27 مارچ 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں 9 روز سے لاپتہ صحافی احمد نورانی کے دو بھائیوں حیدر اور علی کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی، لاپتہ افراد کی والدہ اور ہمشیرہ، ان کی وکیل ایڈووکیٹ ایمان مزاری، اور دیگر متعلقہ حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس انعام امین منہاس نے آئی جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ اس پر آئی جی علی ناصر رضوی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ معاملے کو سپروائز کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں ایک ٹیم بنائی گئی ہے، جس نے جیو فینسنگ کرائی اور کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) حاصل کیا ہے۔ تاہم، ابھی تک ان دو بھائیوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں اور سی ٹی ڈی سے معلومات حاصل کی گئی ہیں لیکن کسی کے پاس ان کے بارے میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ ملک بھر کے آئی جی جیل خانہ جات سے بھی رابطہ کیا گیا ہے، مگر وہاں بھی کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔ تمام صوبوں کے آئی جیز سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں، تاہم کسی کے پاس کوئی سراغ نہیں۔ انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو خط لکھا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے کا جواب ابھی آنا باقی ہے جبکہ بیرون ملک جانے والے افراد کے ریکارڈ کی بھی جانچ کی گئی ہے، مگر کسی بھی ایئرپورٹ سے ایسی کوئی تفصیلات نہیں ملیں جو ان بھائیوں کے باہر جانے کی تصدیق کر سکیں۔

انہوں نے مزید عدالت کو آگاہ کیا کہ چیف کمشنر اسلام آباد، قریبی اضلاع، اور مختلف ہسپتالوں میں بھی چھان بین کرائی گئی، لیکن وہاں بھی ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ون فائیو (15) پر بھی چیکنگ کرائی گئی اور اس وقت کی تمام کالز کا جائزہ لیا گیا، لیکن کسی شہری کی طرف سے ایسی کوئی کال موصول نہیں ہوئی جس میں ان دو بھائیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی گئی ہو۔

آئی جی اسلام آباد کے اس تفصیلی بیان کے بعد جسٹس انعام امین منہاس نے دوبارہ سوال کیا کہ انہیں مزید کتنا وقت درکار ہے؟ اس پر آئی جی نے کہا کہ وہ مزید دو ہفتوں کا وقت چاہتے ہیں تاکہ تحقیقاتی عمل مکمل ہو سکے۔

یہ سنتے ہی لاپتہ بھائیوں کی والدہ روسٹرم پر آ گئیں اور زار و قطار رونے لگیں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا “آپ کو دو ہفتے چاہئیں؟ آپ ایک سال لے لیں! مگر میرے بیٹے کہاں ہیں؟ مجھے میرے بچے زندہ سلامت واپس چاہئیں!”

ان کے اس بیان پر کمرہ عدالت میں ایک جذباتی ماحول پیدا ہو گیا، اور عدالت میں موجود دیگر افراد بھی ان کے دکھ سے متاثر ہوئے۔

ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے عدالت کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکلان کے اہل خانہ نے لاپتہ ہونے کے معاملے پر وزارت داخلہ کے ماتحت خفیہ اداروں پر الزام لگایا ہے، اور عدالت کو اس پہلو پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے عدالت سے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے سیف ہاؤسز کو بھی چیک کیا ہے؟ اور کیا تمام ممکنہ مقامات کی جانچ کی جا چکی ہے؟

ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے مزید کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ اسلام آباد جیسے شہر سے دو افراد اچانک غائب ہو جائیں اور کسی کو کچھ پتا نہ ہو؟ گزشتہ روز بھی ایک صحافی کو اٹھایا گیا تھا اور پھر ایف آئی اے نے اسے پیش کر دیا۔ تو کیا یہ بھی اسی طریقے سے نہیں اٹھائے گئے؟

جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے، اور وزارت دفاع کا جواب آنا اب بہت ضروری ہو چکا ہے۔ انہوں نے عدالت کے روبرو موجود سرکاری وکلا کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری دفاع خود عدالت میں جواب جمع کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ سب کچھ چیک کر لیا، ہر جگہ دیکھ لیا، تو کیا ان کو بھی چیک کیا گیا ہے؟ اگر ان کے اپنے بچے ہوتے یا ان کے کسی قریبی رشتہ دار کے بچے غائب ہو جاتے، تو وہ کیا کرتے؟

لاپتہ بھائیوں کی والدہ نے بھی جذباتی انداز میں کہا میں نے آپ سے پہلے بھی پوچھا تھا کہ اگر میرے بچوں کو کچھ ہو گیا تو کون ذمہ دار ہو گا؟

ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حکم دے کہ لاپتہ بھائیوں کو جلد از جلد بازیاب کر کے پیش کیا جائے۔ والدہ نے بھی عدالت کے سامنے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی پریشان ہیں اور ان کے لیے ہر لمحہ اذیت ناک ہے۔

عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری دفاع تحریری جواب جمع کرائیں۔ ساتھ ہی عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی تفتیش مکمل کریں اور عدالت کو رپورٹ فراہم کریں۔ جبکہ عدالت نے مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here