۱۲ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور ہربنس پورہ کے علاقے ہجویری اسکیم میں 23 سالہ خاتون لائبہ فاطمہ کو مبینہ طور پر اس کے دو سگے بھائیوں نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث نامعلوم ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت مقتولہ کے دوسرے بھائی کے طور پر ہوئی۔ والدین نے واقعہ کو دبانے کی کوشش کی، جس پر پولیس خود کیس کی مدعی بنی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ، فائرنگ کا واقعہ دس مارچ کو ہربنس پورہ کی ہجویری ہاؤسنگ اسکیم میں پیش آیا، جہاں مقتولہ کے بھائی علی حیدر نے ایک نامعلوم شخص کے ساتھ مل کر بہن کو گولیاں مار دیں۔ پولیس کو 15 پر اطلاع موصول ہونے کے بعد جب جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے تو مقتولہ کی لاش چارپائی پر پڑی تھی، جس کے جسم پر 8 گولیوں کے نشانات موجود تھے۔ اہل محلہ سے معلومات لینے پر معلوم ہوا کہ مقتولہ کو اس کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔
کیس کے تفتیشی افسر محمد حنیف نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 اور 311 شامل کی گئیں۔ انکا کہنا تھا کہ والدین نے ابتدا میں واقعے کو دبانے کی کوشش کی اور یہ موقف اپنایا کہ مقتولہ کے بھائی سے پستول صاف کرتے ہوئے غلطی سے فائر ہو گیا۔ تاہم، اہل محلہ اور دیگر گواہوں کے بیانات سے معلوم ہوا کہ مقتولہ کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کر کے اسے قتل کیا گیا۔
تفتیشی افسر محمد حنیف نے تصدیق کی کہ نامعلوم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت مقتولہ کے دوسرے بھائی ابوبکر کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے خود کو کیس کا مدعی بنایا ہے کیونکہ والدین کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کا خدشہ تھا۔ اسی لیے پولیس نے مقدمے میں دفعہ 311 شامل کی ہے، جو ’’فساد فی الارض‘‘ کی تعریف میں آتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر قتل کا مقدمہ ورثا معاف کر دیں، تو تب بھی عدالت قاتل کو سزا دے سکتی ہے، تاکہ ایسے جرائم کو روکا جا سکے۔
پولیس کے مطابق، مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ہونے والے دوسرے ملزم علی حیدر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
غیرت کے نام پر قتل اور قانون :
فوجداری مقدمات کے ماہر وکیل چوہدری محسن علی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غیرت کے نام پر قتل فساد فی الارض میں شامل ہے، اور اگر ورثا ملزمان کو معاف بھی کر دیں، تب بھی عدالت دفعہ 311 کے تحت ملزمان کو کم از کم عمر قید اور زیادہ سے زیادہ سزائے موت سنا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2016 میں ہونے والی کرمنل لاء امینڈمنٹ کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کو ناقابلِ راضی نامہ جرم قرار دیا گیا۔ اس ترمیم کے بعد غیرت کے نام پر قتل کے کئی کیسز میں پولیس خود اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرتی رہی ہے، تاکہ قاتل قانونی سزا سے نہ بچ سکیں۔