1 مارچ 2025

تحریر: شوکت کورائی


بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کراچی سے یاسر بلوچ سمیت پانچ طلبا کی جبری گمشدگی کے خلاف ملیر میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ملیر روڈ سے سیشن عدالت ملیر تک مارچ کیا اور بعد ازاں سیشن کورٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر لاپتا طلبا اور دیگر افراد کی بازیابی کے مطالبات درج تھے۔

بی وائی سی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بلوچستان سمیت کراچی سے بلوچ نوجوانوں کی گمشدگی کا سلسلہ جاری ہے، اور وہ اس پُرامن احتجاج کے ذریعے متعلقہ حکام اور عدالتوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ لاپتا افراد کے اہلخانہ کو انصاف مل سکے۔ فروری کے آخری ہفتے سے یاسر بلوچ، صابر بلوچ، نصیب بلوچ، سرفراز بلوچ اور گلزار بلوچ لاپتا ہیں، جن میں سے دو کا تعلق کراچی جبکہ باقی تین کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ یاسر بلوچ کو مبینہ طور پر یونیورسٹی سے گھر واپسی کے دوران جبری طور پر لاپتا کیا گیا۔

“یہ اجتماعی اذیت ہے”

بی وائی سی کی مرکزی کمیٹی کی رکن، ڈاکٹر سمیعہ بلوچ نے کہا کہ یہ صرف چند افراد کی گمشدگی کا معاملہ نہیں، بلکہ ایک اجتماعی اذیت ہے، جس میں لاپتا افراد کے اہلخانہ، خصوصاً مائیں اور بہنیں، سالوں تک شدید ذہنی اور جسمانی کرب میں مبتلا رہتی ہیں۔ “ہمیں معلوم تک نہیں کہ وہ کس حال میں ہوں گے۔ ریاستی اداروں کی یہ پالیسیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بلوچ طالب علموں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔”

یاسر بلوچ کی والدہ، شاہدہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا لیاری یونیورسٹی میں میڈیا سائنسز کا طالبعلم ہے۔ وہ 24 فروری کی صبح یونیورسٹی کے لیے روانہ ہوئے اور شام تک اہلخانہ سے رابطے میں رہے، مگر اس کے بعد ان کا فون بند ہوگیا۔ “ہم نے بہت انتظار کیا، لیکن وہ واپس نہیں آئے۔ ان کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی ہے، لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پولیس کہتی ہے کہ انہیں اب تک کوئی معلومات نہیں ملی۔”

بی وائی سی رہنماؤں پر دہشتگردی کے مقدمات

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما وہاب بلوچ نے کہا کہ ان کا ہر احتجاج پُرامن ہوتا ہے، اس کے باوجود ان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔ “پچھلے ماہ لیاری اور شرافی گوٹھ میں ہونے والے احتجاج کے دوران ہمیں اور دیگر مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا، اور اب بھی آٹھ نوجوان جیل میں ہیں۔ ان کے خلاف انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے، حالانکہ وہ پُرامن احتجاج کر رہے تھے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس چالان پیش نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ “میرے خلاف بھی دو مقدمات درج ہیں، جن میں میں نے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ لاپتا افراد کے اہلخانہ جب بھی انصاف کے لیے احتجاج کرتے ہیں، تو انہیں یہ حق بھی نہیں دیا جاتا اور مقدمات درج کر دیے جاتے ہیں۔”

عدالتوں میں دہشتگردی کے الزامات پر سوالات

گرفتار نوجوانوں کے وکیل، دل مراد بلوچ کا کہنا تھا کہ آٹھ نوجوانوں کے خلاف دہشتگردی قانون کے تحت مقدمہ درج ہے، لیکن انسدادِ دہشتگردی عدالتوں کا مؤقف ہے کہ پولیس کے پاس کوئی ٹھوس شواہد نہیں۔ “مقدمے میں ایسے نوجوان بھی شامل ہیں جو کوئٹہ سے فٹبال میچ کھیلنے کے لیے کراچی آئے تھے، لیکن انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔”

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر میں دفعات 123، 124-A، 147، 149، اور 341 شامل کی گئی ہیں، جبکہ پولیس نے مقدمے کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنا دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here