25 مارچ 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: اتور کے روز راولپنڈی میں ایک دکاندار کے خلاف پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کے تحت مقدمہ درج کر کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایک دکاندار کے خلاف درج کیا گیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل کی جس میں ایک گاڑی کو نو پارکنگ زون سے اٹھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعہ 21(1)(d) کے تحت درج کیا گیا ہے اور یہ راولپنڈی شہر میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس واقعہ کی شکایت ٹریفک وارڈن عمران سکندر نے کینٹ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی۔ مقدمے کی تفصیلات کے مطابق، ملزم نے ایک گاڑی کی ویڈیو بنائی جسے غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے اٹھایا جا رہا تھا، اور بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی گئی۔
حکام نے وضاحت کی کہ گاڑی کو قانون کے مطابق نو پارکنگ زون میں کھڑے ہونے پر چالان کیا گیا تھا، اور یہ دکان کے باہر پارک تھی۔ مقدمے میں الزام ہے کہ دکان کے مالک نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر عوام میں ٹریفک پولیس کے خلاف اشتعال پیدا کرنے کے لیے شیئر کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ PECA 2016 کی دفع 21(1)(d) کے تحت جرم کے زمرے میں آتا ہے، جو آن لائن ہراسانی اور جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے سے متعلق ہے۔
جبکہ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی راولپنڈی پولیس نے اس ترمیم شدہ پیکا قوانین کے تحت پہلی گرفتاری کی تھی۔ رواولپنڈی کے شہری محمد ریحان نامی کو مبینہ طور پر غیر مناسب آن لائن مواد شیئر کرنے پر گرفتار کیا گیا اور بعد میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جبکہ اس واقعہ پر پولیس کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ آزادیٔ اظہار کا مطلب غلط معلومات یا منفی پروپیگنڈے کی اجازت دینا نہیں ہے، اگر کوئی پوسٹ عوامی امن و امان کو خطرے میں ڈالے یا ریاست کو نشانہ بنائے، تو اس کے خلاف پیکا کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسی قانوں کے تحت کراچی کے صحافی فرحان ملک، جو رفتار ڈیجیٹل میڈیا کے بانی ہیں، ان کو کچھ روز قبل ایف آئی اے کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کے سیکشن 16 (شناختی معلومات کے غیر مجاز استعمال) اور سیکشن 20 (کسی فرد کی عزت کے خلاف جرائم) کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ ترمیم کے بعد شامل کیے گئے سیکشن 26-A (جھوٹی اور جعلی معلومات) اور تعزیراتِ پاکستان کے سیکشن 500 (ہتک عزت) اور 109 (اعانت) کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس گرفتاری کے خلاف مختلف صحافتی تنظیموں نے مذمت کی اور فرحان ملک کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا، صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس پیکا قانون کے تحت صحافیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ جنوری 2025 میں، وفاقی حکومت نے پیکا میں نئی ترامیم متعارف کرائیں، جن میں دفعہ 26(A) شامل ہے، جو آن لائن غلط معلومات پھیلانے کو جرم قرار دیتی ہے۔ اس شق کے تحت، ایسے افراد جو خوف یا بدامنی پھیلانے والا مواد شیئر کرتے ہیں، انہیں تین سال تک قید یا 20 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ جبکہ اس قانون کے خلاف صحافتی تنظیموں، ڈیجیٹل رائٹس ایکٹویسٹس اور انسانی حقوق اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے احتجاجی مظاہرے اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے، اس کے علاوہ مختلف بین الاقوامی اداروں نے اس پیکا قانون کو اظہار رائے کی آزادی پر وار قرار دیا اور اس کی مذمت بھی کی گئی۔
ایک اور واقعے میں ذرائع کے مطابق وانا پولیس نے پیکا ایکٹ کے تحت سیاسی وسماجی کارکن اور سابقہ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی تاج وزیر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ ان پر ایف ائی ار میں سوشل میڈیا پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تاج وزیر کے اس فعل سے علاقائی امن میں خلل پڑ رہا ہے۔