19 فروری 2025

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نندتا داس نے کہا ہے کہ آج بھی بالی وڈ میں خواتین اداکاروں کو مردوں کے مقابلے میں برابر معاوضہ نہ دینے کا رجحان موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ایک فلم میں شاہ رخ خان کے مقابلے میں دیپیکا پڈوکون کو کم معاوضہ ہی ملےگا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو میں خواتین اور مرد اداکاروں میں تفریق پر مزید بات کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ اے لسٹ مرد اداکار کے مقابلے میں اے لسٹ خاتون اداکارہ تو مل جاتی ہے لیکن اے لسٹ خاتون اداکارہ اگر لیڈ رول میں ہو تو پھر اس کے مقابلے میں اے لسٹ مرد اداکار کام نہیں کرتا۔

نندتا داس ممبئی میں پیدا ہوئیں اور ان کے والد جتن داس مشہور مصور تھے جبکہ ان کی والدہ ایک مصنفہ تھیں۔ نندتا داس نے سوشل ورک میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور اپنے سماجی کام کے ذریعے ہی ان کی ملاقات فلمساز دیپا مہتا سے ہوئی جنہوں نے ان کو اپنی آنے والی فلم ‘فائر’ میں کام کرنے کی آفر دی۔

فلم ‘فائر’ کو جہاں کافی پذیرائی ملی وہیں دوسری طرف اس کو بھارت میں انتہا پسند گروہوں کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے نندتا داس کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلم کا موضوع بولڈ تھا لیکن ان کو یہ توقع نہیں تھی کہ لوگ سنیما گھروں کو آگ لگا دیں گے۔

تاہم اس فلم کے بعد نندتا داس کی اداکاری کو بہت سراہا گیا اور انہیں کئی فلموں میں کام کرنے کے مواقع ملے۔

1998 میں ہندوستان اور پاکستان کے بٹوارے کے موضوع پر بننے والی فلم ارتھ 1947 میں نندتا نے عامر خان کے مد مقابل کام کیا اور اس فلم میں انکی شاندار اداکاری کے اعتراف میں انہیں سن 2000 میں بیسٹ ڈیبیو ایکٹریس کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

اب تک نندتا داس دس مختلف زبانوں میں چالیس سے زیادہ فلموں میں کام کرچکی ہیں تاہم ان کی زیادہ تر فلمیں سماجی موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ ان کے لئے کیرئیر کا مشکل ترین سین کونسا تھا، نندتا داس کا کہنا تھا کہ بواندر فلم میں ریپ سین کی فلمبندی ان کی اداکاری کے مشکل ترین لمحات میں سے ایک تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سین کی شوٹنگ راجسھتان کے صحرا میں ہوئی تھی اور اس دوران فلم کے عملے کے علاوہ کئی اور لوگ بھی یہ منظر دیکھ رہے تھے اور اس کو دیکھ کر خوش ہو رہے تھے جس کی وجہ سے ان کو احساس ہوا کہ ریپ کے عمل کے دوران ایک خاتون کو کس اذیت سے گزرنا پڑتا ہے۔

اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سین کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے بھاری زیورات بھی پہن رکھے تھے جن کی دھار لگنے کی وجہ سے وہ زخمی بھی ہوگئی تھیں۔

جب نندتا داس سے پوچھا گیا کہ وہ مین سٹریم سینما میں کام کرنے کو فوقیت کیوں نہیں دیتیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہاں جس طرح سے بڑے اداکاروں اور فلم کے عملے کے درمیان امتیازی سلوک ہوتا ہے وہ اس کے سخت خلاف ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان کو مین سٹریم سینما میں کام کرنےکا زیادہ شوق نہیں رہا۔

نندتا داس نے اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری کے شعبے میں بھی محنت اور لگن سے اپنا مقام بنایا۔ بطور ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم ‘فراق’ جو سن 2002 کے گجرات فسادات کے پس منظر میں بنی، کئی بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکی ہے۔ ان کی ہدایتکاری میں بننے والی ایک اور فلم ‘منٹو’، سعادت حسن منٹو کی زندگی اور آزادیِ اظہار کی جدوجہد پر مبنی تھی۔ اس فلم کو بھی عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی۔ اس کے علاوہ انہوں نے حال ہی میں ایک مزدور کی زندگی پر مبنی فلم ‘زواگاٹو’ کی ہدایتکاری بھی کی ہے۔

فلم ‘منٹو’ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کی زندگی پر ڈاکومنٹری بنانا چاہتی تھیں لیکن جب انہوں نے منٹو کی زندگی کے بارے میں پڑھا تو ان کو احساس ہوا کہ منٹو کی کہانی ان کے والد جیسی ہی ہے لہٰذا انہوں نے منٹو کی زندگی پر فلم بنانے کی ٹھان لی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here