۱۷ مارچ ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
ساہیوال کے محلہ نور پارک میں مبینہ طور پر ایک شادی شدہ شخص نے 19 سالہ لڑکی کو شادی سے انکار پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتولہ کو پیٹ میں گولی لگی، اور وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر ساہیوال ٹیچنگ اسپتال لے جایا جا رہا تھا، مگر وہ راستے میں دم توڑ گئی۔
واقعہ 15 مارچ کی شام پیش آیا جب مقتولہ علیشبا لاہور میں اپنی پھوپھی سے ملنے کے بعد ساہیوال واپس پہنچی۔ ایف آئی آر کے مطابق، وہ اپنے ماموں زاد بھائی کے ساتھ رکشہ پر گھر پہنچی ہی تھی کہ ملزم عمران نے گھر کے باہر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ اور مقتولہ کی والدہ باہر نکلیں، مگر عمران نے پستول تان کر دھمکی دی کہ اگر کسی نے اسے روکنے کی کوشش کی تو وہ اسے بھی قتل کر دے گا، اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم عمران شادی شدہ اور ایک بچی کا باپ ہے، جو محلہ شمسیہ کا رہائشی ہے۔ اور اس نے مقتولہ کو شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم علیشبا اور اس کی والدہ فرزانہ نے یہ رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
مقتولہ کی والدہ فرزانہ کی مدعیت میں تھانہ غلہ منڈی میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں دفعہ 302 شامل کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جلد ملزم کو گرفتار کرے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عمران کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او ساہیوال نے ہدایت کی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے ہونے والے تمام اقدامات کی خود نگرانی کریں گے تاکہ جلد از جلد انصاف فراہم کیا جا سکے۔
پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے اعداد و شمار :
ساحل تنظیم کی رپورٹ کے مطابق، 2024 میں جنوری سے نومبر کے دوران پاکستان میں 4,558 خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
ان واقعات میں مختلف جرائم شامل تھے، جن میں 1,273 قتل کے کیسز، 799 اغوا، 533 زیادتی، 579 تشدد، 380 خودکشی، 112 غیرت کے نام پر قتل اور 882 دیگر جرائم جیسے تیزاب حملے اور غیر اخلاقی ویڈیوز کا استعمال شامل ہیں۔

جغرافیائی لحاظ سے 73 فیصد کیسز صرف پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جو کہ خواتین کے خلاف سب سے زیادہ پرتشدد صوبہ ثابت ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ان کیسز میں سے 88 فیصد واقعات کی ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ کچھ کیسز میں پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار بھی کیا۔