یکم فروری ۲۰۲۵
تحریر : شیر نادر
گلگت
حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے نئے بارڈر پاس قوانین نے سوست بارڈر سے منسلک چھوٹے کاروباریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی تاجروں نے اس نئی پالیسی کی سخت مخالفت کی ہے جس کے تحت مقامی باشندوں کا چین کے صوبہ سنکیانگ کا سفر مشکل بنا دیا گیا ہے۔
مقامی تاجروں نے اس پالیسی کو غریب دشمن قرار دیتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ اگر حکومت ان تاجر مخالف پالیسیوں کو واپس نہیں لے گی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
نئی پالیسی سے قبل گلگت بلتستان کے رہائشی تجارت اور سیاحت دونوں کے لیے آسان بارڈر پاس پر انحصار کرتے تھے۔ تاہم حال ہی میں ہوم ڈپارٹمنٹ نے ایک نوٹیفیکیشن جاری کر کے بارڈر پاس جانے کے قوانین سخت کر دیے ہیں۔ اب 50 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن، چیمبر آف کامرس کی رکنیت، اور کاروباری رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سوست پورٹ سے وابستہ مقامی تاجر رہنما اکبر حسین نے وائس پی کے کو بتایا، “گلگت بلتستان اور وفاقی حکومت مقامی چھوٹے تاجروں کے مسائل اور مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔”
ہنزہ سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنما امین ہنزائی نے وائس پی کے کو بتایا، “حکومت نئے قوانین کے ذریعے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو مزید بے روزگار کر رہی ہے۔ یہ قوانین نوجوانوں کی معاشی موت کے مترادف ہیں۔”
گلگت بلتستان ہوم اینڈ پریزن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری غلام حسن نے وائس پی کے کو بتایا، “بارڈر پاس کے حوالے سے نئے قوانین زیر غور ہیں، انہیں حتمی شکل نہیں دی گئی۔” انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت کاروباری برادری سے مشاورت کر رہا ہے اور ان کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنما آصف سخی نے حکومت کی تاجر دشمن پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سوست پورٹ سے سالانہ اربوں روپے کماتی ہے لیکن یہ رقم مقامی لوگوں پر خرچ نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سوست پورٹ سے وابستہ مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کر کے غیر مقامی تاجروں کو فوقیت دی جا رہی ہے۔ حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔