21 مارچ 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو 8 اپریل تک وضاحتی جواب جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو کابینہ کے سربراہ کو طلب کیا جائے گا۔

ایکس کی بندش کے خلاف حذیفہ نعیم اور صحافی شاکر اعوان کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جن پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان عدالت کے حکم پر پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرایا۔ تاہم، عدالتی بینچ نے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ “ایکس کھولنے کا فیصلہ کون کرے گا؟” اگر حکومت یہ مؤقف اختیار کرے کہ یہ فیصلہ کابینہ کرے گی، تو اس کے سربراہ (وزیر اعظم) کو طلب کیا جائے گا۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ریمارکس دیے کہ “آپ حادثے تو روک سکتے ہیں، مگر گاڑیوں پر پابندی نہیں لگا سکتے۔ ریاست مخالف مواد کو روکا جا سکتا ہے، مگر پورے پلیٹ فارم کو بند کرنا ممکن نہیں۔”

وکیل وفاقی حکومت اسد باجوہ نے مؤقف اپنایا کہ وزارت داخلہ کے پاس ایسا کوئی سسٹم نہیں جس سے معلوم ہو کہ کون کیا استعمال کر رہا ہے۔ اس پر عدالت نے سوال اٹھایا کہ “اگر وزارت کے پاس ایکس بند کرنے کا سسٹم موجود ہے، تو یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ یہ جاننے کی صلاحیت نہ رکھتی ہو کہ کون کیا استعمال کر رہا ہے؟”

چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان میں ایکس کے تمام صارفین وی پی این (VPN) استعمال کر رہے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پی ٹی اے بھی وی پی این استعمال کر رہا ہے؟ تو پہلے انہوں نے ہاں میں جواب دیا، لیکن بعد میں اپنا بیان بدل کر کہا کہ “ہم وی پی این استعمال نہیں کر رہے۔”

چیف جسٹس نے اس تضاد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “آپ یہاں کیا لینے آئے ہیں؟ آپ کو خود نہیں پتا اور آپ اتنا بڑا بیان دے گئے؟”

جسٹس فاروق حیدر نے استفسار کیا کہ وی پی این کو فوری طور پر بند کیوں نہیں کیا جا سکتا؟ جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے جواب دیا کہ “اس میں وقت درکار ہوگا۔” عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایک سال گزر چکا ہے اور آپ اب بھی ایک ماہ کی مہلت مانگ رہے ہیں!”

عدالت نے واضح کیا کہ “اگر ایکس بند ہے تو وی پی این پر کیسے چل رہا ہے؟” چیئرمین پی ٹی اے نے جواب دیا کہ وی پی این فری لانسنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے، جبکہ وکیل وفاقی حکومت نے مؤقف اپنایا کہ وی پی این کا استعمال کسی حد تک قانونی بھی ہے۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے چیئرمین پی ٹی اے سے سوال کیا کہ “وی پی این کے ذریعے ایکس استعمال ہونے کے کتنے اعداد و شمار (ڈیٹا) موجود ہیں؟” چیئرمین نے اعتراف کیا کہ “میرے پاس اس وقت حتمی ڈیٹا موجود نہیں۔”

اس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپ اتنی بڑی سیٹ پر بیٹھے ہیں، لیکن آپ کے پاس ڈیٹا ہی نہیں ہے؟”

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ “اگر عدالت حکم دے تو ہم فوری طور پر ایکس کھول دیں گے۔” اس پر عدالت نے کہا کہ “اس کا مطلب ہے کہ پی ٹی اے سے غلط کام ہو گیا ہے، اور اب آپ سہارا ڈھونڈ رہے ہیں۔”

عدالت نے کہا کہ “قوانین کے تحت کسی حد تک مواد کو بلاک کیا جا سکتا ہے، مگر پورے پلیٹ فارم کو بند نہیں کیا جا سکتا۔” چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ “حکومت نے اپنی ذمہ داری کیوں پوری نہیں کی؟”

عدالت نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ “ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔ بینچ کا وقت ضائع کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔”

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو وضاحتی جواب جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here