۱۵ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی کالجز میں فن فیسٹیولز، اسپورٹس گالا اور دیگر تقریبات میں رقص اور موسیقی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (کالجز)، پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تعلیمی اداروں میں ’’غیر اخلاقی اور فحش سرگرمیوں‘‘ کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایسی تقریبات منعقد کرنے والے کالجز کے پرنسپلز اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
’’بھارتی گانوں پر رقص تعلیمی اداروں کے تقدس کے منافی ہے‘‘
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے سرکاری اور نجی کالجز میں طلبہ اور اساتذہ کو فن فیسٹیولز اور دیگر تقریبات کے دوران بھارتی گانوں پر رقص کرتے دیکھا گیا ہے، جو کہ تعلیمی اداروں کے تقدس کے منافی ہے۔ اس حوالے سے تمام ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن (کالجز) کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز)، پنجاب سید انصار اظہر نے وائس پی کے سے گفتگو میں اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ کالجز میں فن فیئر اور دیگر تقریبات کے دوران اساتذہ اور پرنسپلز غیر اخلاقی رقص میں شریک ہو رہے ہیں۔
’’اساتذہ کو ایسی حرکات زیب نہیں دیتیں۔ شکایات کی بنیاد پر ہم نے اسپورٹس اور فن فیسٹیولز میں ناچ گانے پر پابندی عائد کی ہے۔ تقریبات ضرور منعقد کریں، لیکن ایسی سرگرمیوں سے اجتناب کریں جن سے غلط پیغام جائے۔‘‘
ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز لاہور پروفیسر احسن مختار نے اس پابندی کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا
’’وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن بھی یہی ہے کہ تقریبات کا معیار غیر اخلاقی نہ ہو۔ کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں، لیکن فن فیسٹیولز میں غیر اخلاقی ڈانس اور موسیقی پر مکمل پابندی ہوگی، اور ہم اس پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔‘‘
موسیقی، رقص کو فحاشی سے جوڑنا سراسر غلط ہے: سلیمہ ہاشمی
معروف آرٹسٹ اور ماہر تعلیم سلیمہ ہاشمی نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ثقافتی آزادی اور فنون لطیفہ کے فروغ کے خلاف ہے۔
’’ثقافتی حقوق، انسانی حقوق کا حصہ ہیں۔ فن، موسیقی، رقص، تھیٹر، اور کہانی سنانے کے مواقع ہر شہری کو حاصل ہونے چاہئیں۔ انہیں فحاشی سے جوڑنا سراسر غلط ہے۔ حکومت کو ثقافتی اقدار کے فروغ کے لیے تربیت دینی چاہیے، نہ کہ پابندیاں لگانی چاہئیں۔ یہ فیصلہ انتہائی سطحی اور ثقافتی ترقی میں رکاوٹ بنے گا، اسے فوراً واپس لینا چاہیے۔‘‘
نوٹیفیکیشن کے مطابق، اگر کسی کالج میں اس حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ پرنسپل، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن (کالجز) کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ پابندی پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی کالجز پر لاگو ہوگی۔