07 مارچ 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں معروف صحافی ارشد شریف قتل کیس کے ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس حسن اظہر رضوی، اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔

سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے کینیا کے ساتھ باہمی قانونی امداد کے معاہدے کی توثیق کے لیے مزید وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت کے دوران ارشد شریف کی بیوہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے کینیا ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہوئی ہے، مگر وفاقی حکومت نے اس کیس میں کوئی پٹیشن فائل نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے نہ کوئی معاونت کی گئی اور نہ ہی قتل کی تحقیقات میں کوئی عملی اقدامات کیے گئے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ پاکستان کے ایک معروف صحافی کو بے رحمی سے قتل کیا گیا، مگر حکومت پاکستان ان کے اہلِ خانہ کی مدد کیوں نہیں کر رہی؟

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کینیا میں جاکر کیس میں فریق بن سکتی ہے، پھر بھی وہ اس معاملے میں پیش رفت نہیں کر رہی۔

ارشد شریف کی بیوہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ابھی تک ارشد شریف کی فیملی سے کسی سرکاری ادارے نے کوئی رابطہ نہیں کیا، جس پر عدالت نے تشویش کا اظہار کیا۔

وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ کو باہمی قانونی تعاون کے لیے نوٹ لکھا جا چکا ہے۔

تاہم، جسٹس حسن اظہر رضوی نے سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر 10 دسمبر 2024 کو کینیا کے ساتھ باہمی قانونی امداد کا معاہدہ ہو چکا تھا، تو اب تک اس کی توثیق کیوں نہیں ہو سکی؟

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا معاہدے کی توثیق صدر کو کرنی ہے اور کیا وہ اس کو مسترد بھی کر سکتے ہیں؟

اس پر وزارت خارجہ کے قانونی مشیر نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ میں صدر سے معاہدے کی توثیق کروا لی جائے گی۔

سماعت کے دوران ارشد شریف کی دوسری بیوہ جویریہ صدیق کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کینیا کی ہائیکورٹ نے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، لیکن کینیا کی حکومت نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کر رکھی ہے۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے نہ تو اس کیس میں فریق بننے کی کوشش کی اور نہ ہی کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کی۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون اکیلے کینیا میں کیس لڑ رہی ہے، حکومت کو اس میں ساتھ دینے میں کیا مسئلہ ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کو جائے وقوعہ تک رسائی نہیں مل رہی، جبکہ فریق بننے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، کیونکہ تحقیقات کے لیے باقاعدہ رسائی درکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رسائی اسی وقت ممکن ہوگی جب پاکستان اور کینیا کے درمیان باہمی قانونی امداد کا معاہدہ مکمل طور پر فعال ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں تیس سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت نے اس معاملے پر ایک فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بھی مرتب کروائی تھی۔ تاہم، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق، یہ رپورٹ میڈیا میں آنے سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ کینیا ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالتی ریکارڈ پر کیوں نہیں لایا گیا؟ انہوں نے نشاندہی کی کہ جولائی 2024 میں یہ فیصلہ جاری ہوا تھا، مگر پاکستان کی حکومت نے اسے عدالت میں پیش کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ کینیا ہائیکورٹ کے فیصلے کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here