4 مارچ 2025
تحریر : عصمت اللہ نیازی
پاکستان میں جمہوریت جب جب آئی یہ سوالیہ نشان بنی رہی اور غیر جمہوری قوتوں کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی۔ جمھوریت، جمہوری قدروں اور جمہوری اداروں کی کارکردگی، انکے استحکام ، اور منتخب نمائندوں کی آزادانہ رائے، سیاسی جماعتوں کا کردار اور یہاں تک کہ خود سیاسی جماعتوں میں جمہوریت پر ہمیشہ بحث رہی ہے. لیکن پاکستان میں جمہوریت ہے کہ دن بدن کمزور سے کمزور تر ہوتی جا رہی ہے. اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ (ای آئی یو) کی نئی رپورٹ نے تو پاکستان کو دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل کر دیا ہے جہاں جمہوریت انتہائی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور آمریت کا عندیہ دیتی ہے.
ای آئی یو کے جاری کردہ 2024 کی ڈیموکریسی انڈیکس رپورٹ کے مطابق جمہوریت کی درجہ بندی میں پاکستان کی 6 درجے تنزلی ہو گئی ہے۔ نئی رپورٹ جو جمعرات کے روز جاری کی گئی، اس میں دنیا بھر کی 165 آزاد ریاستوں اور 2 خودمختار خطوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انڈیکس پانچ بنیادوں پر ممالک کا جائزہ لیتا ہے، جس میں انتخابی عمل، حکومت کی فعالیت، سیاسی شرکت، سیاسی ثقافت، اور شہری آزادی شامل ہیں، ہر ملک کی 4 میں سے ایک کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے، جس میں مکمل جمہوریت، ناقص جمہوریت، ہائبرڈ نظام اور آمرانہ نظام شامل ہے۔
ہمارے حکمران چاہے آج کے نواز لیگ والے ہوں یا ماضی میں پیپلز پارٹی یا پھر ساڑھے تین سال کی حکمرانی والی جماعت عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف، سب ملک میں جمہوریت کا راگ الاپتے رہے ہیں لیکن ملک میں تو دور کی بات اپنی جماعتوں میں جمہریت نہ لا سکے۔ ملک کو اور جمہوری اداروں کو جمہوری طور پر چلانے کے بجائے آمرانہ انداز میں چلا کر نہ صرف اپنی ہی جماعتوں کے منتخب عوامی نمائندوں کی آواز دباتے رہے بلکہ عوام، میڈیا یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر تنقید سے اصلاح لینے کے بجائے اس پر قدغنیں لگانے کے کے نت نئے انداز اختیار اور طریقے تلاش کرتے رہے اور کالے قوانین لاتے رہے۔
نئی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جمہوریت کی درجہ بندی 2023 میں 3.25 تھی جو 2024 میں کم ہو کر 2.84 رہ گئی ہے جس کی وجہ ملک میں انتخابی مسائل اور سیاسی بحران کو قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان عالمی درجہ بندی میں 2.84 کے مجموعی اسکور کے ساتھ 124 ویں نمبر پر رہا، پاکستان کی درجہ بندی آمرانہ حکومت کے طور پر کی گئی ہے جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔ کہاں جمہوریت کے دعوے کہاں ہائبرڈ نظام تو کجا ، ہمیں ہمارے اپنے حکمرانوں کے روئیے میں آمرانہ حکمرانی کی درجہ بندی میں لے گئے ہیں۔
اس سے پہلے کہ ہم اُن وجوہات کا جائزہ لیں جو نون لیگ کی صرف ایک سال کی حکومت میں پاکستان کو جمہوری درجہ بندی نہیں تو کم از کم ہائبرڈ نظام میں ہی جگہ دلا پاتی۔ ہم تاریخی پس منظر میں اس بات کا جائزہ لیں گے کہ مملکت خداداد جمہوریت کی آڑ میں آمریت کا کیوں شکار ہے؟
ریٹا چکروردی ، ٹریمبلے اور جولین شوفیلڈ ،جو پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ اور جمہوریت پر گہری نظر رکھتے ہیں ، کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق پاکستان میں حقیقی معنوں میں جمہوریت صرف 1947 سے 1954 تک ابتدائی ایام میں اور پھر 1971 سے1977 تک ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں اسٹیبلشمنٹ یا فوج کے دباؤ سے آزاد جمہوری حکومتیں رہیں، یعنی آزادی کے آغاز کے 7 سال اور پھر مشرقی پاکستان کی پاکستان سے علیحدگی کے بعد صرف 6 سال تک جمہوریت کا دور دورہ رہا۔ قیام پاکستان کے بعد سے 1953 تک صرف دو وزراء اعظم لیاقت علی خان اور پھر1951 میں انکے قتل کے بعد خواجہ ناظم الدین 1953 تک اور محمد علی بوگرا 1955 تک وزیر اعظم رہے۔ اس کے بعد سے ایوب خان کے 1958 میں مارشل لاء لگانے تک سول ملٹری بیورکریسی کی مداخلت اور ریشہ دوانیوں کی وجہ سے ہائبرڈ نظام چلتا رہا۔ جنرل ایوب خان کی بغاوت تک صرف دو سال کی مدت میں 4 وزراء اعظم گھر بھیج دئیےگئے، جس میں میجر جنرل اسکندر مرزا جو خود گورنر جنرل کے عہدے پر براجمان ہو گئے تھے اور جنرل ایوب کا کردار بہت اہم ہے۔
ایوب خان کی طویل آمریت کے بعد جنرل یحییٰ جو سقوط ڈھاکہ کا سبب بنے اور آج کے پاکستان میں بھٹو کے بعد 1977 سے آج تک پاکستان کو جنرل ضیاء الحق کے گیارہ سالہ اور 1988 سے 1999 تک چند سال کے ہائبرڈ نظام کے بعد جنرل پرویز مشرف کی 8 سالہ آمریت کا سامنا کرنا پڑا جس کے اثرات آج تک ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی کارکردگی اور رویوں پر بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں آمرانہ ادوار میں کئی سال تک آئین معطل رہا اور جب بحال کیا گیا تو ملک کو آٹھویں اور 17ویں ترامیم کے ذریعہ پارلیمانی جمہوریت کے بجائے صدارتی نظام کی طرف لیجایا گیا تاکہ حکومت کا کنٹرول فوجی آمر کے ہاتھ میں رہے۔ جمہوریت کے نام پر اسٹیبلشمنٹ کی بار بار مداخلت کی وجہ سے ملک عالمی طور پر نہ صرف تنقید کا نشانہ رہتا ہے بلکہ بدریج آمریت کی طرف اب بھی رواں دواں ہے۔
اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ (ای آئی یو) کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش، جنوبی کوریا اور پاکستان بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تھے، جن کی عالمی درجہ بندی میں بالترتیب 25، 10 اور 6 درجے تنزلی ہوئی۔ پاکستان کی جمہوریت کی 6 درجہ تنزلی کی وجہ ملک میں انتخابی مسائل اور سیاسی بحران کو قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کی جمہوریت کی درجہ بندی 8 فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات اور سیاسی انتشار کی وجہ سے کم ہو گئی۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان جنہیں رپورٹ میں مقبول ترین لیڈر قرار دیا گیا ہے اور انہیں انتخابات سے قبل جیل بھیجنے کے عمل کو بھی جمہوری انڈیکس میں پاکستان کی تنزلی کی اہم وجہ بتایا گیا ہے۔
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) اور ہیومن رائٹس کمشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی 2024 کے انتخابات کی رپورٹوں نے بھی انتخابی حقوق اور شفافیت پر گہرے سوال اٹھائے تھے۔ فافن کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں پولنگ کے دن ووٹ ڈالنے کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ مگر انتخابات سے پہلے اور بعد کے حالات نے جمہوری حقوق اور آزادیوں پر اس نے سوالات اٹھا دیےہیں ۔ ایچ آر سی پی نے 51 حلقوں میں انتخابات کا مشاہدہ کیا جس میں پولنگ کے دن پورے ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل رہنے، کچھ مقامات پر پولنگ کی تفصیلات میں اچانک تبدیل ہونے، ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کرنے جیسے واقعات رپورٹ ہوئے، جس سے انتخابات کی شفافیت میں مزید شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔
انتخابات کی رات نتائج کے میڈیا پر اعلان کے وقت اچانک انٹرنیٹ کی بندش اور نتائج کو صبح تک روکنے رکھنا فارم 45 اور فام 47 کا تنازعہ وہ معاملات ہیں جس کے جوابات نہ صرف جیتنے والوں کے پاس ہیں بلکہ الیکشن کمشن آف پاکستان بھی اصل حقائق بیان کرنے سے قاصر ہے.
اگر مجموئی طور پر انتخابات کے بعد ایک سال کا جائزہ لیں تو جس انداز میں شہباز شریف کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کو ملا کر اور اسٹیبلشمنٹ سے قریب دوسری جماعتوں کی مدد سے جس انداز میں مرکز اور صوبوں میں حکومت سازی ہوئی اور جس انداز میں سروسز چیفس کو ایکسٹنشن دینے، اعلیٰ عدلیہ، اور میڈیا اور سوشل میڈیا کو قابو کرنے کے لئے 26 ویں ترمیم اور پیکا 2025 کو بغیر مشاورت اور بحث کے لمحوں میں منظور کرا لیا گیا وہ نہ صرف جمہوریت کو مستقل نقصان دینے کا سبب ہے بلکہ کسی طور آمرانہ دور سے کم نہیں اور پھر فوجی عدالتیں اور ان سے سولینز کو سزائیں جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل کی مانند ہے۔