12 مارچ 2025
تحریر: عصمت اللہ نیازی
اگست 2021 میں اچانک امریکی فوجوں کے افغانستان سے انخلا، اشرف غنی حکومت کے خاتمے، اور طالبان کے چند ہی دنوں میں افغانستان کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد، پاکستان میں دہشت گردی میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ عسکری قیادت کے علاوہ عمومی تاثر یہی تھا کہ پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی کے واقعات بڑھیں گے بلکہ اس کی شدت بھی پہلے سے کہیں زیادہ ہو گی۔
اور یہی ہوا۔ آج صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ دہشت گردی کے عالمی انڈیکس پر پاکستان دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ صرف افریقہ کا ملک برکینا فاسو ہی پاکستان سے آگے ہے، جہاں دہشت گردی کی صورتحال اور بھی سنگین ہے۔ اگر دہشت گردی سے متعلق عالمی نقشہ دیکھا جائے تو صرف تین ممالک—برکینا فاسو، پاکستان، اور شام—بدترین دہشت گردی کا شکار ہیں۔ جبکہ افغانستان، جہاں کبھی دہشت گردی کا دور دورہ تھا، اب نویں نمبر پر ہے۔
گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی سے ہونے والی ہلاکتوں میں 52 فیصد کی ذمہ دار تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ہے۔ بلوچ عسکری تنظیموں نے 2024 کے دوران 504 حملے کیے، جن میں 388 افراد ہلاک ہوئے۔ گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق، 2024 کے دوران داعش اور اس سے منسلک گروہوں نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہیں۔
یہ انڈیکس آسٹریلیا میں قائم تھنک ٹینک “انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس” (IEP) تیار کرتا ہے۔ انڈیکس کے مطابق، پاکستان میں 2024 کے دوران دہشت گردی کے مجموعی طور پر 1,099 حملے ہوئے، جن میں 1,081 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں ٹی ٹی پی کے حملوں سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں 2023 کے مقابلے میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
صرف ایک سال میں دہشت گردی کے واقعات میں دوگنا اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان ہو یا بلوچ عسکری تنظیمیں، انہیں اپنی کارروائیوں کو انجام دینے میں کوئی خاص مشکل پیش نہیں آ رہی۔ سیکورٹی فورسز بلوچستان سے لے کر خیبر پختونخوا اور کراچی جیسے گنجان آباد شہروں تک دہشت گردی سے نمٹنے میں مصروف ہیں، جبکہ انہیں ملکی معیشت اور دیگر معاملات میں بھی شامل ہونا پڑ رہا ہے۔
وقت کی شدید ضرورت ہے کہ ملکی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کوئی قابل عمل حل تلاش کرے۔ صورتحال آج پھر وہیں کھڑی ہے جہاں ہم بیس سال پہلے تھے۔ اس وقت تقریباً ہر شہر میں خودکش حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں عام تھیں۔ ملکی معیشت کی بحالی اور اسے دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے امن و امان کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ چاہے ملکی سرمایہ کاری ہو یا غیر ملکی، سرمایہ کار صرف اسی صورت میں پاکستان آئیں گے جب وہ اپنا سرمایہ محفوظ سمجھیں گے۔
جس ملک میں قیادت، خواہ وہ سیاسی ہو، معاشی ہو، یا عسکری، کے درمیان سوچ میں ہم آہنگی نہ ہو، وہاں کوئی بھی منصوبہ بندی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اس وقت سیاسی قیادت، جو حکومت میں ہے، خود تضادات اور کشمکش کا شکار نظر آتی ہے۔ بڑی حکومتی جماعت کو کابینہ میں اضافہ اور وزارتوں میں رد و بدل کرنا پڑ رہا ہے تاکہ اتحادی جماعتیں خوش رہیں۔ اپوزیشن پارٹی کا بانی جیل میں ہے، اور اس کی پارٹی اسے رہا کروانے کے لیے لانگ مارچ، دھرنوں، اور ہڑتالوں میں مصروف ہے۔ لیکن کیا امن و امان اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو نظر انداز کر کے معیشت کو بحال کرنے کا خواب کبھی پورا ہو سکتا ہے؟
یقیناً اس کا جواب نفی میں ہے۔ جس انداز میں حکومت چل رہی ہے اور دہشت گردی جیسے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پالیسی کی عدم موجودگی میں، نہ صرف دہشت گردی اور انتہا پسندی میں اضافہ ہو گا بلکہ یہ ناسور ناقابل علاج ہوتا چلا جائے گا۔
بنوں چھاؤنی پر دہشت گرد تنظیم کے حالیہ حملے اور قیمتی جانوں کے ضیاع نے ثابت کر دیا ہے کہ ان دہشت گرد گروپوں کی شہروں تک رسائی مشکل نہیں رہی۔ جس انداز میں بارود سے بھری دو گاڑیوں کو افطار کے وقت چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرایا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ گروپ بلا روک ٹوک اہم تنصیبات تک پہنچنے اور انہیں نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے میں چار خودکش حملہ آوروں سمیت 16 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ ایک قدیم چھاؤنی پر کیا گیا، جو اب گنجان آبادی میں واقع ہے۔ 16 دہشت گرد اور بارود سے بھری گاڑیاں آسانی سے پہنچ گئیں، اور ان کی منصوبہ بندی افغانستان میں بیٹھ کر کی گئی۔ شواہد سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کا استعمال ہوا۔ اس کارروائی میں پانچ سیکیورٹی اہلکار اور 13 عام شہریوں سمیت 18 افراد جانبحق ہوئے۔
بنوں کے علاوہ، جنوبی اضلاع میں اکثر حملوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ لیکن 4 مارچ کے حملے کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی ہے۔ ماضی میں اس گروپ کی کارروائیاں شمالی وزیرستان تک محدود تھیں، لیکن سینئر صحافی طاہر خان کے مطابق، اب یہ گروپ اپنی کارروائیاں وزیرستان سے نکل کر بڑے شہروں تک پھیلا چکا ہے۔
چاہے یہ دہشت گرد افغانستان سے ہوں، تحریک طالبان پاکستان سے ہوں، یا حافظ گل بہادر جیسے گروپس، وہ پاکستان میں کارروائیوں کے لیے اپنے اندرونی اختلافات بھی بھلا دیتے ہیں۔ دہشت گردی پر گہری نظر رکھنے والے سینئر صحافی سمیع اللہ ٹیپو محسود کے مطابق، ٹی ٹی پی اور حافظ گل بہادر گروپس نے مل کر پاکستان میں کارروائیاں کی ہیں، حالانکہ ان کے درمیان اختلافات بھی رہے ہیں۔ ان کے مطابق، بنوں کو بار بار اس لیے نشانہ بنایا جاتا ہے کیونکہ یہاں دہشت گردوں کے سلیپر سیل موجود ہیں، اور شہر ہمیشہ آسان ہدف رہا ہے۔ میں خود بھی جانتا ہوں کہ تحریک طالبان کے عروج کے دور (2007 سے 2009) میں بنوں شہر میں طالبان کی موجودگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی۔ وہ شہر کے اندر اپنی عدالتیں لگاتے تھے اور مقامی لوگوں کے جرگے کے ذریعے مسائل حل کرتے تھے۔ اور آج بھی ان کی شہر میں موجودگی سے کون انکار کر سکتا ہے؟
شدت پسندی اور دہشت گردی کی تازہ لہر میں طالبان تحریک کا محور مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک بھی نہ بچ سکا۔ گزشتہ جمعہ کو ہونے والے خودکش حملے میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ اور مدرسے کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق سمیت چھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ اگرچہ کسی نے مدرسہ حقانیہ پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، لیکن یہ مدرسہ تحریک طالبان، خواہ وہ پاکستان سے ہوں یا افغانستان سے، کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ مدرسہ حقانیہ سیاسی اور عسکری سطح پر اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، اور کئی اہم طالبان راہنما اس سے فارغ التحصیل ہیں، جن میں حقانی نیٹ ورک کے سرکردہ لیڈر بھی شامل ہیں۔
انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی اور بلوچ عسکریت پسندوں سے درپیش دوہرے خطرات کے باعث پاکستان کو کئی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جنہیں حل کرنے کے لیے فوجی، سیاسی، سماجی، اور اقتصادی شعبوں میں جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ دہشت گردی سے مستقل نمٹنے کے لیے ایک مربوط پالیسی پارلیمنٹ کی منظوری سے بنائی جائے۔ اس پر چاہے کسی بھی جماعت کی حکومت ہو، بغیر کسی تبدیلی اور لچک کے عمل درآمد کیا جائے، تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔ سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق، پاکستان میں گورننس کے مسائل گمبھیر ہیں۔ سیاسی اور مذہبی اختلافات گہرے ہیں، اور ملک ایک ٹرانزیشنل دور سے گزر رہا ہے۔ تاہم، عراق اور شام جیسے ممالک نے ٹرانزیشنل دور کے باوجود 75 فیصد تک بہتر کارکردگی دکھائی اور دہشت گردی پر قابو پایا۔ جبکہ پاکستان میں حالات بہتری کے بجائے ابتری کا شکار ہیں۔ کوئٹہ سے پشاور جانی والی ٹرین جعفر ایکسپریس کے اغوا اور عورتوں اور بچوں سمیت مسافروں کی بڑی تعداد کو یرغمال بنائے جانے نے ثابت کر دیا ہے کہ معاملات سنجیدہ فیصلوں کے متقاضی ہیں۔