروگرام کے دوسرے حصے میں توہین مذہب کے مبینہ غلط مقدمات پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی تجویز کی روشنی میں کمیشن کے قیام کے حوالے سے کام ہو جائے گا۔

بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا کہ توہین مذھب کے مبینہ غلط مقدمات قائم کرنے یا بلاسفمی بزنس میں ملوث ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی اور اس کے لئے ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی بن سکتی ہے۔

پروگرام میں متاثرہ خاندانوں کے افراد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کم عمر بچوں کو ورغلا کر اور ٹریپ کر کے توہین مذہب کے مبینہ غلط مقدمات میں پھنسایا گیا تھا اور دوران حراست ایف آئی اے نے ان پر تشدد بھی کیا اور ان سے پیسے بھی طلب کیے تھے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین مذہب کے مبینہ غلط مقدمات کے حقائق جاننے کے لئے وفاقی حکومت کو ایک ریٹائرڈ جج اور ایف آئی آئی کے ریٹائرڈ افسر سمیت چار رکنی تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

یاد رہےکہ پنجاب پولیس کی اسپیشل برانچ کی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے کچھ اہلکار چند نام نہاد مذہبی گروپوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو ورغلا کر توہین مذہب کے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرتے ہیں۔ جبکہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ نے اس سب کو بلاسفیمی بزنس کا نام دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here