۱۹ مارچ ۲۰۲۵

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد

جے یو آئی ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں سب لوگوں نے تقاریر کی لیکن اس میں سوال اور جواب کا سیشن نہیں ہوا تھا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ سوال اور جواب کا سیشن ہوتا تو بہتر ہوتا کیونکہ اس طرح ہماری باتیں ان کو سمجھ آتیں اور ان کی باتیں ہمیں سمجھ آتیں، اور ہم ایک دوسرے سے کچھ سیکھ پاتے۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا غیر معمولی اجلاس اسلام آباد میں بلایا گیا تھا جس میں وزیر اعظم، آرمی چیف، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمن، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں ،کوئی تحریک اور کوئی شخصیت نہیں ہے۔اور پائیدار استحکام کے لئے قومی طاقت کے تمام عناصر کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں دہشتگردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے متفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لیے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں محسن نقوی کی عدم شرکت افسوسناک ہے: رہنما مسلم لیگ ن

تاہم قومی سلامتی کے اس اہم اجلاس سے وزیر داخلہ محسن نقوی غیر حاضر رہے تھے اور اس حوالے سے میزبان منیزے جہانگیر نے وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر براۓ رانا احسان افضل سے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کسی سرکاری کام سے باہر گئے ہوئے تھے لیکن بہتر ہوتا کہ وہ اجلاس میں شریک ہوتے اور ان کا شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے۔

یاد رہےکہ تحریک انصاف نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی اور ان کی عدم شرکت کو وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےوطن دشمنی قرار دیا تھا۔

عمران خان خود اجلاس میں شریک ہونا چاہتے تھے: رہنما تحریک انصاف

پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پارٹی میں اس اجلاس میں شرکت کے لئے مشاورت ہوئی تھی اور تحریک انصاف میں ایک رائے یہ تھی کہ اجلاس میں شرکت کر کے اپنی رائے پیش کی جائے لیکن پھر پتا چلا کہ ہماری اتحادی جماعتیں میٹنگ میں شریک نہیں ہو رہیں اس لئے ہم نے عمران خان سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے کہا حکومت کو چاہیے کہ ان کو (عمران خان) کو بھی اجلاس میں بلایا جائے۔

تاہم جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے تحریک انصاف کے اس اہم اجلاس میں شرکت نہ کرنے کو غلط فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے تحریک انصاف کو سپیس مل سکتی تھی وہ اس سے محروم ہو گئی ہے۔ نواز شریف کو بھی اس اجلاس میں شریک ہونا چاہیے تھا۔

جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا احسان افضل نے تحریک انصاف کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بارگیننگ نہیں ہونی چاہیے کہ وہ آئیں گے تو ہم شریک ہوں گے۔ اس چیز کو بنیاد کر اس طرح کے نیشنل ایجنڈے کو سبوتاژ نہیں کرنا چاہئے۔

مشترکہ اعلامیے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ مولانا فضل الرحمن کو اس مشترکہ اعلامیے پر اعتماد میں لیا گیا ہے یا نہیں۔ بلوچستان کے حوالے سے انکی رائے واضح ہے کہ وہاں کے معاملات آپریشن سےحل نہیں ہو سکتے بلکہ ان کےحقوق کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here